لاہور(پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ ترکی میں ہونے والی بغاوت کو ترک عوام نے ناکام بنا کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ غیرآئینی اور غیر جمہوری طریقے سے اقتدار پر قبضہ کرنا عالمی استعمار اور اس کے ایجنٹوں کا طریقہ واردات ہے جو ترکی میں دیگر وجوہ کے علاوہ اس وجہ سے بھی نا کام ہوا کہ طیب اردگان نے لوگوں کے مسائل کو حل کیا ہے اور ترکی کو ترقی کی راہوں پر گامزن کر دیا تھا وہ لاہور اور ضلع گجرات کے چار روزہ دورے سے واپسی پر دفتر احرار جامع مسجد چیچہ وطنی میں کارکنوں سے بات چیت کر رہے تھے،انہوں نے کہا کہ باغی فوج کا یہ حملہ صرف ترکی پر نہیں تھا بلکہ پورے عالم اسلام پر حملہ تھا۔انہوں نے کہا کہ طیب اردگان کی جرأت مندانہ قیادت اور عوام کی بے مثال قربانی کو ہم سلام کرتے ہیں،انہوں نے اسلامی سربراہ کانفرنس کی تنظیم او آئی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی صورت حال پر خاموش تماشائی بننے کی بجائے ایک مضبوط و مؤثر کردار ادا کرے اور امریکی پالیسیوں کو مسترد کرنے کا مستقل بنیادوں پر اعلان کرے۔