تازہ ترین خبریں
آپ کو مجلس احرار کیسی لگی؟

تبصرہ کتب

مبصر: حافظ اخلاق احمد

نام کتاب: وہ پروانے محمد (صلی اﷲ علیہ وسلم) کے تالیف: مولانا جمیل الرحمن عباسی
ناشر: ادارہ صدائے اہلِ سنت، کراچی۔صفحات: ۲۸۸ قیمت: درج نہیں
صحابہ نام ہے ان نفوسِ قدسیہ کا جنھوں نے محبوب و مصدوق رسول صلی اﷲ علیہ وسلم کے روئے مبارک کو دیکھا اور اس کی تجلیاتِ ایمانی کو اپنے ایمان اور عمل میں پوری طرح سمو لیا۔ اﷲ رب العزت نے اُن کے ہدایت یافتہ ہونے کا خود اعلان فرمایا، اُن کے ایمان کو آخری کتاب قرآنِ مجیدمیں مثالی قرار دیااور کتنی ہی آیات ہیں جو اُن کی شان میں نازل ہوئیں۔مثلاً:’ ’رضی اللّٰہ عنہم و رضوا عنہ ‘‘ ۔ اﷲ اُن سے راضی ہو چکا اور وہ اﷲ سے راضی ہو چکے، ’’وَ کُلًّا وَّ عَدَ اللّٰہُ الْحُسْنٰی ‘‘اور سب (صحابہؓ) سے وعدہ کیاہے اﷲ نے خوبی کا۔ یہ وہ خوش نصیب جماعت ہے کہ جس کو دنیا میں ہی مغفرت، رضاءِ الٰہی اور جنت کی ضمانت دے دی گئی۔
یہی خوش بخت جماعت ہے کہ جس کے بارے میں نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم کی زبانِ حق سے یہ ارشاد ہوا: ’’لَاْ تَمَسُّ النَّارُ مَنْ رَأٰ نِیْ اَوْ رَأیٰ مَنْ رَأٰ نِیْ‘‘ یعنی میرے دیکھنے والوں کو آگ چھوئے گی بھی نہیں اور نہ ہی میرے صحابہ کے دیکھنے والوں کو آگ چھوئے گی۔ اور اسی پاکیزہ جماعت کو معیارِ نجات بھی قرار دیا، فرمایا: ’’ اُمّت تہتر فرقوں میں بٹ جائے گی، سب کے سب فرقے جہنم میں ہوں گے سوائے ایک فرقہ کے، صحابہؓ نے عرض کیا: یا رسول اﷲ! وہ کون سا فرقہ ہو گا؟ آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس پر میں اور میرے صحابہ ہیں‘‘۔
صحابہ رضی اﷲ عنہم سے محبت ایمان کا حصہ ہے بصورتِ دیگر ایمان ناقص ہے۔ صحابۂ کرام رضی اﷲ عنہم اور صحابیات رضی اﷲ عنھن کے ایمان افروز تذکرے اور سوانح حیات کے حوالے سے اہلِ علم نے کئی کتب تصنیف کی ہیں۔ زیرِ تبصرہ کتاب اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جو ایک مذہبی اخبار میں باقاعدگی سے چھپنے والے مقبولِ عام و خاص مضامین کا مجموعہ ہے، جس میں چالیس سے زائد اصحاب کا مبارک تذکرہ ہے، اس کتاب کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ مصنف نے نثر کے ساتھ ساتھ نظم کی صورت میں بھی حضراتِ صحابہ رضی اﷲ عنہم کی مدح سرائی کر کے کتاب کو چار چاند لگا دیے ہیں۔ اہلِ علم و اہلِ ذوق حضرات کے لیے کسی تحفے سے کم نہیں،اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مؤلف کی اس کاوش کو قبول فرما کر آخرت میں نجات کا ذریعہ بنائے اور ہمیں اس پُر فتن دور میں اتباعِ نبی صلی اﷲ علیہ وسلم و اتباعِ صحابہؓ کی توفیق عطا فرمائے۔ (آمین)
نام کتاب: ’’ماہنامہ المدینہ‘‘ خصوصی اشاعت’’خدمتِ خلق اور کفالتِ عامہ، تعلیماتِ نبوی صلی اﷲ علیہ وسلم کی روشنی میں‘‘ مدیرِ اعلیٰ: قاری حامد محمود صفحات : ۲۷۲ قیمت: ۳۰۰ روپے
ناشر: ماہنامہ المدینہ، صائمہ ٹاورز، روم نمبر: A-205سیکنڈ فلور، آئی آئی چندری گر روڈ، کراچی۔
محسنِ انسانیت، خاتم الانبیاء صلی اﷲ علیہ وسلم جو دین لائے اس کی بنیاد امن و سلامتی اور احترامِ انسانیت پر ہے۔ اسلام کو دنیا کے تمام مذاہب میں یہ امتیاز حاصل ہے کہ یہ ایک کامل و مکمل دین اور ابدی ضابطۂ حیات بھی ہے،اسلام میں جہاں عبادات کو اہمیت دی گئی ہے وہیں معاملات اور اخلاقیات بھی دین میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ خدمتِ خلق اور رفاہِ عامہ کا تصور در حقیقت حقوق العباد اور احترامِ انسانیت کے اسلامی فلسفے کی اساس ہے، جس سے اسلام میں اس کی عظمت و اہمیت کا پتا چلتا ہے۔زیرِ تبصرہ رسالہ ’’ماہنامہ المدینہ‘‘ کی اشاعت خصوصی بہت ہی عمدہ اور پرمغز مضامین کا مجموعہ ہے، جس میں خدمتِ خلق اور کفالتِ عامہ کو تعلیماتِ نبوی صلی اﷲ علیہ وسلم کی روشنی میں اجاگر کیا گیا ہے ۔ مدیرِ اعلیٰ اور اُن کے معاونین اس بہترین دینی ،علمی و ادبی کاوش پر مبارک باد کے مستحق ہیں، اﷲ تعالیٰ ان کی اس پر خلوص محنت کو قبول فرمائیں اور اجرِ جزیل عطاء فرمائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Time limit is exhausted. Please reload the CAPTCHA.