لاہور (پ ر) مجلس احرا راسلام پاکستان کے رہنماؤں نے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام، خطباء عظام اور ائمہ مساجد سے اپیل کی ہے کہ 13اگست(آج) کے جمعۃالمبارک کے خطبات میں عوام کو آزادی کے صحیح مفہوم سے آگاہ کریں۔مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیا گیا یہ خطہ ہم سے پکار پکار کر پوچھ رہا ہے کہ حکومت الٰہیہ کا نفاذ کب ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ طویل قربانیوں کے کے بعد یہ وطن عزیز ہمیں حاصل ہوا اور 71برس بعد بھی ہم اس میں قرآن پاک کا قانون نافذ نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ 14اگست ہمارے لیے آزادی اور خوشی کا دن ہے، ہمیں چاہیے کہ اس دن ہم اپنے اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہوں تا کہ آزادی کی نعمت کا صحیح معنوں میں شکرانہ ادا ہوسکے اور اپنے شہدا کے لیے زیادہ سے زیادہ قرآن مجیدکی تلاوت کر کے ایصال ثواب کریں۔ انہوں نے کہا کہ دس محرم الحرام تک عشرہ فاروق وحسینؓ جاری و ساری رہے گا اور دس محرم الحرام کو ہم قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے مجالس ذکر حسین برپا کریں گے اور تاریخی مغالطوں کا جواب بھی دیں گے جب کہ لنگر حسینی بھی تقسیم ہوگا۔