لاہور (پ ر)مجلس احرار اسلام پاکستان کے نائب امیر عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ احرار وفاقی شرعی عدالت کے سود کے خلاف فیصلے کے حوالے سے تحریک انسداد سود پاکستان کے مطالبات کی حمایت جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے اس مسئلہ پر ٹاسک فورس کا تحفظات کے ساتھ خیر مقدم کرتے ہیں لیکن اس کے لیے عملی اقدامات اگر اٹھائے جائیں گے تو ٹھیک ورنہ ہمارے تحفظات بھی ساتھ ساتھ باقی رہیں گے۔ ضلع گجرات اور لاہور کے دور دوزہ دورے سے چیچہ وطنی واپسی سے قبل انہوں نے مجلس احرار اسلام پاکستان کے سینئر رہنماء ملک محمد یوسف، حاجی عبدالکریم قمر اور ڈاکٹر محمد آصف سے مرکزی دفتر احرار نیو مسلم ٹاؤن لاہور میں ضروری غیر رسمی مشاورت کے بعد اپنے بیانات میں کہا کہ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے خلاف جو اپیلیں سپریم کورٹ میں گئی ہیں وہ چودہ اگست سے قبل واپسی لے لی جائیں ورنہ دینی قوتیں عوامی تحریک منظم کریں گی اور رائے عامہ کو ملک بھر میں بیدار کیا جائے گا اور اس لائحہ عمل کا اعلان تحریک انسداد سود کے پلیٹ فارم سے ستمبر کے آخری عشرے میں لاہور میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ اس مسئلہ پر بیداری کا مظاہرہ کریں اور اللہ اور اللہ کے رسولﷺ کے خلاف حالت جنگ سے نکلنے کے لیے دینی قوتوں کا ساتھ دیں۔