ملتان (پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے دارِ بنی ہاشم میں اجتماع جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یکم ستمبر سے عشرۂ ختم نبوت کی تقاریب شروع ہو گئی ہیں۔ آج ملک بھر کے اجتماعات جمعہ میں ختم نبوت کے عنوان پر ائمہ وخطباء نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ 7؍ ستمبر 1974 کو پاکستان کی پارلیمنٹ نے متفقہ طور پر آئین میں ترمیم کر کے قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دیا تھا۔ یہ فیصلہ شہداء ختم نبوت اکابر احرار اور علماء حق کی قربانیوں اور مسلسل جد وجہد کا نتیجہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ قادیانی، امت مسلمہ کی لٹی ہوئی متاع ہیں۔ مسلمان، حضور خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوۂ حسنہ اور آپ کے اخلاق کریمانہ کی روشنی میں انہیں اسلام کی دعوت دیں۔ انہوں نے کہا کہ قادیانی، حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے دامن رحمت میں آکر امت مسلمہ میں شامل ہوں اورشفاعت کے مستحق بنیں۔
سید محمد کفیل بخاری نے کہا کہ مجلس احرار اسلام آئین کی اسلامی دفعات کے تحفظ کے لیے پر امن آئینی جدو جہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ 7؍ستمبر کو ملک بھر میں اس آئینی فیصلے اور ملکی تاریخ کے یادگار دن کے حوالے سے اجتماعات منعقد کرے گی۔