لاہور(پ ر) متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان نے اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے کہ پاکستانی نژاد امریکیوں نے اسرائیل کا خفیہ دورہ کیا اور ہمارے دفتر خارجہ کا یہ کہنا کہ دورہ سرکاری نہیں تھا بلکہ این جی او کا تھا ”عذر گناہ بدتر از گناہ ہے“ کے مترادف ہے حکومت صہیونی صدر سے ملنے والے وفد کے اصل مقاصد قوم پر واضح کرے ورگرنہ ہم یہ سمجھنے پر مجبور ہوں گے کہ حکومت بیک ڈور ڈیپلو میسی کے ذریعے اسرائیل سے تعلقات استوار کرنے جارہی ہے۔ متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنوینر عبداللطیف خالد چیمہ نے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین پر فلسطینی مؤقف سے ہٹ کر کوئی دوسری رائے قائم کرنا یہودیت نوازی ہے۔ عبداللطیف خالد چیمہ نے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیلی فوج میں مدتوں سے بڑی تعداد میں قادیانی شامل ہیں جو یہودی مفادات کے لیے مسلمانوں کے مفادات کو ذبح کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست سے ہٹ کر اس مسئلہ کو امت مسلمہ کے مسئلہ کے طور پر لینا چاہیے اور ماضی سے لے کر اب تک اس حوالے سے جو کچھ بھی ہوا ہے موجودہ حکومت اس کو منظر عام پر لانے کے لیے اخلاقی طور پر پابند ہے۔