الیکشن ترمیم سے ختم نبوت کا حلف نامہ نکالنا قادیانی سازش ہے: عبداللطیف خالد چیمہ
چیچہ وطنی ( ) متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے مرکزی کنوینر اور مجلس احرارا سلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہاہے کہ انتخابی اصلاحات کی آڑ میں سینٹ آف پاکستان کے بعد قومی اسمبلی میں انتخابی اُمیدوار کے لیے آئین میں پہلے سے موجود حلف نامے کی عبارت اوتھ (حلف)کو اقرار نامے سے تبدیل کردیا گیاہے،یہ سب کچھ ایک بل کے ذریعے ہوا، جس سے پورے ملک بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے وہ گزشتہ روز چیچہ وطنی پریس کلب میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے،انہوں نے کہاکہ ہم اس لفظی فرق کے مضر اثرات کو خوب سمجھتے ہیں اور حکمرانوں کی قادیانیت نوازی کی تاریخ کو بھی جانتے ہیں، یہ مسئلہ آئینِ پاکستان میں طے شدہ ہے لیکن قادیانی چور دروازے سے مسلمانوں کی صفوں میں شامل ہونے کی کوشش میں لگے رہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آئی اے رحمن نے چند پیشتر یہ مطالبہ کیا تھاکہ انتخابی اُمید وار کے لیے عقیدۂ ختم نبوت والا حلف نامہ ختم کیا جائے ،انہو ں نے کہاکہ حکمرانوں کی اس حوالے سے نیت خراب ہے اور اگر اُنہیں ڈرہے کہ وہ آئین کی دفعہ 62/63 میں پھنس نہ جائیں اور اتنے انتظامات کئے جارہے ہیں کہ ایک نااہل شخص کو بچا لیا جائے لیکن اُمت کے چودہ سو سالہ متفق علیہ عقیدے اور پاکستان کے دشمنوں پر قد غن ختم ہو جائے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ایک ٹیکنیکل معاملہ ہے اور اس سے قادیانیوں کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے ،پہلے اُمید وار حلف دیتا تھا اور حلف کا آغاز ان الفاظ سے ہوتا تھا کہ ’’ میں صدق دل سے قسم کھاتا ہوں ‘‘حکومت نے ان الفاظ کو ختم کر دیا اور ختم نبوت پر یقین کا پیرا موجود رہنے دیا ،حلف نامے کو اقرار نامے میں تبدیل کردیا ،یہ تبدیلی بظاہر معمولی لگتی ہے ،لیکن دور س مضراثرات کے حوالے سے آئین ،عقیدۂ ختم نبوت اور پاکستان کے خلاف ایک طویل دورانیے والی ایک بڑی خطرناک سازش کا حصہ ہے ، انہوں نے بتایا کہ متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان نے تمام مکاتب فکر کے رہنماؤں سے رابطے شروع کردئیے ہیں اور اس سلسلہ میں آئندہ چند روز میں لاہور میں مشترکہ اجلاس طلب کیا جا رہاہے ۔