ختم نبوت کمیٹی :ممتازقادریؒکی پھانسی کیخلاف ملک گیر یومِ احتجاج
(لاہور 4مارچ)متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے زیر اہتمام بھی گزشتہ روز ملک بھرمیں ’’یوم احتجاج‘‘ منایا گیا اور شہید ناموس رسالت غازی ممتاز حسین قادری کو زبر دست انداز میں خراج عقیدت پیش کیا گیا ، قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری ، پاکستان شریعت کونسل کے سیکرٹری جنرل مولانا زاہدالراشدی ، مولانا عبدالرؤف فاروقی ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ،مولانا محمد الیاس چنیوٹی ، قاری محمد رفیق وجھوی ،سردار محمد خان لغاری ، رانا محمد شفیق خان پسروری ، مرزا محمد ایوب بیگ ، سید محمد کفیل بخاری ، قاری محمد یوسف احرار ،محمد متین خالد ،قاری محمد زوار بہادر اور کئی دیگر رہنماؤں نے مختلف مقامات پر اپنے اپنے خطابات میں کہاکہ طاغوت کی پوری کوشش کے باوجود مسلمانوں کے دلوں سے سچا جذبۂ عشق رسول نکالا نہیں جا سکتا ،انہوں نے کہاکہ ریمنڈ ڈیوس جیسے امریکی قاتل کو پاکستان سے بھگانے کے لیے دیت کا سہارا لیا گیا اور جب ایک عاشق رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم ممتاز قادری کو بچانے کا وقت آیا تو امریکی ڈکٹیشن کے سامنے حکمران سرنڈر کر گئے ، انہوں نے کہاکہ قوم ممتاز قادری کے ساتھ کھڑی ہے اور اس کو ہیرو سمجھتی ہے حکمرانوں کو یقین نہ آئے تو سلمان تاثیر اور ممتاز قادری کے جنازے کے فرق کی تصاویر دیکھ لیں ،انہوں نے کہاکہ ایک بار پھر یہ ثابت ہو گیا ہے کہ تحفظ ناموس رسالت اور تحفظ ختم نبوت پوری امت کے لیے نقطہ اتحاد ہے ، انہوں نے کہاکہ غازی علم الدین شہید جس کی وکالت کا اعزاز بانیٔ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو حاصل ہوا تھا جبکہ ممتاز قادری کے قاتل موجودہ حکمران ہیں جو قائد اعظم کی وراثت کی اہلیت نہیں رکھتے نواز شریف ثانی ٔ قائد اعظم نہیں بن سکتے ، نواز شریف سیکو لر ایجنڈے کو آگے بڑھا کر ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں سے دشمنی مول لے رہے ہیں ،مختلف رہنماؤں نے چینل 92 Ht،روزنامہ ’’امت ‘‘کراچی اور روزنامہ ’’ اوصاف‘‘کے اس حوالے سے کردار کو سراہا اور مختلف میڈیا گروپس کے خلاف کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی، علاوہ ازیں متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنوئنر عبداللطیف خالد چیمہ نے بتایا ہے کہ ممتاز قادری کی شہادت کے حوالے سے ملک گیر صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ختم نبوت رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل 6 ۔مارچ اتوار کو ساڑھے دس بجے صبح دفتر احرار نیو مسلم ٹاؤن لاہور میں طلب کر لیا گیا ہے اور تمام مندوبین کو اطلاع کر دی گئی ہے ، انہوں نے بتایا کہ اس اجلاس میں صورتحال کا جائزہ لے کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا ۔
آسیہ مسیح کو بچاناعالمی ایجنڈاہے:عبداللطیف خالدچیمہ
(چیچہ وطنی،8مارچ)متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنوینر عبداللطیف خالد چیمہ نے کہاہے کہ توہین رسالت کی مرتکب آسیہ مسیح کو بچانا اورعاشقا نِ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کو ستانا عالمی ایجنڈا ہے ،پاکستانی حکمران عالمی ایجنڈے کو آگے بڑھاکر اسلامیان ِپاکستان کے جذبات سے کھیل رہے ہیں ،نیب سے ڈرے ہوئے اِن حکمرانوں کا انجام کبھی اچھا نہیں ہو سکتا ،ممتاز قادری کو سزائے موت دے کر یہ خود اپنے انجام بد کی طرف بڑھ رہے ہیں ، لاہور سے واپسی پر اپنے دفتر سے جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ امریکی محکمہ خارجہ کے عالمی آزادی کے ادارے کے سربراہ ڈیوڈ سپارسٹین کے مطالبے کہ ’’ پاکستان آسیہ کو رہاکرے‘‘سے یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ اس سارے معاملے کے اصل سرپرست کون ہیں،انہوں نے کہا کہ ممتاز قادری کو سزائے موت کا امریکی خیر مقدم سب باتوں کو مزید واضح کر دیتاہے۔
حقوق نسواں بل اسلامی ‘معاشرتی اقتدار کے منافی ہے:احراررہنما
(ملتان9مارچ) مجلس احرار اسلام پاکستان اور تحریک تحفظ ختم نبوت نے کہا ہے کہ حقوق نسواں بل اسلامی تعلیمات اور معاشرتی اقتدار کے منافی ہے۔ اس کے حق میں دلائل کے نام پر جہالت نہ پھیلائی جائے اور اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے اور سفارشات کو قانونی اہمیت دی جائے۔مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی رہنماؤں کا ایک غیر رسمی ہنگامی اجلاس گزشتہ روز جماعت کے امیر مرکزیہ سید عطاء المہیمن بخاری مدظلہ کی صدارت میں دارِبنی ہاشم ملتان میں منعقد ہوا۔ جس میں سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ ، نائب امیر سید کفیل بخاری اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات میاں محمد اویس کے علاوہ مرکزی شوریٰ کے بعض موجود ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا کہ ممتاز قادری کو جس عجلت میں سزائے موت دی گئی، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ’’عدالتی قتل‘‘ ہے اور بے شمار گستاخان رسول صلی اﷲ علیہ وسلم کو بچانے کی پالیسی پر حکومت عمل پیرا ہے۔ سید عطاء المہیمن بخاری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک تحفظ ناموس رسالت کو از سر نو متحرک و منظم کرنے کی ضرورت ہے اور مجلس احرار ایسی ہر کوشش کی مکمل تائید و اعانت کرے گی۔سید محمد کفیل بخاری نے کہا کہ ممتاز قادری کے مقدمہ کی سماعت میں قادری کے وکلاء کے دلائل کے کئی حصے شامل مثل نہیں کیے گئے۔ عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ نیب سے ڈرے ہوئے حکمران سن لیں کہ ممتاز قادری کا مقدس خون ضرور رنگ لائے گا۔ اجلاس میں اس امر پر گہری تشویش ظاہر کی گئی کہ اسلام آباد کے ماڈل سکولز میں آنجہانی ڈاکٹر عبدالسلام قادیانی کی ’’مسلم سائنسدان کے طور پر تصاویر آویزاں کی گئی ہیں۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ 1953ء کے شہداء ختم نبوت کی یاد میں مارچ ، اپریل میں کانفرنسوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
مولانا مفتی عبیداﷲ کی خدمات کو مدتوں یاد رکھا جائے گا :مجلس احرار
(لاہور11مارچ)مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید عطاء المہیمن بخاری ،نائب امیر سید محمد کفیل بخاری ،عبداللطیف خالد چیمہ ،میاں محمد اویس اورقاری محمد یوسف احرار نے بزرگ عالم دین اور جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم حضرت مولانا عبید اﷲ المفتیؒ کے انتقال پُر ملال پر گہرے رنج و غم اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مولانا مرحوم کی طویل ترین دینی و تعلیمی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہاہے کہ مولانا منکسر المزاج شخصیت تھے ،انہوں نے کہاکہ قومی و ملی معاملات میں بھی ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا۔ ان کی طویل خدمات کو مدتوں یاد رکھا جائے گا ۔
قوم ناموس رسالت کے یک نقاطی ایجنڈے پر متحدہوجائے :رابطہ کمیٹی
لاہور (11؍ مارچ) متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے رہنماؤں نے مختلف مقامات پر خطباتِ جمعتہ المبارک میں اس امر کا اظہار کیا ہے کہ حقوق نسواں بل میں عورتوں کے حقوق کے نام پر بے حیائی کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا گیا ہے ،حقوق نسواں بل نہ صرف قرآن وسنت کے متصادم ہے بلکہ مشرقی روایات کے برعکس بھی ہے ،سید عطاء المہیمن بخاری ،مولانا زاہدالراشدی ،مولانا عبدالرؤف فاروقی ،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ،پیر اعجاز ہاشمی ،سید محمد کفیل بخاری ، حافظ عبدالغفار روپڑی ،مرزا محمد ایوب بیگ ،مولانا محمد الیاس چنیوٹی ،رانا محمدشفیق خاں پسروری ،قاری محمد یوسف احرار اور کئی دیگر رہنماؤں نے اپنے اپنے خطابات وبیانات میں کہاہے کہ عورت کی آزادی کے نام پر حرام کاری اور مادرپدر آزادی کو فروغ دیا جارہاہے ،انہوں نے کہاکہ غازی ممتاز قادری ، عامر عبدالرحمن چیمہ اور غازی علم الدین شہید کی طرح امر ہو گئے ہیں ،ممتاز قادری کے مقدس خون کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا ،متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی کے کنونیر حاجی عبداللطیف خالد چیمہ نے کہاکہ ہم 13 مارچ اور 15 مارچ کو ہونے والے کُل جماعتی اجلاسوں کی تائید کرتے ہیں ،انہوں نے کہاکہ تحریک تحفظ ناموس رسالت کے یک نقاطی ایجنڈے پر تمام مکاتب فکر کو متحدہوجانا چاہیے ،انہوں نے کہاکہ مارچ 1953 ء میں اس وقت کے حکمرانوں نے تحفظ ناموس رسالت کے جرم میں دس ہزار انسانوں کے مقدس خون سے ہاتھ رنگے تھے ،مال روڈ کو لہو لہان کر دیا گیا تھا ،لیکن تحریک ختم نبوت آخر کار 1974 میں کامیاب ہو گئی تھی ،ممتاز قادری کے مقدس خون کے صدقے موجودہ صورتحال بھی تحریک تحفظ ناموس رسالت میں تبدیل ہو جائے گی اور پوری دنیا میں اس کی خوشبو پھیلے گی ،انہوں نے ’’پیمرا ‘‘ کے ارباب ِ اختیارسے کہاکہ وہ بے حیائی اور بد کاری کے پروگراموں پر پابندی لگائے اور عورت کو عریاں کر کے اشتہار کی زینت نہ بنائے ۔
دینی اتحاد نے حکمرانوں کے مغرورسرجھکادیے ہیں:حافظ حسین احمد
(لاہور،13مارچ)جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ پنجاب کے شریف حکمرانوں کی گردن کے سریے میں نرمی خوش آئند ہے ،دینی وسیاسی جماعتوں کے مجوزہ اجتماع اور متوقع اتحاد اس’’شریفانہ پشیمانی‘‘کا باعث بنا ہے ،مجلس احراراسلام پاکستان کے مرکزی دفتر نیومسلم ٹاؤن لاہور میں احراررہنماؤں سید محمد کفیل بخاری،حاجی عبداللطیف خالد چیمہ،میاں محمد اویس سے ملاقات کے موقع پر انہوں نے کہا کہ شریف شیر کی دُم پر’’شریف نامی ہاتھی‘‘کا پاؤں آتے ہی ’’شریف حکمرانوں‘‘کی چیخیں نکلنے لگیں ،نومبر تک کے نوماہ تخلیقی اور تبدیلی کے حوالوں سے اہم ثابت ہوسکتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ احتساب کا رُخ سندھ سے پنجاب کی جانب ہوتے ہی لبرل ازم کا بخار تیز ہوتاگیا۔تاکہ امریکہ کواپنی وفاداری کایقین دلایا جاسکے اور آنے والے نوماہ خیریت سے گذر جائیں ، حافظ حسین احمد نے کہا کہ شریف برادران کا بھوت باتوں سے نکل نہیں سکتا بلکہ اس کے لئے انگلیاں ٹیڑھی کرنی پڑتی ہیں ،جمعیت علماء اسلام کا تعاون حکمران دیکھ چکے ہیں۔ اب اختلاف اور تحریک کو بھی آزما لیں ،انہوں نے کہا کہ 15مارچ کو منصورہ میں بھر پور اجتماع کے اہم فیصلے لبرل ازم کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوں گے ،حافظ حسین احمد نے کہا کہ تحفظ نامو س رسالتؐ اور تحفظ ختم نبوت کے محاذ پر مجلس احراراسلام کی قربانیاں اور اکابر احرار کی جدوجہد ہمارا قومی و دینی ورثہ ہے ،انہوں نے کہا کہ 1953ء کی تحریک ختم نبوت بھی مارچ میں چلی تھی اور دس ہزار نفوس قدسیہ نے جام شہادت نوش کیا تھا ،آج پھر قادیانی فتنے سمیت کئی فتنے سراٹھا رہے ہیں اور قوم کو تحریک ختم نبوت کی طرز پر اکٹھے ہو جانا چاہئے،انہوں نے کہا کہ امیر شریعت سید عطاء اﷲ شاہ بخاری کی جماعت مجلس احرارماضی میں امت مسلمہ کی نمائندگی اور قیادت کرتی رہی ہے ،آج پھر ضرورت ہے کہ احرارکے قدیم کردار کو زندہ کیا جائے اور متفقات اور مشترکات پر تمام مکاتب فکر یکجا ہوجائیں اس موقع پر مجلس احراراسلام اور جمعیت علماء اسلام کے رہنماؤں نے باہمی رابطہ وتعاون بڑھانے پر مکمل اتفاق کیا۔مجلس احرار اسلام کے رہنماؤں نے اس موقع پر کہا کہ جمعیت علماء اسلام سمیت تمام دینی جماعتیں ہماری فطری حلیف ہیں اور ہم انسانوں کو انسانوں کی غلامی سے نکال کر ایک اﷲ کی غلامی میں لانا چاہتے ہیں تاکہ دنیا سے استحصال ختم ہو اور معاشرہ امن کا گہوارہ بن جائے۔اس موقع پر قاری محمد قاسم ،قاری شہزد رسول اور دیگر کارکن بھی موجود تھے۔علاوہ ازیں مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ اور سیکرٹری اطلاعات میاں محمداویس نے جمعیت علماء اسلام(س)کی ’’کل جماعتی کانفرنس‘‘میں بھی شرکت کی ۔دریں اثناء مجلس احراراسلام پاکستان نے کہا ہے کہ وہ تحفظ حقوق نسواں بل اور ممتاز قادری کی شہادت سے پیدا ہونے والی صورت حال کے حوالے سے ہونے والی جدوجہد کی تائیدوحمایت جاری رکھے گی۔
دوروزہ ماہانہ فہم ختم نبوت کورس کا انعقاد
لاہور(5مارچ)ایوان احرار، نیومسلم ٹاؤن لاہور میں دوروزہ فہم ختم نبوت کورس گزشتہ روزاختتام پذیرہو گیا۔اس دو روزہ کورس میں پروفیسرسعید عاطف نے ختم نبوت کی اہمیت ،مولانا شفیع الرحمن نے حیات نزول عیسیٰ علیہ السلام،مفتی شہاب الدین نے منکرینِ ختم نبوت کی تاریخ اور اُن کے شکوک وشہبات اور مولانا تنویرالحسن احرار نے سیرۃالنبی صلی اﷲ علیہ وسلم کی روشنی میں غیر مسلموں سے سلوک کے عنوانات پر گفتگو کی ،کورس قاری محمد قاسم کی دعاکے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا ۔
احراروفدکی جامعہ اشرفیہ میں مولاناعبیداﷲ کے پسماندگان سے تعزیت
(لاہور،13مارچ)جامعہ اشرفیہ لاہورکے مہتمم حضرت مولانا عبیداﷲ اشرفی المفتی کے انتقال پُرملال پر مجلس احراراسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید عطاء المہیمن بخاری اور سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کی طویل خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے ،مجلس احراراسلام کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری ،سیکرٹری اطلاعات میاں محمد اویس ،مرکزی نائب ناظم مولانا قاری محمد یوسف احراراورملک محمد یوسف پرمشتمل ایک جماعتی وفد نے گزشتہ روز جامعہ اشرفیہ لاہور میں حضرت مولانافضل الرحیم اشرفی اور مولانا عبیداﷲ اشرفی کے فرزندان سے مل کر تعزیت کا اظہار کیا ،اس موقع پر سید محمد کفیل بخاری نے کہا کہ حضرت مولانا عبیداﷲ اشرفی اکابر، بزرگوں اور اسلاف کی نشانی تھے ،مرحوم کی دینی وتعلیمی اور اصلاحی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا ،انہوں نے کہا کہ حضرت مولانا عبیداﷲ اشرفی دھیمے لہجے میں دعوتی اسلوب پرکام کرتے رہے۔ ان کے شاگردوں کا حلقہ پوری دنیا میں پھیلا ہو ہے جو اُن کے لئے صدقہ جاریہ ہے ،اس موقع پر حضرت مولانا فضل الرحیم اشرفی نے اجتماعی دعائے مغفرت بھی کرائی۔
تحفظ ختم نبوت کو دینی اتحادکے ایجنڈے میں شامل کیا جائے:مجلس احرار
(لاہور، 16؍ مارچ) مجلس احراراسلام پاکستان اور تحریک تحفظ ختم نبوت نے حقوق نسواں بل اور ممتاز قادری کی شہادت کے حوالے سے دینی جماعتوں کے اتحاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کی بالا دستی ،ملک کی نظریاتی شناخت کا تحفظ اور معاشرتی اقدار کا دفاع ہر محب وطن دینی وسیاسی جماعت کا فرض اولین ہے اور یہی نظریہ اسلام اور نظریہ پاکستان ہے ،مجلس احراراسلام پاکستان کے مرکزی نائب امیر سید محمدکفیل بخاری اور سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ ہم منصورہ میں ہونے والے اجلاس کے اعلامیے،فیصلوں اور قراردادوں کی مکمل تائیدوحمایت کرتے ہیں، لیکن اس اضافے کے ساتھ کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اورردِقادیانیت کی پرامن جدوجہد کو بھی ایجنڈے میں واضح طور پر شامل کیا جائے۔ علاوہ ازیں مجلس احراراسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید عطاء المہیمن بخاری نے موجودہ صورت حال کے حوالے سے جماعت کی مرکزی مجلس عاملہ کا ہنگامی اجلاس 20۔مارچ اتوار کو 9بجے صبح دارِ بنی ہاشم ملتان میں طلب کرلیا ہے ،احرارکے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے بتایا ہے کہ اجلاس میں دینی جماعتوں کے متوقع اتحاد،تحفظ حقوق نسواں بل ،ممتاز قادری کی شہادت ،بڑھتی ہوئی قادیانی ریشہ دوانیاں اور دیگر امور کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا ،اجلاس کے بعد فیصلوں کا اعلان پریس کانفرنس میں کیا جائیگا۔
پرویزمشرف کی روانگی نے آئین کو داغدارکردیاہے:عبداللطیف
(لاہور 19؍ مارچ) مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبد اللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ بیمار مشرف دبئی پہنچتے ہی صحت مند ہو گئے ہیں، اب کہیں ایسا نہ ہو کہ جنہوں نے بھیجا ہے۔ وہ بھی کہیں بیمار نہ ہو جائیں، انہوں نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کو فرار کا راستہ دینے والے آئین کے حوالے سے سوالیہ نشان پیدا کر رہے ہیں،اب آنے والا وقت ہی بتائے گا کہ اس فیصلے کے کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
مجلس احرار:رکنیت سازی کا آغاز‘30جولائی تک جاری رہے گی
6 ؍اگست نئی شوریٰ کا اجلاس‘5 نومبر کو وَرکرز کنونشن ہو گا
ملتان (18مارچ)مجلس احرار اسلام پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کو ملک سے باہر جانے کی اجاز ت دینا نہ صرف آئین کے آرٹیکل 6 کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ بھی ظاہر کرتی ہے کہ قانون صرف کمزور و ناتواں کے لیے ہوتا ہے۔ جب تک ہم ’’استثناء‘‘ کی پالیسی ترک نہیں کرتے قانون کی عمل داری کی باتیں محض مذاق بن رہی ہیں۔ احرار کی مرکزی مجلس عاملہ کا ایک اجلاس گزشتہ روز جماعت کے امیر مرکزیہ حضرت پیرجی سید عطاء المہیمن بخاری مدظلہ کی صدارت میں دارِبنی ہاشم ملتان میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں مرکزی نائب امراء پروفیسر خالد شبیر احمد، سید کفیل بخاری، سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ، قاری محمد یوسف احرار،مولانا مغیرہ، ڈاکٹر محمدظہیر حیدری، خاور حسین بٹ، میاں اویس، مولانا تنویر الحسن احرار، مولانا کریم اﷲ احرار، سید عطاء المنان بخاری، مولانا منظور احمد، یاسر عبد القیوم، قاری محمد اصغر عثمانی، رانا قمر الاسلام، حافظ محمد اسماعیل، صوفی نذیر احمد، حافظ ضیاء اﷲ ہاشمی، مولانا محمد اکمل، مولانا فیصل متین، محمد معاویہ رضوان اور دیگر نے شرکت کی۔ قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی اسلامی شناخت عالمی استعمار کی زد میں ہے اور ہمارے حکمران استعماری ایجنڈے کے ایجنٹ بنے ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مجلس احرار اسلام اپنے یوم تاسیس سے اس قرآنی اصول پر عمل پیرا ہے کہ ’’نیکی کے ہر کام میں تعاون اور برائی کے ہر کام میں مزاحمت کریں گے۔‘‘ پروفیسر خالد شبیر احمد ، سید محمد کفیل بخاری، عبداللطیف خالد چیمہ اور دیگر رہنماؤں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کو انصاف ، سکون مہیا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ قرار دادِ مقاصد کی روشنی میں آئین کی بالادستی اور قانون کی عمل داری کو یقینی بنایا جائے اور ماورائے عدالت و قانون اقدامات بند کیے جائیں۔ قاری محمد یوسف احرار، مولانا تنویر الحسن ، میاں محمداویس نے کہا کہ تحریک ختم نبوت کی جماعتوں اور عقیدۂ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی شخصیات کو ہراساں کرنے کے عمل میں قادیانی اور قادیانی نواز لابیاں متحرک ہیں، عقیدۂ ختم نبوت کا تحفظ ایمان کی بنیاد اور نظریہ اسلام اور نظریہ پاکستان کا تقاضا ہے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جماعت کی جدید رکنیت ومعاونت سازی یکم اپریل تا 30جولائی تک جاری رہے گی۔ اور 6؍اگست کو نئی مجلس شوریٰ کا اجلاس لاہور میں ہوگا، جس میں مرکزی انتخابات بھی ہوں گے جبکہ 5-6نومبر کو لاہور میں’’ کل پاکستان احرار ورکرز کنونشن‘‘ منعقد ہوگا۔ اجلاس کے بعد مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ تحریک تحفظ ختم نبوت کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر منظم کیا جائے گااور اسلامی نظام کے نفاذ کی پرامن جدوجہد اور آئین و دستور کی بالادستی کے لیے اپنی جدوجہد آگے بڑھائی جائے گی۔ انھوں نے بتایا کہ ’’حقوق نسواں بل‘‘ اور شہید ممتاز قادری کے حوالے سے علماء کرام کی مشترکہ جدوجہد کی ہم پرزور تائید و حمایت کرتے ہیں اور مشترکات پر مشترکہ پلیٹ فارم کے حامی ہیں، انھوں نے کہا کہ قادیانیوں کی اسلام و وطن دشمن سرگرمیاں حد سے بڑھ گئی ہیں ۔قادیانیوں کو مسلمانوں کی صفوں میں شامل کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کو دینی مدارس سے جوڑنا بڑا ظلم ہے، دہشت گرد ، دہشت گرد ہی ہوتا ہے۔ چاہے وہ یونیورسٹی کا طالب علم ہو یا دینی مدرسے کا۔انھوں نے کہا کہ 3،اپریل کو وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیرِ اہتمام لاہور میں استحکام پاکستان اور استحکام مدارس دینیہ کانفرنس نیک شگون ثابت ہوگی اور اس سے مدارس دینیہ اور دینی جماعتوں کو کام کرنے کا حوصلہ ملے گا۔ اجلاس کی ایک قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ وطن عزیز کی اسلامی شناخت اور سلامتی کے خلاف بیرونی دباؤ اور امریکی فیصلے حکومت مسترد کرنے کا واضح اعلان کرے ۔ ایک اور قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ سود ختم کیا جائے اور تحفظ حقوق نسواں بل واپس لیا جائے۔ ایک اور قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کو عملی جامہ پہنایا جائے اور مرتد کی شرعی سزا نافذ کی جائے۔ ایک قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ امتناعِ قادیانیت ایکٹ پر مکمل عمل در آمد کرایا جائے اور قادیانی جماعت کو خلافِ قانون قراردیا جائے۔ اجلاس میں شعبۂ تبلیغ تحفظ ختم نبوت کو منظم کرنے کے لیے مولانا محمد مغیرہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں حافظ ضیاء اﷲ ہاشمی اور مولانا تنویر الحسن نقوی شامل ہیں۔ جبکہ مجلس احرار اسلام اور تحریک تحفظ ختم نبوت کے زیر انتظام دینی مدارس کے نظام کو منظم کرنے کے لیے سید عطاء المنان بخاری کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔جس میں مولانا محمد اکمل اور مفتی صبیح الحسن شامل ہیں۔جبکہ مولانا محمد دین شوق اور مولانا فیصل متین پر مشتمل دو رکنی کمیٹی جماعت کے ماتحت مدارس و مساجد اور اداروں کے مالیاتی نظام کاآڈٹ کیا کرے گی۔
قرآنی نظام کے نفاذکی جدوجہدکی جائے:پروفیسرخالدشبیر
(چیچہ وطنی ،22مارچ)مجلس احرارا سلام پاکستان کے نائب امیر پروفیسر خالد شبیر احمد نے کہاہے کہ قرآن پاک پڑھنے کے تین ادب اور تین تقاضے ہیں،قرآن کو پڑھا جائے ،اس کو سمجھاجائے اور اس کا ادب کیا جائے اور تیسرا تقاضا یہ ہے کہ قرآن پاک کے نظام کو دنیا میں نافذ کرنے کی جدوجہد کی جائے ،وہ دارالعلوم ختم نبوت جامع مسجد چیچہ وطنی کے اساتذہ اور طلباء سے خطاب کررہے تھے ،انہوں نے مسجد ختم نبوت رحمن سٹی اور مرکزی مسجد عثمانیہ چیچہ وطنی کا دورہ بھی کیا اور تمام شعبہ جات کا معائنہ کیا ۔انہوں نے جماعت کے مرکزی سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ سے موجودہ ملکی صورتحال اور اہم تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیااور کارکنوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے روانگی سے قبل کہاکہ چیچہ وطنی کے مراکز ہماری جماعت کے مثالی مراکز ہیں اور ان کی کارکردگی کا سہرا کارکنوں کے سر ہے ۔انہوں نے کہاکہ عبداللطیف خالد چیمہ کی نظامت میں جماعت رُوبہ ترقی ہے اور تحفظ ختم نبوت کا محاذ انہوں نے سر گرم رکھا ہوا ہے ،اﷲ تعالیٰ مزید کامیابیوں سے نوازے۔علاوہ ازیں انہوں نے استاد اکرام الحق سرشار کی صدارت میں منعقد ہ ایک شعری نشست میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے بھی شرکت کی۔
احرار تاجِ ختم نبوت کی حفاظت کرتے رہیں گے:مولاناعثمان لدھیانوی
یمنانگر،انڈیا( 23مارچ،مستقیم احراری سے) مدرسہ ضیاء العلوم میگھوالا میں جلسۂ سیرت النبی منعقدہوا۔ مولانا مفتی عبد الغنی ازہری شاہی نے صدارت فرمائی۔ نظامت کے فرائض فرائض مولانا محمد طیب قاسمی نے فرمائی، مہمان خصوصی نائب شاہی امام مولانا محمد عثمان رحمانی لدھیانوی نے کہا کہ اسلام کا نظام پوری دنیا کے انسانوں کیلئے آب حیات ہے ، مولانا نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ کا فیصلہ ہے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ خاتم النبیےن ہیں اور اب تا قیامت کوئی اور نبی نہیں آئے گا ، اب کسی بھی نئی نبوت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے ہر دور میں تاج ختم نبوتؐ کی حفاظت جانوں کانذرانہ پیش کر کے کرتے آئے ہیں اور انشاء اﷲ احرار خون کے آخری قطرہ تک تاج ختم نبوتؐ کی حفاظت کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر جلسہ کے روح و رواں قاری سعید الزاں خضرآبادی جنرل سکریٹری ہریانہ احرار و مہتمم مدرسہ ہذا نے آئے ہوئے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ الحمد اﷲ ہریانہ کے مسلمان ملک اور قوم کی خدمات کے ساتھ دینی اور اصلاحی سرگرمیوں میں ماشاء اﷲ بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہیں ہیں ، علماء اور صلحاء کی کاوشوں سے ملت میں بیداری آ رہی ہے، انہوں نے کہا کہ مجلس احرار اسلام ہریانہ کے ارکان بھی ملت میں جذبہ حریت اور عقیدہ ختم نبوت ؐ کے متعلق بیداری لانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ، قاری سعید الزماں نے کہا کہ مسلمان اپنی جان سے زیادہ خاتم النبیےن حضرت محمد صلی اﷲ علیہ وسلم سے محبت کرتے ہیں اور کسی قیمت پر بھی تاج ختم نبوت اور ناموس رسالتؐ پر حرف نہیں آنے دیں گے۔ اجلاس کے اختتام پر بزرگ عالم دین اور بادشاہی باغ مدرسہ کے مہتمم مولانا عبد الغنی ازہری شاہی نے دعا سے قبل اپنے ارشادات میں کہا کہ میں آج علماء لدھیانہ کے جانشین کا خطاب سن کر پر مسرت ہوں کہ وہ گزشتہ ایک صدی سے احرار کی شکل میں آواز حق بلند کر رہے اس خانوادے میں آج بھی وہی جذبہ اور ہمت قائم ہے جو کہ ہم نے اپنی آنکھوں سے سید عطاء اﷲ شاہ بخاری ، رئیس الاحرار مولانا حبیب الرحمن لدھیانوی مرحوم ، سید الال حسین شہید جسے عظیم احراریوں میں دیکھی تھی ، انہوں نے کہا کہ تحریک ختم نبوتؐ میں مجلس احرار اسلام کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں ، اختتام ِجلسہ پر مولانا عبد الغنی اظہری شاہی نے رقت آمیز دعا کرائی۔
شہداء ختم نبوت نے اسلام اور قادیانیت کے درمیان حدِفاصل کھینچ دی
(کمالیہ،25مارچ)مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبد اللطیف خالد چیمہ نے جامع مسجد کریمیہ کمالیہ میں جمعیت علماء اسلام(س) کے رہنما حاجی احسان احمد احسان کی نگرانی میں شہداء ختم نبوت 1953ء کی یاد میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک ختم نبوت 1953ء کے دس ہزار شہداء نے اپنے مقد س خون کی قربانی دے کر اسلام اور قادیانیت کے درمیان نہ مٹنے والی ایک لکیر کھینچ دی جس کے نتیجے میں 1974ء میں قادیانی پارلیمنٹ کے فلور پر غیر مسلم اقلیت قرارپائے ،انہوں نے کہا کہ 1974ء میں بھٹو مرحوم نے تو قادیانیوں کو اقلیت قراردیا تھا لیکن ان کا نیک بخت نواسہ آئین سے یہ شک نکلوانے کی کوشش کررہا ہے ،انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹوزرداری کا یہ کہنا کہ ایک غیر مسلم بھی پاکستان کا صدر بن سکتا ہے آئین سے انحراف اورملک میں انارکی پیدا کرنے کی کوشش ہے ،انہوں نے کہا کہ سب سے پہلا اجماع امت سیدنا ابوبکر صدیقؓ کے دور میں عقیدہ ختم نبوت پر ہوا ،انہوں نے کہا کہ نسواں بل صرف قرآن وسنت سے ہی متصادم نہیں بلکہ ہماری معاشرت کے بھی برعکس ہے ،انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان محمد علی جناح ؒ پاکستان کو اسلامی وفلاحی ریاست بنانا چاہتے تھے ،جبکہ نواز شریف پاکستان کو لبرل اور سیکولر بنانے کے خواہاں ہیں ۔علاوہ ازیں کمالیہ کے نواحی گاؤں گ ب189/پتلی والا کے مکینوں کے ایک وفد نے عبداللطیف خالد چیمہ سے ملاقات کی اور چند ہفتے پیشتر وہاں ایک قادیانی مردے کو مسلمانوں کے قبرستان میں دفنانے اور اس سے پیدا شدہ صورت حال سے آگاہ کیا ،عبداللطیف خالد چیمہ نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سارے مسئلے کے حل کے لئے قانون اور عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا جائے کیونکہ شرعی اور قانونی طور پر کسی غیر مسلم کو اہل اسلام کے قبرستان میں دفن نہیں کیا جاسکتا۔
بے گناہ کا قتل اسلام میں قطعاً جائز نہیں ،قتلِ ناحق کہیں بھی ہو وہ حرام اور فتنہ ہے
لاہور (27؍ مارچ) مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبد اللطیف خالد چیمہ دوروزہ دورے پر گزشتہ روز لاہور پہنچے ،انہوں نے دفتر مرکزیہ نیومسلم ٹاؤن لاہور میں پارٹی رہنماؤں ،کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بے گناہ انسان کا قتل اسلام میں قطعاً جائز نہیں ،قتلِ ناحق کہیں بھی ہو وہ حرام اور فتنہ ہے ،انہوں نے کہا کہ دنیا کو یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہئے کہ اسلام اور مسلمانوں کو کریش کرنے سے یہ ختم نہیں ہوں گے ،انہوں نے کہا کہ وفاق المدارس العربیہ کی 3۔اپریل کو لاہور میں ہونے والی تحفظ پاکستان اور مدارس دینیہ کانفرنس نیک شگون ہے ،یہ کانفرنس دینی مدارس اور دینی جماعتوں کو حوصلہ بخشے گی ،انہوں نے کہا کہ مجلس احراراسلام کے ماتحت دینی مدارس ،مساجد اور مکاتب سے متعلقین اساتذہ اور طلباء پورے جوش وخروش کے ساتھ کانفرنس میں شریک ہوں گے اور امیر مرکزیہ حضرت پیرجی سید عطاء المہیمن بخاری کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی وفد کانفرنس میں نمائندگی کرے گا جس میں مرکزی نائب امیر سید محمدکفیل بخاری، مجلس احرار اسلام سندھ کے امیر مفتی عطاء الرحمن قریشی ،میاں محمد اویس، قاری محمد یوسف احرار، قاری محمد قاسم اور دیگر رہنما شریک ہوں گے۔
تحفظ حقوق نسواں بل کے نام پر بے حیائی کو فروغ اور خاندانی نظام کو تباہ کیا جا رہا ہے
لاہور (28؍ مارچ)تحر یک ختم نبوت1953ء کے دس ہزار شہداء کی یاد میں جامع مسجد ختم نبوت چندرائے روڈ(ریس کورس ٹاؤن)لاہور میں مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی نائب ناظم قاری محمد یوسف احرارکی میزبانی میں سالانہ’’شہداء ختم نبوت کانفرنس‘‘سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ جمعیت اہل حدیث کے سربراہ سید ضیاء اﷲ شاہ بخاری،مولانا خلیل احمد سراج، مولانا عبد الرشید ارشد، مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنما قاری علیم الدین شاکر اور دیگر مقررین نے کہا ہے کہ عقیدۂ ختم نبوت کے تحفظ کے لئے 1953ء میں شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ملک کو قادیانی سٹیٹ بننے سے بچا لیا، پاکستان کے پہلے وزیر خارجہ ظفراﷲ خان قادیانی نے اپنی سرکاری حیثیت میں کراچی کے ایک جلسہ عام میں احمدیت کو زندہ مذہب اور اسلام کو مردہ مذہب قرار دیا، اسی ظفراﷲ خان نے قائداعظم کا جنازہ پڑھنے سے انکار کردیا تھا جبکہ مولانا شبیر احمد عثمانی نے قائد اعظم کا جنازہ پڑھایا تھا ،مقررین نے کہا کہ اتحاد امت وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے ،دشمن اور اس کے ایجنٹ فرقہ واریت پھیلا رہے ہیں اور بے گناہ انسانوں کے خون سے ہاتھ رنگ رہے ہیں، سید ضیاء اﷲ شاہ بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو غیر مستحکم کرنے کے لئے قادیانی اور لادین قوتیں یہودیوں سے گٹھ جوڑ کرچکی ہیں، ان کے مقابلے کے لئے تمام مکاتب فکر کو ایک اکائی کا مظاہرہ کرنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر فوج کے ہوتے ہوئے ملک کی دفاعی پوزیشن انتہائی مضبوط ہے ،جبکہ نظریاتی سرحدوں کا دفاع دینی قیادت کررہی ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں نواز شریف کا لبرل پاکستان نہیں بلکہ بانی پاکستان کا اسلامی وفلاحی پاکستان چاہئے،عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ دہشت گردی، قتل وغارت گری اور بے گناہ انسانوں کے خون سے ہاتھ رنگنا کسی مسلمان بلکہ کسی انسان کاکام بھی نہیں ہوسکتا ،انہوں نے کہا کہ گلشن اقبال لاہور سفاکی اور ظلم کی انتہاؤں کو بھی کراس کرچکا ہے اور حکومت کی طرف سے جان ومال کے تحفظ کے دعوے چکنا چور ہوچکے ہیں ،انہوں نے کہا کہ نواز شریف حق حکمرانی کھو رہے ہیں اور یہ سب کچھ اسلامی عقائد اور اسلامی احکامات سے روگردانی کا نتیجہ ہے ،انہوں نے کہا کہ سود کے ہوتے ہوئے ملکی معیشت کو سنبھالا نہیں دیا جاسکتا،انہوں نے کہا کہ تحفظ حقوق نسواں بل کے نام پر بے حیائی کو فروغ دیا جارہا ہے اور خاندانی سسٹم کو تباہ کیا جارہا ہے۔ کانفرنس کی قراردادوں میں مطالبہ کیا گیا کہ اسلام آباد کے ماڈل اسکولز سے آنجہانی قادیانی ڈاکٹر عبدالسلام کی تصاویر ہٹائی جائیں،اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کو عملی جامہ پہنایا جائے ،تحفظ حقوق نسواں بل واپس لیا جائے، شہید ممتاز قادری کا کیس ری اوپن کیا جائے،آسیہ مسیح سمیت تمام گستاخانِ رسولؐ کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ،دینی جماعتوں اور دینی مدارس کے خلاف غیرملکی ایجنڈابند کیا جائے،چناب نگر پر قادیانی تسلط ختم کیا جائے۔کانفرنس میں مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات میاں محمد اویس ،مشہور شاعر سید سلمان گیلانی،محمد قاسم گجر،چوہدری ثاقب افتخار،قاضی ذیشان آفتاب ،قاری محمد صفوان یوسف،قاری محمد حنیف اور دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی ،کانفرنس میں مدرسہ ابی بن کعب ؓکے طلباء کے حفظ قرآن کی تکمیل پر ان کی دستاربندی کی گئی۔
نواز حکومت لوگوں کے جان ومال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے
ملتان (28؍ مارچ) مجلس احراراسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید عطاء المہیمن بخاری،سید محمد کفیل بخاری،عبداللطیف خالد چیمہ،میاں محمد اویس، قاری محمد یوسف احراراور مولانا محمدمغیرہ نے سانحہ گلشن اقبال لاہور کو ظلم وسفاکی کی انتہا قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم جانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے مسلمان تو کجا انسان بھی نہیں ہوسکتے ،انہوں نے کہا کہ نواز شریف حکومت لوگوں کے جان ومال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے اور حق حکمرانی کھو رہی ہے۔