تازہ ترین خبریں
آپ کو مجلس احرار کیسی لگی؟

بدامنی، دہشت گردی، معاشی عدم استحکام اور ریاستی اداروں میں تصادم آئین سے انحراف کا نتیجہ ہے: سید محمد کفیل بخاری

ملتان (پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے کہا ہے کہ جب تک قیام پاکستان کے مقاصد کو پورا نہیں کیا جاتا اس وقت تک آزادی کا مفہوم مکمل نہیں ہوتا۔ وہ آج مرکز احرار دار بنی ہاشم میں جشن آزادی کے موقع پر منعقد تقریب پرچم کشائی کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے ستّرواں یوم آزادی جوش وخروش سے منایا اور وطن عزیز پاکستان کے ساتھ انہی لازوال محبت کا اظہار کیا۔ قومی وحدت ریاست کے استحکام وترقی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں نے حلف کی پاسداری نہیں کی۔ اگر حکمران ملک کے آئین اور حلف کی پاسداری کرتے تو آج ملک کا یہ حال نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بدامنی، دہشت گردی، معاشی عدم استحکام اور ریاستی اداروں میں تصادم آئین اور حلف سے انحراف کا نتیجہ ہے۔ پاکستان مسلمانوں کو اللہ تعالیٰ کا عظیم تحفہ ہے۔ بابائے قوم، پاکستان کوعظیم اسلامی ریاست بنانا چاہتے تھے۔ پاکستان کا آئین بھی ہمیں اسی مقصد کی تکمیل کا پابند کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کا مطالبہ ہے کہ حکمران، قراردادِ مقاصد پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کو صحیح معنوں میں ایک مکمل اسلامی ریاست بنائیں۔ تقریب پرچم کشائی سے مولانا محمد اکمل، سید عطاء المنان بخاری اور فرحان الحق حقانی نے بھی خطاب کیا۔ آحر میں ملک کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Time limit is exhausted. Please reload the CAPTCHA.