مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید عطاء المہیمن بخاری، نائب امیر سید محمد کفیل بخاری اور سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے جامعہ خیر المدارس کے شیخ الحدیث مولانا محمد صدیق رحمہ اللہ کے انتقال پر تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ مولانا محمد صدیقؒ عالم باعمل، تقویٰ اور اتباعِ سنت کی عظیم الشان مثال تھے۔ وہ استاذ العلماء حضرت مولانا خیر محمد جالندھریؒ کے مایہ ناز شاگرد اور اُن کے علوم و معارف کے امین تھے۔ مولانا مرحوم، جانشینِ امیر شریعت مولانا سید ابوذر بخاریؒ کے ہم سبق و ہم درس تھے۔ خیر المدارس جالندھر او رپھر ملتان میں ایک ساتھ پڑھتے رہے۔
مولانا محمد صدیق نے کم و بیش ساٹھ سال تفسیر و حدیث کا در س دیا۔ سیکڑوں علماء نے اُن سے حدیث پڑھی اور ہزاروں مسلمانوں نے اُن کے مواعظ و بیانات سے استفادہ کیا۔ مولانا کی دینی و علمی اور تدریسی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ملک بھر کے دینی حلقے ایک مشفق استاد، ایک مربیّ و شیخ اور پیکر علم و عمل ہستی سے محروم ہو گئے۔ اللہ تعالیٰ اُن کے درجات بلند فرمائے۔