لاہور(پ ر) تحفظ ختم نبوت ،ملکی دفاع اورسلامتی لازم وملزوم ہیں ۔قوم میں ہم آہنگی اور اتحادویکجہتی کے لیے سید عطاء اللہ بخاری ؒ کا کردار زندہ کرنے کی ضرورت ہے ۔9مارچ کو ایوان اقبال لاہور میں امیر شریعت کانفرنس دینی قوتوں کے اتحادکی طرف پیش رفت کا سبب بنے گی ۔ان خیالات کا اظہار مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب امیرسید محمد کفیل بخاری نے کیا۔وہ گزشتہ روزایوان احرارلاہور میں امیر شریعت کانفرنس کے انتظامات کے سلسلہ میں منعقدہ رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔اجلاس میں رابطہ کمیٹی کے سربراہ میاں محمداویس ،قاری محمد قاسم،مولانافیصل متین،مولانامحمداکمل، مہراظہرحسین وینس، سیدمحمد سلیم شاہ،مولانامحمد سرفررازمعاویہ،مولانا عتیق الرحمن علوی کے علاوہ دیگرارکان نے بھی شرکت کی ۔ سید محمد کفیل بخاری نے کہاکہ ملک انتہائی نازک دور سے گزررہاہے۔ اداروں میں تصادم اورسیاسی انتشار سے ملک عدم استحکام سے دوچار ہوگا۔ مسائل کا حل محاذ آرائی نہیں ،قومی اتحاد ہے۔ ملکی استحکام و ترقی کے لیے سیاسی نظام کی مضبوطی ضروری ہے ۔ انھوں نے کہا کہ سید عطاء اللہ شاہ بخاری اور ان کے رفقاء نے تحریک آزادی اور تحریک تحفظ ختم نبوت میں عظیم الشان خدمات انجام دیں،ہمارے اسلاف نے خلوص کے ساتھ جدوجہدکی اور دونوں محاذوں پر کامیابی حاصل کی ،ملک آزادہواور تحریک ختم نبوت کامیاب ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی سید عطاء اللہ شاہ بخاری کے جذبے کوبیدارکر نے کی ضروت ہے ۔سید محمدکفیل بخاری نے کہا کہ 9مارچ کی امیر شریعت کانفر نس کے انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔کانفر نس سے قائداحرار سید عطاء المہیمن بخاری ،قائدجمعیت مولانا فضل الرحمن،مولانازاہدالراشدی ،مولانا خواجہ عزیزاحمد، مولانامحمداحمد لدھیا نوی ،مولانامجاہدالحسینی ،پروفیسر خالد شبیر احمد ،مولانا شاہ محمد اویس نورانی ،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، حافظ عاکف سعید ،ڈاکٹر سعید عنایت اللہ ،ڈاکٹراحمدعلی سر اج ، علامہ سید محمد ضیاء اللہ شاہ بخاری ،علامہ زبیر احمد ظہیر ،مولانا اللہ وسایا،قمرالزمان کائرہ ،حافظ میاں محمد نعمان،ڈاکٹر میاں محمد اجمل قادری، مولاناعبدالرؤف فاروقی ،چودھری پرویز الہٰی اور دیگر قومی وسیاسی رہنماخطاب کریں گے ۔جبکہ مجلس احراراسلام کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ مزید مختلف دینی وسیاسی شخصیات سے رابطے کررہے ہیں، محسن پاکستان ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے اپنی نجی مصروفیات کی بنا پر کانفرنس میں شرکت سے معذرت کرتے ہوئے عبداللطیف خالد چیمہ کو فون پر کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت تمام مسلمانوں کے ایمان کی اساس ہے انہوں نے کہا سید عطاء اللہ شاہ بخاری کی شخصیت وکردار ہم سب کیلئے مشعل راہ ہے ،ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ میں کانفرنس میں تو نہیں پہنچ سکتا لیکن کانفرنس کے شرکاء کو اپنا تحریری پیغام ارسال کردوں گا۔ علاوہ ازیں مبلغ ختم نبوت مولانامحمدسرفرازمعاویہ نے ضلع لاہور کی مختلف مساجد ومدارس کادورہ کیااور علماء کرام ،خطباء عظام سے ملاقاتیں کیں اور امیر شریعت کانفرنس کے دعوت نامے دیئے تمام علماء کرام نے کانفرنس کی کامیابی کی دعائیں کیں،مولانامحمدسرفرازمعاویہ نے بتی چوک کے مدرسہ جامعہ حمیدیہ کے ناظم اعلیٰ قاری عتیق الرحمن ،جامعہ الازہر اور مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام سے ملاقات کی ۔تمام علماء ومشائخ نے امیرشریعت کی شخصیت وکردار کاتذکرہ اشاندار الفاظ میں کیااور کانفرنس میں اپنی بھرپور شرکت کا یقین دلایا۔