قارئین کے خطوط
مولانا سلیم اﷲ چوہان سندھی
بخدمت جناب سید محمد کفیل بخاری دامت برکاتہم مدیر مسؤل ماہنامہ ’’نقیب ختم نبوت‘‘ ملتان!
السلام علیکم ورحمۃ اﷲ وبرکاتہ!
ماشاء اﷲ آپ کا رسالہ ماہنامہ ’’نقیب ختم نبوت‘‘ ملتان ایک تحقیقی، نظریاتی، معلوماتی رسالہ ہے جو دشمنانِ دین اور فرق باطلہ کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کر ہا ہے۔ الحمد ﷲ ہر ماہ پابندی سے پڑھنے کو ملتا رہتاہے۔ اس کے مشمولات بہترین، موضوعات دلچسپ اور پیشکش جاذبِ نظرہوتی ہے۔ دل کی بات کے عنوان سے جناب سید محمد کفیل بخاری کے خوبصورت اداریے باصرہ نواز ہوتے ہیں جن میں حالات حاضرہ پر عمدہ ادبی اسلوب میں سیر حاصل بحث کی جاتی ہے۔بلا شبہ یہ اداریے رسالے کی جان ہوتے ہیں۔دین و دانش کے موضوعات کے تحت جن مضامین کا انتخاب ہوتا ہے ان کی علمیت اور فکری بلندی بذات خود قابلِ رشک ہے۔ادب کے تحت اسلامی و اصلاحی، نظریاتی وادبی شہپارے نظم و نثر کی صورت میں عمدہ ادبی تخلیقات شاملِ اشاعت ہوتی ہیں۔مطالعۂ قادیانیت رسالے کا مستقل شعبہ ہے جس کے تحت قادیانی مذہب پر مستند علمی مطالعات شائع ہوتے ہیں جو اس موضوع کے ماہرین کی تحقیقات کا نچوڑ ہوتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ نقیب ختم نبوت کے باقاعدہ قارئین کو ردِّ قادیانیت کے لیے علیحدہ سے کسی تیاری کی ضرورت نہیں رہتی۔نقدو نظر کے عنوان سے شامل ہونے والے مضامین عام طور پر دین کے نام پر رونما ہونے والے کسی نئے فکری سانحے کا سدّ باب کرنے کے لیے شائع کیے جاتے ہیں۔ البتہ اس رسالے میں میرے پسندیدہ حصوں میں سے ایک حسن انتقاد کا حصہ ہے جس میں جدید شائع شدہ کتب پر سیر حاصل تبصرہ بھی شامل ہوتا ہے۔یہ تبصرہ مختلف حضرات کی طرف سے ہوتاہے، مگر سبھی تبصرہ نگاروں کی دقّت مطالعہ اور کتابوں کی قدر و قیمت جانچنے کی صلاحیت بہت متأثّر کن ہے۔ ان حضرات مبصّرین میں مدیرِ مسؤل حضرت سید محمد کفیل شاہ بخاری دامت برکاتہم، صبیح ہمدانی، مولوی اخلاق احمد اور محمد نعمان سنجرانی خاص طور پر قابل ذکرہیں۔ رسالے کے آخر میں مجلس احرار اسلام کے ناظم دعوت و تبلیغ جناب ڈاکٹر محمد آصف دعوتِ حق کے عنوان سے گم گشتہ از راہِ حق احمدی دوستوں کے نام ایک کھُلا خط تحریر کرتے ہیں جس میں ’’متلاشیان حق کو دعوت فکر و عمل‘‘ دیتے ہوئے انتہائی خوبصورت اور دل پذیر انداز میں مرزائی مذہب کے بطلان کو واضح کیا جاتا ہے۔
حاصل کلام یہ ہے کہ رسالہ ۶۴ صفحات پر رنگین آرٹ ٹائٹل کے ساتھ ظاہری و باطنی خوبیوں سے مزین ہر ماہ پابندی سے شائع ہوتا رہتا ہے اور ہمیں گھر بیٹھے دینی اسلامی، اصلاحی وتاریخی معلومات فراہم کرتا رہتا ہے۔دعا ہے کہ اﷲ رب العزت اس رسالے کو دن دگنی، رات چگنی ترقی و برتری عطا فرمائے آمین۔اور ماہنامہ نقیب ختم نبوت ملتان کی تمام ٹیم بالخصوص حضرت سید محمد کفیل شاہ بخاری دامت برکاتہم، اور ان کے رفقاءِ فکر جناب عبداللطیف خالد چیمہ، پروفیسر خالد شبیر احمد،سید عطاء المنان بخاری اور مولوی نعمان سنجرانی صاحبان کی مساعی کو قبول فرمائے اور مزید دین کا کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!
والسلام ابو محمد چوہان سلیم اﷲ سندھی
ڈائریکٹر مولانا عبیداﷲ سندھی اکیڈمی
خادم مدرسہ عربیہ دارالتعلیم حمادیہ گلشن حضرت سندھی راجو گوٹھ تحصیل لکھی غلام شاہ ضلع شکارپور
۸ شوال المکرم ۱۴۳۹ہجری …… ۲۴؍۶؍۲۰۱۸ء