لاہور (پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان اور تحریک تحفظ ختم نبوت نے آزاد کشمیر اسمبلی میں حضرت محمدﷺ کے اسم مبارک کے ساتھ ”خاتم النبیین“ لازمی لکھنے،بولنے اورپکارنے سے متعلق قرار داد کی منظوری کا پر جوش خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب اور سندھ اسمبلی کی طرح آزاد کشمیر اسمبلی کا یہ قدم انتہائی خوشی کی بات ہے، مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر سید عطاء المہیمن بخاری،نائب امیر پروفیسر خالد شبیر احمد، سید محمد کفیل بخاری،سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ،ڈپٹی سیکر ٹری جنرل میا ں محمد اویس، سید عطاء اللہ بخاری ثالث اورمولانا تنویر الحسن احرار نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ جناب نبی کریم ﷺ کے اسم مبارک کے ساتھ خاتم النبیین سیدنا محمدرسول اللہ ﷺ لکھنا پڑھنا اور پکارنا لازمی قراردے کر امت مسلمہ کے متفقہ ایمان و عقیدے کی ترجمانی کی ہے۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کی قیادت نے اس مبارک عمل کو تحریک ختم نبوت کی کامیابی سے تعبیر کیا ہے اور کہا ہے کہ پوری دنیا کے مسلمانوں کا یہ عقیدہ ہے کہ جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم آخری نبی و رسول ہیں اور انکے بعد دعوی نبوت کرنے والا ہر مدعی دائرۂ اسلام سے خارج اور مرتد ہے،مجلس احر ار اسلام پاکستان نے پورے ایوان کو دل کی گہرایوں سے مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ اس قرار داد کے طفیل ان سب کی دنیا و آخرت سنور جائے گی اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کی جد وجہد جاری رہے گی۔