تازہ ترین خبریں
آپ کو مجلس احرار کیسی لگی؟

اخبارختم نبوت

ڈرون حملے پاکستانی سلامتی پر حملے ہیں:متحدہ سنی محاذپاکستان
(لاہور،02؍جون)متحدہ سنی محاذ پاکستان نے دفاع پاکستان کونسل کو فعال کرنے کاخیر مقدم کرتے ہوئے،تائیدوحمایت کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ مذہبی وسیاسی جماعتوں کی طرف سے ڈرون حملوں کے خلاف ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان نہ صرف وقت کی ضرورت ہے بلکہ یہ ملک کی نظریاتی اساس اور جغرافیائی سرحدوں کے دفاع کے لئے بھی ازحد ضروری ہے ،متحدہ سنی محاذ پاکستان کے کنونیرمولانا عبدالرؤف فاروقی اور اساسی ارکان مولانا زاہدالراشدی اور عبداللطیف خالد چیمہ نے دفاع پاکستان کونسل کے احیاء اور ان کے ابتدائی اعلامیے کا خیر مقدم کرتے ہوئے دفاع پاکستان کونسل کے رہنماؤں کے مؤقف کی تائیدوحمایت اور تعاون کااعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ ملک کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کے دفاع کے لئے تمام محب وطن دینی وسیاسی قوتیں ایک پلیٹ فارم پر اکھٹی ہوجائیں ،مولانا عبدالرؤف فاروقی نے کہا کہ امریکی استعمار اور عالمی ایجنڈے کی راہ میں ہر ممکن رکاوٹ ڈال کر پاکستان میں قیام امن ممکن ہے ،عالمی طاقتوں کو ہمارے خطے میں کسی قسم کی مداخلت کا کوئی حق حاصل نہیں ،مولانا زاہدالراشدی نے کہا کہ امریکی ڈرون حملے ہماری سلامتی پرحملے ہیں ،انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ڈرون حملوں کے حوالے سے جو مؤقف اختیار کیا ہے ،پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔ تاکہ ہماری سلامتی یقینی ہوسکے ،عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل کو مستقل بنیادوں پر مؤثر وفعال کرنے کی ضرورت ہے ،انہوں نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت ؐاورتحفظ ختم نبوت سمیت آئین کی اسلامی دفعات کے تحفظ کا ایجنڈا بھی دفاع پاکستان کو نسل کی ترجیحات میں شامل ہونا چاہئے۔
عقیدۂ ختم نبوت مسلمان کی پہچان ہے:مجلس تحفظ ختم نبوت
لاہور (نمائندہ خصوصی)عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت رابطہ کمیٹی کا اجلاس مولانا قاری جمیل الرحمان کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے سیکرٹری اطلاعات مولانا عزیزالرحمن ثانی،مولانا عبدالشکور حقانی، مولانا قاری علیم الدین شاکر اوردیگرنے شرکت کی ۔ا جلاس میں قادیانیوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ قادیانیوں کو آئین اور قانون کا پابند بنائے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت ہرمسلمان کی پہچان ہے ۔ تحفظ ناموس رسالت قانون میں تبدیلی ہرگزبرداشت نہیں کریں گے ۔ ناموس رسالت قانون کیخلاف یہودی و قادیانی لابی سازشوں میں مصروف عمل ہے ۔علماء کرام نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ جذبہ ایمانی کو مدنظر رکھتے ہوئے قادیانیوں اور ان کی مصنوعات کا بائیکاٹ کر کے اﷲ کی خوشنودی حاصل کریں۔
http://dailypakistan.com.pk/metropolitan1/06-Jun-2016/393330
قادیانیوں کیخلاف تحریک سیاستدانوں نے نہیں‘ علما نے چلائی تھی
(لاہور،12؍جون)اداکارحمزہ عباسی کے قادیانیوں کے متعلق خیالات کے حوالے سے “آئی پی اے ” سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علماء پاکستان (نوارنی)کے سیکرٹری جنرل قاری زواربہادر نے کہا کہ طے شدہ امور کو جان بوجھ کر چھیڑا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قادیانیت کے خلاف تحریک سیاسی لوگوں نے نہیں بلکہ علماء کرام نے چلائی تھی اور تمام مسالک کے جیدعلماء اس پر متفق تھے اور ہیں کہ قادیانی جوکہ ختم نبوت کے منکر ہیں، وہ مسلمان نہیں کہلاسکتے ۔انہوں نے کہا کہ چند مفاد پرست مغرب کو خوش کرنے کے لیے ایسی باتیں کرتے رہتے ہیں۔جمعیت علماء اسلام (ف)کے مرکزی رہنما مولانا امجد خان نے کہا کہ لبرل اس ملک کی اسلامی اساس پر حملہ آور ہیں اور اسلامی اقدار کو ختم کرنے کے درپے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایسے عناصرکو بیرونی ممالک سے فنڈنگ کی جاتی ہے ۔ جماعت اسلامی پاکستان کے رہنمامیاں مقصود احمد نے حمزہ عباسی کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ علماء کرام نے قربانیاں دے کر یہ قانون منظور کرایا تھا اور ہم اس کی حفاظت کے لیے جانیں لڑا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ توہین رسالت اور قادیانیوں کے خلاف قانونی سازی اس وقت کے جیدعلماء کرام کے متفقہ فتویٰ پر ہوئی تھی۔ لہٰذا اس نازک مسئلہ کو نہ ہی چھیڑا جائے تو اچھا ہے ۔یہ ملک کی اکثریت کا فیصلہ ہے جسے ایک چھوٹی سی اقلیت تبدیل نہیں کراسکتی۔ انہوں نے کہا کہ میں حمزہ عباسی کو چیلنج کرتا ہوں کہ اس مسئلہ پر ریفرنڈم کراکے دیکھیں لیں۔ پاکستان کے عوام توہین رسالت اور قادیانیوں کوغیرمسلم قراردینے والے قوانین کوبچانے کے لیے اپنی جانیں قربان کردیں گے مگر کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ اس میں ردوبدل کرئے ۔انہوں نے مزیدکہا کہ حکومت کس بنیاد پر اجازت دیتی ہے کہ دینی معاملات پر اداکار اور اداکارائیں ٹی وی پروگرام کریں۔انہوں نے ایسے علما ء کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا جو اِن پروگراموں میں بطور مہمان شرکت کرتے ہیں۔
http://qudrat.com.pk/pakistan/12-Jun-2016/102753
قادیانی مسئلہ پر مجلس احرارکی تائید کرتے ہیں:ڈاکٹرعتیق الرحمن
(ساہیوال،15؍جون)جمعیت علماء اسلام پنجاب کے امیر ڈاکٹر عتیق الرحمن نے راولپنڈی اور صوبائی جنرل سیکرٹری مفتی سید مظہر اسعدی نے سعودی عرب سے اپنے بیان میں نے کہا ہے کہ قادیانی مسئلہ ایک آئینی اور قانونی مسئلہ ہے۔ امت مسلمہ اس اہم بنیادی مسئلہ پر متفق و متحد ہے جو لوگ اس بارے ہرزہ سرائی کر رہے ہیں، وہ دین دشمنی کے ساتھ ساتھ ملک و قوم کے بھی غدار ہیں۔ اگر مسلم لیگی حکمران ملک و قوم کے وفادار ہیں تو حمزہ عباسی جیسے غداروں اور دیگر دین دشمن اور ملکی سا لمیت اور آئینی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔ انہوں نے قادیانیوں سے متعلق مجلس احرار اسلام کے مطالبہ کی تائید و حمائت کرتے ہوئے اسے پوری قوم کا مطالبہ قرار دیا ۔
ڈائریکٹر’’آج‘‘ چینل سے جے یو آئی اورختم نبوت کے وفدکی ملاقات
(کراچی،15؍جون)جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان کی قیادت میں جے یو آئی اور عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنماؤں کے وفد نے ’’آج‘‘ نیوز چینل کے ڈپٹی ڈائریکٹر احمد زبیری سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور’’ آج‘‘ نیوز چینل کے اینکر پرسن حمزہ علی عباسی کے ٹاک شو میں عقیدہ ختم نبوت کے متفقہ قانون کے خلاف ہرزہ سرائی سے پیداشدہ سنگین صورتحال اور مسلمانوں کے جذبات سے انہیں آگاہ کر تے ہوئے قاری محمد عثمان نے واضح کیا کہ متعلقہ پروگرام کو بند کر کے حمزہ عباسی کے خلاف نہ صرف اداراتی کاروائی کی جائے بلکہ انہیں ’’آج‘‘ نیوز چینل سے فارغ کیا جائے ،ورنہ کوئی دوسری صورت قابل قبول نہیں ہوگی․․ احمد زبیری نے معذرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہ ادارے کی پالسی ہے اور نہ ہمارے ادارے میں اسلام ،پاکستان اور نظریہ پاکستان کے خلاف کسی کو بولنے کی اجازت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کا دفاع ہم سب کا دینی فریضہ ہے۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ دودِن میں اپنے بڑوں سے مشاورت کے بعد اگلی میٹنگ تک اس سنگین نوعیت کے مسئلے کا حل نکالیں گے وفد میں محمد انور رانا ،قاضی احسان احمد، فاروق سید اور جمال خان کاکڑ بھی موجود تھے ۔
(روزنامہ’’امت‘‘،کراچی۔16؍جون2016)
آزادکشمیر:سابق قادیانی خاندانوں میں فوڈپیکج کی تقسیم
(ڈڈیال،17؍جون۔ ایم مقصود کشمیری سے )تحریک تحفظ ختم نبوت آزادکشمیر کے زیر اہتمام آزادویلفیئر ٹرسٹ کے تعاون سے آزادکشمیر ضلع کوٹلی کے سرحدی علاقہ گوئی کے نومسلم خاندانوں کے لیے رمضان فوڈ پیکچ تقسیم کیا گیا فوڈ پیکچ میں بنیادی ضرویات کی دس اشیاء شامل تھیں جو ایک فیملی کے لیے دو ہفتے کا راشن تھا۔ اس موقع پر نومسلم خاندانوں ڈاکٹر امین ، محمد ریاض ودیگر عوام علاقہ ،سیاسی و سماجی راہنماؤں ، علمائے کرام کا آزادویلفیئر ٹرسٹ ڈیوز بری کی پوری ٹیم بالخصوص ٹرسٹ کے چئیرمین حاجی یٰسین آزاد کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔واضح رہے گوئی میں گزشتہ دو سال میں قادیانیت سے تائب ہو کر 14 خاندانوں کے 100 سے زائد افراد نے اسلام قبول کیا ۔
پیمرا:قادیانیوں کے حمایتی حمزہ علی عباسی کے پروگرام پر پابندی
کلمۂ حق کہنے والے چینل اورعلامہ کوکب بھی زد میں آگئے
اسلام آباد(اوصاف ویب ڈیسک)پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے اداکار حمزہ علی عباسی اور اینکر شبیر ابوطالب کو رمضان ٹرانسمیشن کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے ۔یاد رہے کہ حمزہ علی عباسی نے رمضان ٹرانسمیشن کے دوران قادیانیوں کے مسئلے پر 1974 کے پارلیمنٹ کے فیصلے کے خلاف گفتگو کی تھی۔ جس کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔بعد ازاں’’ نیوز وَن ‘‘ٹی وی پر رمضان شو کے دوران میزبان شبیر ابو طالب نے حمزہ علی عباسی کے مؤقف پر علامہ کوکب نورانی سے رائے لی، جنہوں نے حمزہ علی عباسی کو شدیدتنقید کا نشانہ بنایا۔پیمرا کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں ’’آج‘‘ نیوز کے پروگرام ’’رمضان ہمارا ایمان‘‘ کے میزبان حمزہ علی عباسی،، ٹی وی ون کے پروگرام ’’عشق رمضان‘‘ کے میزبان شبیر ابو طالب اور شریک میزبان کوکب نورانی اوکاڑوی کے خلاف عوام کی شکایات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پیمرا کی ہدایات کے باوجود، ٹی وی چینلز مالکان، میزبان اور اُن کے شرکاء نے غیر سنجیدگی اور غیر ذمہ داری کی تمام حدود کو پامال کیا اور پارلیمنٹ کے متفقہ فیصلوں پر بے موقع گفتگوکی۔ جب کہ اس کے جواب میں ایسی بات کرنے والوں کے خلاف عدالت لگا کر قتل و غارت کے فتوے نشر کیے گئے ۔
پیمرا کے مطابق عوام کی جانب سے ان شکایات میں رمضان نشریات کی آڑ میں صرف ریٹنگ کے لیے مبارک مہینے کے تقدس کو پامال کیے جانے اور متنازع ، فرقہ وارانہ اور متشددانہ گفتگو کے نشر ہونے پر سخت غم و غصے کا اظہار کیا گیا ہے ۔پیمرا کا کہنا ہے کہ صورتحال کو مزید خراب ہونے سے بچانے کیلئے اور ناظرین کی دل آزاری اور شکایات کے پیش نظر پیمرا آرڈیننس 2002 کے سیکشن 27 کے تحت ٹی وی ون کے پروگرام ’عشق رمضان ‘کے میزبان شبیر ابو طالب اور آج نیوز کے پروگرام ’رمضان ہمارا ایمان‘ کے میزبان حمزہ علی عباسی پر فوری طور پر پابندی لگادی دی گئی ہے ۔پیمرا کا مزید کہنا تھا کہ اگر فیصلے پر عمل درآمد نہیں کرایا گیا تومذکورہ ٹی وی چینل کی نشریات بند کردی جائیں گی۔
پیمرا نے نوٹیفیکیشن میں مزید کہا ہے کہ مذکورہ چینلز شکایات کونسل کے فیصلے تک اپنی رمضان ٹرانسمیشن کسی اور میزبان کے ساتھ، پیمرا کے ضابطہ اخلاق کے مطابق چلا سکتے ہیں۔
(روزنامہ’’اوصاف‘‘،اسلام آباد۔18؍جون2016)

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Time limit is exhausted. Please reload the CAPTCHA.