تازہ ترین خبریں
آپ کو مجلس احرار کیسی لگی؟

مسافران آخرت

مجلس احرار اسلام رحیم یار خاں کے قدیمی کارکن اور ضلعی صدر حافظ محمد اشرف صاحب کمبوہ کے چچاصاحب مورخہ ۳؍دسمبر ۲۰۱۶ء کو انتقال کر گئے۔
مجلس احرار اسلام چنیوٹ کے امیراور مدنی مسجد کے خطیب مولانا محمد طیب معاویہ کے والد 18؍ دسمبر کو انتقال کرگئے۔ انھوں نے اپنے بیٹے کو بچپن سے ہی دین کے لیے وقف کیا اور دینی تعلیم کے لیے قائد احرار حضرت پیرجی مدظلہٗ کے سپرد کیا۔ اﷲ ان کی اس کوشش کو قبول کریں اور ان کے لیے صدقۂ جاریہ بنائیں۔
چیچہ وطنی میں مسجد ختم نبوت (رحمان سٹی) اور جماعت کے معاون ’’تحریک طلباء اسلام ‘‘ کے سابق کارکن محمد بلا ل ایڈووکیٹ کے بڑے بھائی محمد ثاقب ظفر (چک نمبر :39/14/L ،کسووال) 16نومبرکو انتقال کرگئے۔
مولانا مقبول احمد (سابق طالب علم دارالعلوم ختم نبوت ) بلاک نمبر15 چیچہ وطنی کے والد گرامی اور چیچہ وطنی جماعت کے معاون بھائی نصیر احمد (رحمان سٹی) کے چچا جان 7 دسمبر بروز منگل انتقال فرماگئے ۔
مجلس احرار اسلام ضلع اوکاڑہ کے قدیم مخلص کارکن غلام دستگیر کے والد گرامی مولانا منظور احمد( موضع بارن پور) یکم دسمبر جمعرات کو انتقال فرماگئے ۔
مدرسہ معمورہ ملتان کے مدرس مولانا نعمان سنجرانی کے تایا، قدیم احرار کارکن عزیز الرحمن سنجرانی مرحوم اور جناب حفیظ الرحمن کے بڑے بھائی اور جناب عاصم سنجرانی کے والد ماجد حافظ عبد الرحمن سنجرانی رحمہ اﷲ، انتقال: ۲۷؍ ربیع الاول ۱۴۳۷ھ / ۲۷؍ دسمبر ۲۰۱۶ء
مجلس احرار اسلام ومسجد ختم نبوت رحمان سٹی چیچہ وطنی کے معاون چوہدری محمد ندیم کے والد گرامی چوہدری ولی محمد 30نومبر کو انتقال کرگئے ان کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں چک نمبر 31.11.L میں ادا کی گئی۔
ماسٹر محمد ندیم شہزاد ،چیچہ و طنی ۔ (چک نمبر 45/12.L ) 23دسمبر جمعۃ المبارک علی الصباح لاہور جاتے ہوئے اپنے دوستوں کے سمیت حادثہ میں وفات پاگئے ۔مرحوم انتہائی نیک سیرت وصالح اور ہردلعزیز نوجوان تھے ، دینی ذوق کے حامل اور علمائے دین سے گہری عقیدت ومحبت رکھتے تھے ،تقریباً دس سال قبل ان کی ملازمت کا تعلق چک نمبر 42/12.L کے گرلز سکول سے ہوا ۔توحضرت حافظ عبدالرشید چیمہ مرحوم(مدفون جنت البقیع) کے مدرسہ عربیہ رحیمیہ میں مدرسہ کے طلباء کو سکول کی تعلیم پر مامور ہوئے ۔جماعتی تعلق جمعیت علماء اسلام سے قائم ہوا ،گذشتہ سال اپریل میں مولانا دین محمد شوق ؒ کے انتقال کے بعد مدرسہ عربیہ رحیمیہ 42/12.L اور دفتر مجلس احرار اسلام ودارالعلوم ختم نبوت چیچہ وطنی کے اکا ؤنٹنٹ (محاسب) کے طور پر خدمات انجام دینے لگے ،حاجی عبداللطیف خالد چیمہ ، حافظ حبیب اﷲ چیمہ اور ان کے احباب کے ساتھ خصوصی تعلق ومحبت کرتے تھے اور یہ سب کچھ حافظ عبدالرشید چیمہ ؒ کی نسبت سے تھا ۔خانقاہ سراجیہ اور حلقۂ احرار وجمعیت کے ساتھ والہانہ محبت رکھتے تھے ۔حاجی عبداللطیف خالد چیمہ کے رفیق سفر ہو نے کا بہت شوق رکھتے تھے اور کئی اسفار ان کے ساتھ کرتے رہے ،حادثہ والے دن بھی حاجی صاحب کی ہمراہی میں سیالکوٹ کے سفر کا ارادہ رکھتے تھے لیکن تقدیر کے فیصلے بہرحال انسانی تدبیروں پر غالب آکر رہتے ہیں ،حادثہ میں انتقال کرجانے والے تینوں حضرات کی نماز جنازہ 23؍ دسمبر جمعۃ المبارک کو 45/12.L میں ادا کی گئی ۔ جس میں گاؤں اور گرد ونواح کے لوگوں کی بہت بڑی تعداد شریک ہوئی ،نماز جنازہ میں قاضی محمد ذیشان آفتاب ،قاری محمد قاسم ،حافظ حبیب اﷲ چیمہ ،مولانا منظور احمد ،قاری محمد سدید ،حافظ حبیب اﷲ رشیدی ،قاری محمد سعید ،حکیم محمد قاسم ،شاہد حمید ،قاضی عبدالقدیر ،سعید احمد عارفی سمیت اکثر ساتھیوں نے شرکت کی۔
سید محمد کفیل بخاری کی پھوپھی ،سید عطاء المنان بخاری کی خالہ اور سید محمد اویس بخاری کی والدہ ماجدہ 8؍ دسمبر کو گوجرانوالہ میں انتقال کر گئیں۔
حاجی محمد احمد صاحب رحمہ اﷲ :شیخ التفسیر مولانا احمد علی لاہوری رحمۃ اﷲ علیہ کے خادم خاص حاجی دین محمد رحمۃ اﷲ علیہ (بادامی باغ،لاہور)کے فرزند اکبر حاجی محمد احمد صاحب 14؍ دسمبر کولاہور میں انتقال کرگئے ۔آپ کی عمر سو سال تھی، جناب فضل احمد اور جناب حبیب احمد آپ کے چھوٹے بھائی ہیں، جناب عزیز احمد اور خلیل احمد آپ کے فرزندان ہیں۔ حاجی دین محمد رحمتہ اﷲ علیہ کا حضرت امیر شریعت سید عطاء اﷲ شاہ بخاری رحمۃ اﷲ علیہ کے ساتھ بہت گہرا تعلق تھا ،و ہ شاہ جی کے بھائی بنے ہوئے تھے اور لاہور میں ہمیشہ ان کے میزبان رہے ۔اس تعلق کو خود حاجی صاحب ،آپ کی اولاد اور خاندان نے خوب نبھایا اور اب تک نبھاتے چلے آرہے ہیں ۔حاجی محمد احمد صاحب مرحوم نے حضرت لاہوری اور حضرت امیر شریعت کو خوب دیکھا ،سنا تھا ۔زندگی کے آخری ایام تک وہ انہی بزرگوں کا تذکرہ کرتے رہے، انہیں یاد کرتے رہے اور ان کے واقعات سناتے رہے ۔انہوں نے اپنی اولاد اور خاندان کو انہی اکابر کے ساتھ جوڑا، اﷲ تعالیٰ ان کے حسنات قبول فرمائے اور خطائیں معاف فرمائے اور مغفرت فرما کر اعلیٰ علیین میں جگہ عطافرمائے ۔آپ کے برادران ،فرزندان اور تمام پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔(آمین)
احباب و قارئین سے درخواست ہے کہ تمام مرحومین کے لیے ایصالِ ثواب اور دعاءِ مغفرت کا خاص اہتمام فرمائیں۔ اﷲ تعالیٰ سب کی مغفرت فرمائے، حسنات قبول فرمائے اور اعلیٰ علیین میں جگہ عطاء فرمائے۔ پسماندگان کو صبر جمیل اور اجر عظیم عطاء فرمائے۔
دعاءِ صحت
مجلس احرار اسلام کے مرکزی رہنما ابن امیر شریعت مولانا سید عطاء المومن بخاری دامت برکاتہم شدید علیل ہیں
حضرت مولانا خواجہ خان محمد رحمتہ اﷲ علیہ کے فرزند گرامی جناب خواجہ رشید احمد صاحب گزشتہ ایک سال سے کومے میں ہیں
مجلس احرار اسلام بہاول پور کے صدر قاری عبدالعزیز صاحب, مدرسہ معمورہ کا سابق طالب علم حافظ محمد اویس سنجرانی علیل ہے
سید محمد کفیل بخاری کے چچا محترم سید غلام مصطفی شاہ صاحب علیل ہیں, سید محمد کفیل بخاری کی بھانجی اور مفتی سید صبیح الحسن کی ہمشیر علیل ہیں  لاہور کے بزرگ احرار کارکن چودھری محمد اکرام صاحب طویل عرصے سے علیل ہیں
مجلس احرار اسلام چکڑالہ ضلع میانوالی کے کارکن اولیا خان شدید علیل ہیں
مجلس احرارِ اسلام چشتیاں کے کارکن حافظ فاروق احمدعلیل ہیں
احباب وقارئین سے درخواست ہے کہ تمام مریضوں کی صحت یابی کے لیے دعا ء فرمائیں، اﷲ تعالیٰ انہیں شفاکاملہ عطا فرمائے ۔

ء ء ء

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Time limit is exhausted. Please reload the CAPTCHA.