سید محمد کفیل بخاری
ابن امیر شریعت، قائد احرار، حضرت مولانا سید عطاء المؤمن بخاری دامت برکاتہم کی اہلیہ محترمہ ۴؍ رجب ۱۴۳۹ھ/۲۲؍ مارچ ۲۰۱۸ء بروز جمعرات انتقال کر گئیں۔ انا ﷲ وانا الیہ راجعون۔ اِنَّ لِلّٰہِ مَا اَخَذَ وَلَہٗ مَا اَعْطٰی وَ کُلّ شَیْءٍ عِنْدَہٗ بِأجَلٍ مُسَمًّی۔
مرحومہ، حضرت امیر شریعت کی بہو، حضرت پیر جی سید عطاء المہیمن بخاری کی بھاوج اور راقم کی ممانی تھیں۔ طویل عرصے سے علیل تھیں۔ ذیابیطس اور خون کی کمی کا عارضہ لاحق تھا۔ گزشتہ چھے ماہ سے مرض میں شدت آ گئی۔ جمعرات کی دوپہر طبی معائنے کے لیے نشتر ہسپتال لے جایا گیا لیکن کچھ ہی دیر بعد اچانک پیغامِ اجل آ گیا اور وہ دار الفناء سے دار البقاء کے سفر پر روانہ ہو گئیں۔ مرحومہ کی اولاد میں ایک فرزند سید عطاء اﷲ ثالث بخاری حفظہ اﷲ اور ایک بیٹی ہیں۔ حضرت مولانا سید عطاء المؤمن بخاری مدظلہ عرصہ آٹھ سال سے فالج کے عارضہ کی وجہ سے بستر علالت پر ہیں۔ بڑھاپے اور شدید علالت میں اہلیہ کی رحلت اُن کے لیے خاص طور پر اور خاندانِ امیر شریعت کے لیے ایک گہرا صدمہ ہے۔ جمعرات کو ہی بعد نمازِ عشاء دارِ بنی ہاشم میں اُن کے اکلوتے فرزند سید عطاء اﷲ ثالث بخاری نے نمازِ جنازہ پڑھائی اور جلال باقری قبرستان کے احاطۂ بنی ہاشم میں حرمِ امیر شریعت کے قدموں میں ہمیشہ کے لیے آسودۂ خاک ہو گئیں۔ نمازِ جنازہ میں علماء و مشائخ، دینی مدارس کے اساتذہ و طلباء، دینی و سیاسی و سماجی رہنماؤں و کارکنوں خصوصا ابناء امیر شریعت حضرت مولانا سید عطاء المؤمن بخاری مدظلہ، حضرت پیر جی سید عطاء المہیمن بخاری دامت برکاتہم، جامعہ خیر المدارس کے مہتمم مولانا محمد حنیف جالندھری مدظلہ، مولانا محمد ازہر(جامعہ کے دیگر اساتذہ)، مجلس احرار اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل جناب عبداللطیف خالد چیمہ، مولانا محمد زبیر صدیقی، ابن ابوذر سید محمد معاویہ بخاری اور مجلس احرارِ اسلام کے کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مرحومہ کو جوارِ رحمت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ درجات عطاء فرمائے۔ خطاؤں کو معاف اور حسنات کو قبول فرمائے۔ حضرت مولانا سید عطاء المؤمن بخاری مدظلہ، مرحومہ کے فرزند سید عطاء اﷲ ثالث بخاری، بیٹی اور خاندانِ امیر شریعت کو صبرِ جمیل عطاء فرمائے۔
احباب و قارئین سے درخواست ہے کہ مرحومہ کے لیے دعاءِ مغفرت اور ایصالِ ثواب کا خصوصی اہتمام فرمائیں۔ جن حضرات نے ذاتی طور پر خود تشریف لا کر اور فون کے ذریعے اظہارِ تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا ۔ہم اُن سب کے شکر گزار ہیں۔ اﷲ تعالیٰ انھیں جزاءِ خیر عطا فرمائے۔