ساہیوال(پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے نائب امیر سید عطاءاللہ شاہ ثالث بخاری نے کہا ہے کہ حزب اقتدار اور حزب اختلاف نے مل کر سینٹ میں جو بل پاس کیا ہے اس سے وطن عزیز مکمل طور پر عالمی طاقتوں اور عالمی مالیاتی اداروں کے زیر اثر اور زیر نگر ہو کر رہ گیا ہے۔مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ سے چیچہ وطنی میں ملاقات اور ضروری تنظیمی مشاورت کے بعد انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بھٹو مرحوم نے کہا تھا کہ”قادیانی پاکستان میں وہی مرتبہ حاصل کرنا چاہتے ہیں جو یہودیوں کو امریکہ میں حاصل ہے یعنی ہماری ہر پالیسی قادیانیوں کی مرضی کے مطابق چلے” سید عطاء اللہ شاہ بخاری نے کہا کہ یہ خطہ اسلام کے نفاذ کے نام پر حاصل کیا گیا تھا لیکن شروع دن سے ہی قادیانیوں سمیت استعماری آلہ کاروں کو نوازا گیا جس کے بھیانک اثرات پوری قوم بھگت رہی ہے چھٹکارے کا ایک ہی راستہ ہے کہ ہم اپنی اصل یعنی آسمانی تعلیمات کی طرف رجوع کر لیں اور سودی معیشت سے جان چھڑا لیں تو سب کچھ ٹھیک ہو سکتا ہے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے سینٹ میں جو کچھ کیا ہے وہ موجودہ جمہوری تماشے کا شاخسانہ ہے مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ تازہ ترین سیاسی صورتحال کے حوالے سے مجلس احرار اسلام نیکی کے ہر کام کی تائید اور برائی کے ہر کام کی مذمت و مزاحمت جاری رکھے گی انہوں نے کہا کہ تحریک ختم نبوت 1953ء کے دس ہزار شہداء ختم نبوت کی یاد میں فروری اور مارچ میں ملک گیر سطح پر ختم نبوت کانفرنسز کا اہتمام کیا جائے گا جن میں قادیانی ریشہ دوانیوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔انہوں نے احرار کی جملہ ماتحت شاخوں کو ہدایت کی کہ وہ جدید رکنیت و معاونت سازی کی مہم کو تیزی سے مکمل کریں۔علاوہ ازیں مجلس احرار اسلام ساہیوال کے ضلعی سیکرٹری جنرل حافظ اسامہ عزیر نے چیچہ وطنی میں عبداللطیف خالد چیمہ سے ملاقات کر کے علاقائی سرگرمیوں کو منظم کرنے کے لیے ہدایات لیں۔