نامساعد حالات کے باوجود عقیدۂ ختم نبوت کی پرامن اور آئینی جدوجہد ہرحال میں جاری رکھی جائے گی. عبداللطیف خالد چیمہ
مجلس احراراسلام پاکستان کے شعبۂ تبلیغ تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنماؤں اور مبلغین کے ایک اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ نامساعد حالات کے باوجود عقیدۂ ختم نبوت کی پرامن اور آئینی جدوجہد ہرحال میں جاری رکھی جائے گی اور فتنۂ قادیانیت کی تباہ کاریوں سے امت کو آگاہ کرنے کے لئے اپنا کردار جاری رکھیں گے ،یہ اجلاس گزشتہ روز مجلس احراراسلام پاکستان کے مرکزی نائب امیر سید محمد کفیل بخاری کی صدارت میں مرکزی دفتر نیومسلم ٹاؤن لاہور میں منعقد ہوااور اس میں سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ ،ناظم تبلیغ مولانامحمد مغیرہ،قاری محمد یوسف احرار،میا ں محمد اویس،قاری محمد ضیاء اللہ ہاشمی،مولاناتنویرالحسن نقوی،قاری محمد قاسم،مفتی ذیشان آفتاب،قاری محمد آصف،محمد قاسم چیمہ،مہراظہر حسین وینس،قاری طاہر عباس اورعبدالمنان معاویہ نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شعبۂ تبلیغ کادفتر دارالمبلغین ،دفتر مرکزیہ نیو مسلم ٹاؤن لاہور میں قائم کیا جائیگا اور ہر تین ماہ کے بعد شعبۂ تبلیغ کا اجلاس لاہور میں ہوا کرے گا ،جہاں سہ ماہی کارکردگی اورجائزہ رپورٹ پیش ہوا کرے گی ،اجلاس کے فیصلے کے مطابق ملک بھر میں قادیانی ریشہ دوانیوں اور ملک دشمن سرگرمیوں کو واچ کرکے ایک رپورٹ مرتب کی جایا کرے گی اور میڈیا ہاؤسز سے رابطے کا اہتمام بڑھایا جائے گا، اجلا س میں ایک قراردادکے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ آج ٹی وی چینل کے سابق اینکر حمزہ علی عباسی کے خلاف توہین ختم نبوت اور توہین آئین پاکستان کے الزام میں مقدمہ درج کیا جائے ،دوسری قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ چند روز پیشتر ضلع بدین کے علاقے قائد آباد(سندھ)میں دہشت گردی کی ایک بڑی کاروائی کی تیاری کرتے ہوئے گرفتار ہونیوالے24قادیانیوں کا مقدمہ انسداددہشت گردی کی عدالت میں چلایا جائے اور امتناع قادیانیت ایکٹ پر مؤثر عمل درآمد کرایا جائے ۔سید محمدکفیل بخاری نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کے قانون کے تحفظ کے لئے ہماری پرامن جدوجہد ہمارے ایمان کی بنیاد ہے اور یہ ہرحال میں جاری رہے گی ،عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ ہماری جدوجہد قانون وآئین کے دائرے میں ہے اور یہ ملک جس مقصد کے لئے بنا تھا وہ پورا ہوکررہے گا یعنی پاکستان اسلامی فلاحی ریاست بنے گی اور آخر کار امریکی استعماری تسلط ختم ہوکررہے گا۔انہوں نے کہاکہ ترکی کے عوام کے مزاحمتی کردار کو سلام پیش کرتے ہیں ۔