تازہ ترین خبریں
آپ کو مجلس احرار کیسی لگی؟

اخبارختم نبوت

شان تاثیرکیخلاف توہین رسالت کا مقدمہ درج کیا جائے: عبد اللطیف
(لاہور،یکم جنوری) متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنوینر عبد اللطیف خا لد چیمہ نے سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے فرزند شان تاثیر کی توہین رسالت قانون کے خلاف ہرزہ سرائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شان تاثیر کا توہین رسالت قانون کو غیر اِنسانی قرار دینابذاتِ خود توہین انسانیت ہے کہ محسن انسانیت جناب نبی کریم ﷺ کی توہین کا حق مانگنے والے کونسی انسانیت کی خدمت کرنا چاہتے ہیں،انسانیت کا سبق دنیا کو اسلام نے ہی دیا ہے اس لئے شان تاثیر اور ان کے ہمنوا ؤں کو مسلمانوں کے جذبات سے نہیں کھیلنا چاہیے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ شان تاثیر کے خلاف توہین رسالت کرنے اور توہین رسالت کے جذبات ابھارنے کے حوالے سے مقدمہ درج کرکے سخت سزا دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ شان تاثیر پرصرف مذہبی منافر ت کا مقدمہ درج کرنا ،دراصل اسے بچانے کی شعوری وناکام کوشش کا حصہ ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ مقدمہ 295 سی کے تحت درج کیا جائے اور توہین رسالت کرنے والے ملزمان کی سرکاری سطح پر حوصلہ افزائی کا رویہ ترک کردیا جائے۔
قائداعظم یونیورسٹی: نوٹیفیکیشن واپس لیاجائے:ختم نبوت کمیٹی
(لاہور،4جنوری)متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان نے وزیر اعظم پاکستان کی سمری اور ایڈوائس کے بعد صدر مملکت ممنون حسین کی جانب سے اسلام آباد کی قائد اعظم یونیورسٹی سنٹر فار فزکس کا نام تبدیل کرکے ڈاکٹر عبدالسلام سنٹر فار فزکس رکھے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس فیصلے کو ہدف تنقید بنایا ہے اور کہاہے کہ یہ عمل اسلام اور پاکستان کے واضح اور علانیہ دشمن کو نوازنے کے مترادف ہے ،مجلس احرارا سلام پاکستان کے امیر سید عطاء المہیمن بخاری، تنظیم اسلامی پاکستان کے امیر حافظ عاکف سعید، شریعت کونسل کے سیکرٹری جنرل مولانا زاہدالراشدی ،جمعیت علماء اسلام کے سیکرٹری جنرل مولاناعبدالرؤف فاروقی، جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ کے صدر مولانا محمد الیاس چنیوٹی (ایم پی اے)، قاری شبیر احمد عثمانی اور قاری محمد رفیق وجھوی ،مرکزی جمعیت اہلحدیث کے ڈپٹی سیکرٹری رانا محمد شفیق پسروری اور کئی دیگر ہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان اور ردِ عمل میں کہاہے کہ قادیانی آنجہانی ڈاکٹر عبدالسلام نے 7 ستمبر 1974 ء کو قومی اسمبلی کی متفقہ قرار دادِ اقلیت کو ماننے سے انکار کیا تھا،ان رہنماؤں نے کہاکہ سابق بیورو کریٹ زاہد ملک کے حوالے سے یہ بات تاریخ کے ریکارڈ پر ہے کہ 1984 ء میں پاکستان کے ایٹمی راز ڈاکٹر عبدالسلام نے امریکہ کے حوالے کیے ،اس سب کچھ کے باوجود نیشنل سنٹر فار فزکس کا نام ڈاکٹر عبدالسلام قادیانی کے نام منسوب کرنا، ایک اسلام اور وطن دشمن کو ہیرو بنا کر پیش کرنے کے مترادف ہے اور اس سے یہ محسوس ہوتا ہے جیسے کسی بڑے مسلمان سائنسدان کے نام پر یہ نام رکھا جا رہا ہے،متحدہ تحریک ختم بنوت رابطہ کمیٹی پاکستان نے اس نو ٹیفیکیشن کے اثرات و مضمرات اور آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے صلاح مشورہ شروع کر دئیے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر عبدالسلام کے حوالے سے جب یہ خبر آئی تو دینی جماعتوں نے اپنا پرامن اور مناسب رَدِ عمل دے دیا تھا ،لیکن المیہ یہ ہے کہ پرامن احتجاج ریکارڈ کرانے کو شائد ہمارے ہاں احتجاج سمجھا ہی نہیں جاتا اور اپنی ہٹ دھرمی یا بیرونی کفریہ ایجنڈے کو لازم سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ یہ نوٹیفیکیشن واپس لیا جائے۔
سلمان تاثیر کی برسی : مذہبی ریلی ‘ تصادم‘لاٹھی چارج
لاہور (خصوصی نامہ نگار) لاہور کے علاقہ کلمہ چوک میں ریلی نکالنے والے مذہبی تنظیم کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان تصادم میں 4 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ۔لاٹھی چارج ، شیلنگ سے مذہبی تنظیم کے متعدد کارکن بھی زخمی ہو گئے، جبکہ200 کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ مذہبی تنظیم کے کارکنوں اور پولیس افسروں میں ہونیوالے مذاکرات ناکام ہونے پر پولیس نے کارروائی کی۔ شر کاء لبرٹی کو جانب بڑھنے سے روک دیا۔جس پر تصادم شروع ہو گیا پتھراؤ ، شیلنگ سے پورا علاقہ میدان جنگ بنا رہا پولیس کی بھاری نفری علاقہ میں تعینات کر دی گئی۔مطالبات کی منظوری کے لئے تحریک لبیک یا رسول اﷲ کی جانب سے ریلی نکالی گئی تھی۔
(روزنامہ ’’نوائے وقت‘‘،لاہور۔5جنوری 2016)
حکومتی قادیانیت نوازی پر ملک گیر احتجاج
(لاہور،07؍جنوری)متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کی اپیل پر گزشتہ روز تمام مکاتیبِ فکر کے علماء کرام،دینی رہنماؤں اورخطباء ِعظام نے اجتماعات ِجمعتہ المبارک میں قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے سینٹر فار فزکس کو آنجہانی قادیانی ڈاکٹر عبدالسلام کے نام منسوب ومخصوص کرنے کے حکومتی و صدارتی فیصلے پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے اِسے واپس لینے ، قادیانیت نوازی ترک کرنے ،قانون توہین رسالت کو ہرگز نہ چھیڑنے ،چناب نگر کے سرکاری تعلیمی ادارے قادیانیوں کو واپس نہ کرنے ، دُوالمیال کی مقبوضہ مسجد مسلمانوں کو واپس کرنے اور وہاں ایک مسلمان محمد نعیم کو شہید کرنے والے قادیانیوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔مجلس احرارا سلام پاکستان کے امیرحضرت پیرجی سید عطاء المہیمن بخاری مدظلہ‘ نے چنیوٹ ، تنظیم اسلامی پاکستان کے امیر حافظ عاکف سعید نے لاہور،پاکستان شریعت کونسل کے سیکرٹری جنرل مولانا زاہدالراشدی نے گو جرانوالہ، مولانا عبدالرؤف فاروقی نے لاہورکے علاوہ عبداللطیف خالد چیمہ ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ،قاری محمد رفیق وجھوی ، قاری شبیر احمد عثمانی،رانا محمد شفیق خان پسروری ،سید محمد کفیل بخاری ، مولانا محمد مغیرہ،مولانا مخدوم عاصم، قاری محمد یوسف احرار،مفتی ہارون مطیع اﷲ ، مفتی عطاء الرحمن قریشی ، مولانا تنویر الحسن ،حافظ محمد ضیاء اﷲ ہاشمی، پیر ابوذر غِفاری اور کئی دیگر رہنماؤں نے مختلف مقامات پرا پنے اپنے خطابات و بیانات میں واشگاف الفاظ میں کہاہے کہ جنرل(ر)پرویز مشرف اور نواز شریف کی حکومت قادیانیت نوازی اور اِرتداد پروری میں یکساں ہے،قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری نے کہاکہ عقیدہ ٔ ختم نبوت کے تحفظ کی آبیاری، حضراتِ صحابہ کرام رضی اﷲ عنہم اور شہداءِ ختم نبوت کے مقدس خون سے ہوئی ہے ، اس عقیدے پر وَار کرنے والے ذلت ورسوائی سے دوچار ہو کر رہیں گے، لیکن ہمیں اتفاق و اتحاد کے ساتھ تحریک ختم نبوت اور تحریک تحفظ ناموس رسالت کو ہر حال میں آگے بڑھانا ہے۔ تاکہ اسلام اور وطن کے دشمن شکست سے دوچار ہو جائیں۔حافظ عاکف سعید نے کہاکہ دستور کی اسلامی دفعات خطرے میں ہیں،پالیسی ساز اداروں میں قادیانی مسلط کئے جا رہے ہیں اور غداروں کو ہیرو قرار دیا جا رہاہے ۔ مولانا زاہدالراشدی نے کہاکہ عقیدہ ٔ ختم نبوت کی فضیلت و اہمیت کم نہیں کی جاسکتی۔ امریکی استعمار اور بیرونی لابیاں معاہدات کے ذریعے حکومتیں چلا رہی ہیں ،اور ہمارے کلچر اور عقیدے پر وَار کر رہی ہیں۔ مسلمانوں کو بین الاقوامی سطح پر اس صورتحال کا اِدراک کرکے عالمی و بیرونی دباؤ کو مسترد بھی کرناچاہیے اور اس کے سامنے بند بھی باندھنا چاہیے، مولانا عبدالرؤف فاروقی نے کہاکہ ڈاکٹر عبدالسلام کی مسلّمہ اسلام اور پاکستان دشمنی کے باوجو د اُس کو نوازنا، نسلِ نو کے سامنے اُس کو آئیڈ یل مسلم سائنس دان کے طور پر پیش کرنے کے مترادف ہے۔ اِس سے نسلِ نو کے ذہنوں میں کفر دوستی اور قادیانیت نوازی پیدا کرنا مقصود ہے،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاکہ جماعت اسلامی ،متحدہ تحریک ختم نبوت پاکستان کے مؤقف کی مکمل تائید و حمایت کا اعلان کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ شان تاثیر کو بچانے والی قوتیں وہی ہیں جو ملعونہ آسیہ مسیح کو تحفظ دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ناموسِ رسالت کے تحفظ کا عقیدہ اُمت کے لیے شہ رگ کی حیثیت رکھتا ہے ، سید محمد کفیل بخاری نے کہاکہ ایک گستاخِ رسول کی یاد میں لاہور میں شمعیں روشن کرنے اور موم بتیاں جلانے والوں کے دل سیاہ ہو چکے ہیں، انہوں نے کہاکہ چار جنوری کو لاہور مذہبی جماعتوں نے بند نہیں کیا ،بلکہ سرکاری انتظامیہ اور وزیر اعلیٰ ہاؤس پنجاب میں بیٹھے ہوئے قادیانیوں نے احتجاج رُکوانے کے لیے یہ ڈرامہ کیا تھا ، جس سے لوگوں کو تکلیف پہنچی۔ جس کی بنیادی ذمہ داری شہباز شریف پرعائد ہوتی ہے ، متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی کے کنوینر عبداللطیف خالد چیمہ نے کہاکہ قادیانی ڈاکٹر عبدالسلام نے 1984 ء میں پاکستان کے ایٹمی راز امریکہ کو دئیے اور اس کی گواہی سابق وزیر خارجہ صاحبزادہ یعقوب علی خان نے دی ہے، علاوہ ازیں چناب نگر ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، کمالیہ ، بورے والہ ، دیپال پور ، ساہیوال ، اوکاڑہ ، چیچہ وطنی ، ملتان ، ظفروال ، جھنگ ،گجرات ، تلہ گنگ ، رحیم یار خان ، کراچی، پشاور سمیت متعدد شہروں اور قصبات سے ختم نبوت رابطہ کمیٹی کی اپیل پر احتجاج اور قراردادوں کی تائید اور حمایت کی اطلاعات مرکزی دفتر لاہور میں موصول ہوئی ہیں۔مجلس احرار اسلام لاہور کے سیکرٹری جنر ل قاری محمد قاسم نے بتایا ہے کہ لاہور کی پانچ سو سے زائد مساجد میں اس مسئلہ پر صدائے احتجاج بلند کی گئی ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت قادیانیت نوازی ترک کردے اور اقتدار کے ایوانوں کی بالکونیوں میں بیٹھے ہوئے دین دشمن، وطن دشمن عناصر کو نکال باہر کیا جائے ، علماء کرام نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ قائد اعظم کا جنازہ نہ پڑھنے والے موسیومسٹر ظفر اﷲ خان قادیانی کو جواُس وقت وزیر خارجہ تھے کو سرکاری سطح پر غدار قرار دیا جائے ،نیز قادیانیوں کو سول اور فوج کے اہم عہدوں سے الگ کیا جائے
سانحۂ دُوالمیال کے قاتلوں کو گرفتارکیا جائے:ہیومن رائٹس فاؤنڈیشن
(لاہور،08جنوری ) ہیومن رائٹس فاؤنڈیشن پاکستان کے چیئر مین چودھری محمد ظفر اقبال ایڈو وکیٹ نے سانحہ دوالمیال (12 ربیع الاول ) کے موقع پر قادیانیوں کے ہاتھوں ایک مسلمان محمد نعیم کی شہادت کے مقدمے کو اِنسدادِ دہشت گردی کورٹ میں چلانے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ مسجد مسلمانوں کو واپس کی جانی ضروری ہے ۔تاکہ فساد کی جڑ ختم ہو ۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہیومن رائٹس فاؤنڈیشن پاکستان کی مقرر کردہ کمیٹی نے سانحہ دوالمیال کے کوائف اکھٹے کر لیے ہیں۔ جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ قاتل پارٹی کی طرف داری کی جارہی ہے جو اِنصاف اور غیر جانب داری کو متاثر کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قاتل پارٹی کے دو اور مقتول پارٹی کے سینکڑوں افراد گرفتار ہیں۔ گرفتاریوں کا یہ تناسب بھی قرینِ قیاس نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس مقدمے میں مقتول پارٹی کی ایف آئی آر کا درج نہ ہونا انتہائی تشویش ناک ہے اور اس کو اگر اسی طرح دبایا گیا توکشیدگی کم ہونے کی بجائے بڑھنے کا امکان زیادہ ہے ۔
دُوالمیال:اسیرانِ ختم نبوت کے گھروں میں راشن اورعطیات تقسیم
تلہ گنگ(12؍جنوری) پاکستان مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنماحافظ عماریاسر نے کہا ہے کہ ختم نبوت ہمارے ایمان کی اساس ہے۔دوالمیال کے اسیرانِ ختم نبوت کی اخلاقی وقانونی امدادسے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے سانحۂ دوالمیال کے اسیروں کے لیے امدادی سامان لے جانے والے وفدکی روانگی کے موقع پر کیا۔حافظ عماریاسرنے کہا کہ ہم آئندہ بھی ختم نبوت کے قیدیوں کے اہل خانہ کے لیے مالی امدادوتعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔انہوں نے مجلس احراراسلام کے کارکنوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ تحفظ ختم نبوت کے مقدس مشن کے محاذپر سرگرم عمل ہرمسلمان ہمارے لیے قابل صداحترام ہے۔دوالمیال کے متاثرہ مسلمانوں کے لیے احرارکی خدمات قابل تحسین ہیں۔حافظ عماریاسرنے کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں ہم دُوالمیال کے مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اوراُن کی ہرقسم کی امدادہمارادینی فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ اس علاقہ میں مسلمانوں کی ناجائز پکڑدھکڑ نے حکومت کی اسلام پسندی سے نقاب اٹھادیاہے۔ قادیانی دہشت گرد، مسلمان نوجوان کو شہید اورکئی افرادکو فائرنگ کرکے زخمی کرنے میں ملوث ہیں،اس کے باوجودقادیانیوں کو نکیل ڈالنے کی بجائے الٹامسلمانوں ہی پرعرصۂ حیات تنگ کردیاگیاہے۔ جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔حافظ عماریاسرنے ذاتی خرچ پر اسیرانِ ختم نبوت کے درجنوں خاندانوں کے لیے دوماہ کا راشن اورنقدعطیات بھجوائے۔امدادی سامان اوررقوم مسلم لیگ ق کے رہنما حاجی طلحہ زبیراورمجلس احراراسلام کے رہنما مولانا تنویرالحسن نے دوالمیال جاکر متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کیں اورانہیں مزیدہمدردی وتعاون کا یقین دلایا۔جس پردوالمیال کے مسلمانوں نے حافظ عماریاسرکے اس ایثاراورقربانی پر ان کا شکریہ اداکیا۔
متحدہ ختم نبوت کمیٹی کے رہنماؤں کے دینی رہنماؤں سے رابطے
(لاہور،14؍جنوری) متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان نے قائد اعظم یورنیورسٹی اسلام آباد کے سینٹر فار فزکس کو ڈاکٹر عبدالسلام قادیانی کے نام سے موسوم کرنے ،چناب نگر (ربوہ) کے سرکاری تعلیمی ادارے قادیانیوں کی دینے کے اعلان اور حکومت کی مسلسل قادیانیت نوازی پالیسیوں کو بے نقاب کرنے کے لیے دینی حلقوں کو بیدار اور عوامی حلقوں کو آگاہی مہم کے ساتھ ساتھ اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کو صورتحال سے آگاہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے ۔ ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنونیر عبداللطیف خالد چیمہ نے اس سلسلہ میں گزشتہ روز جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ اور مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل مولانامحمد شفیق خان پسروری سے ملاقات کر کے رابطہ کمیٹی کے مجوزہ پرو گرام پر تبادلہ خیال کیا ۔ مجلس احرار اسلام لاہور کے سیکرٹری جنرل قاری محمد قاسم بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے ختم نبوت رابطہ کمیٹی کی جد و جہد کی مکمل تائید وحمایت کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ،ختم نبوت رابطہ کمیٹی کی سرگرمیوں کو بڑی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے میرا تاریخی اورمورثی پس منظر بھی ہے کہ میرے والد گرامی مولانا گلزار احمد مظاہری مرحوم نے مجلس احرار اسلام میں طویل عرصہ کام کیا ہے ۔ علاوہ ازیں انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ کے سربراہ سیکرٹری قاری محمد رفیق وجھوی نے مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی دفتر نیو مسلم ٹاؤن لاہور میں ختم نبوت رابطہ کمیٹی کے کنونیر عبداللطیف خالد چیمہ سے ملاقات کر کے تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے ضروری صلاح مشورے کیے ۔
توہین رسالت قانون میں ترمیم برداشت نہیں کریں گے :ختم نبوت رہنما
چنیوٹ (نمائندہ امت ) توہین رسالت کا قانون نہ چھیڑا جائے ،توہین رسالت ایکٹ میں ذرہ برابر ترمیم برداشت نہیں کی جائے گی ، قائد اعظم یونیورسٹی کے شعبے کا آنجہانی قادیانی ڈاکٹر سے انتساب واپس لیا جائے اور حکومت قادیانیت نوازی ترک کر ے آئین پاکستان میں مداخلت کر کے قادیانی ملکی دفاع کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں ، انہیں فوری طور پر کلیدی عہدوں سے فارغ کیا جائے ، ان خیالات کا اظہار انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان کے امیر رکن پنجاب اسمبلی مولانا محمد الیاس چنیوٹی، رابطہ سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد رفیق وجھوی، شیخ الحدیث مولانا محمد عبدالوارث و دیگر نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا
(روزنامہ’’امت‘‘،کراچی۔15؍جنوری2016)
مولانا عبدالحفیظ مکی امیرانٹرنیشنل ختم موومنٹ نبوت انتقال کرگئے
لاہور(نمائندہ خصوصی)انٹر نیشنل ختم نبوت کے مرکزی امیر فضیلۃ الشیخ حضرت مولانا عبدالحفیظ مکی جنوبی افریقہ کے تبلیغی وخانقاہی دورہ کے دوران اچانک حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال کر گئے ۔ مولانا عبدالحفیظ مکی ،شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا کاندھلویؒ کے خلیفہ مجاز تھے ۔ان کی تمام زندگی عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ،دعوت وتبلیغ، مدارس اور خانقاہوں کو قائم کرنے میں گزری ۔مولانا عبدالحفیظ مکی امرتسر میں پیدا ہوئے ۔ پاکستان بننے کے بعدخاندان سمیت فیصل آباد منتقل ہوگئے۔ بعد میں آپ کے والد ملک عبدالاحد مکی ؒکو سعودی شہریت ملنے کے بعد آپ سعودی عرب چلے گئے۔ مولانا عبدالحفیظ مکی نے پسماندگان میں 4بیٹے اور بیوہ سمیت لاکھوں عقیدت مند ،مریدین اور کارکن سوگو ار چھوڑے۔ مولانا عبدالحفیظ مکی کی وفات پر مختلف دینی اورمذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی تمام زندگی عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور اسلام کی اشاعت میں گزری۔ انہوں نے مرحوم کے لیے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ۔(روزنامہ’’نوائے وقت‘‘،لاہور۔17؍جنوری2016)
سانحہ دوالمیال کا چالان انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش
چکوال (نمائندہ امت) سانحہ دوالمیال کا چالان انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کر دیا گیا ۔ جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی شعیب دستگیر نے دیگر ممبران کے ہمراہ تفتیش مکمل کر کے 57مسلمانوں،4قادیانیوں کو جرم دار قراردیتے ہوئے انہیں نامز کر دیا ہے ۔جبکہ 11ملزمان کو بے گناہ قراردے دیا گیا ہے ، گرفتار ملزمان میں سابق تحصیل ناظم چو آسیدن شاہ ملک حفیظ الرحمن ، وائس چیئر مین یو سی دوالمیال فیاض احمد فیضی بھی شامل ہیں ، مسلمان ملزمان کے خلاف انسداد دہشتگردی اور دیگر دفعات عائد کی گئی ہیں ، جبکہ چا رقادیانیوں ریاض ملک ، نویدملک ، خرم ابرار اور عنصر ملک کے خلاف مسلمان نوجوان نعیم شفیق کے قتل کی اضافی دفعہ بھی شامل ہے ، میلا د النبی کے روز قادیانیوں اور مسلمانوں کے درمیان تصادم کے نتیجہ میں نعیم شفیق جاں بحق، جبکہ چار افراد شدید زخمی ہو گئے تھے ، مقدمہ انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی میں زیر سماعت ہے۔ (روزنامہ ’’امت‘‘، کراچی۔ 17؍جنوری 2016)
دوالمیال مسجدکی قادیانیوں کو حوالگی کاسینٹ کمیٹی کا مطالبہ شرانگیزہے
(لاہور،27جنوری)متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان نے سینٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق کی چیئرپرسن اور متحدہ کی سینیٹر نسرین جلیل کی طرف سے دوالمیال (چکوال)کی مقبوضہ مسجد کی سیل کھول کر قادیانیوں کے حوالے کرنے کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ 1858 ء میں تعمیر ہونے والی مسجد پر قادیانیوں کا ناجائز قبضہ تھا،مسجد مسلمانوں کی عبادت گاہ ہوتی ہے ، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی بات کرنے والے، پہلے قادیانیوں کو اقلیتی دائرے میں تو لائیں، پھر بات کریں،متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنونیر عبداللطیف خالد چیمہ نے اپنے بیان میں کہاہے کہ آئین میں درج اپنی متعینہ اقلیتی حیثیت کو نہ ماننے والی قادیانی جماعت کے وکیل صفائی بننے والی قوتوں سے ہمارا سوال ہے کہ یہ بتائیں کہ ان قادیانیوں کی کیا قانونی حیثیت ہے، جو 1974 ء کی قرار داد اقلیت کے خلاف پاکستان کو نشانہ بناکر لابنگ کررہے ہیں اور مہم چلا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکمران جماعت سانحۂ دوالمیال کے مسئلہ پر قادیانیوں کی سرپرستی کررہی ہے اور قاتلوں کو تحفظ فراہم کیا جا رہاہے۔انہوں نے کہاکہ قادیانیوں کو قانون کے تابع کرنے کی بجائے ان کی غیر قانونی حرکات اور شر انگیز کارروائیوں کی سر پرستی ہو رہی ہے اور اقلیتوں کے تحفظ کے نام پر اکثریت کے حقوق غصب ہو رہے ہیں،انہوں نے کہاکہ قادیانیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے مسلمان محمد نعیم کے قتل کی ایف آئی آر درج نہ ہونا اورایک سو کے قریب مسلمانوں کو زیر حراست رکھ کران پر ذہنی تشدد کرنا اور مجبور کرنا کہ قادیانیوں کی شرائط پر سمجھوتا کرو۔ سب کچھ ماورائے قانون ہے جو ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یکم فروری کو اسلام آباد میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام ہونے والی اے پی سی ان مسائل پر قوم کی رہنمائی کا فریضہ ادا کرے گی۔
پیرمہرعلی شاہ ؒنے ایک مرتد کو چیلنج دیاتھا: اسحاق ڈار
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے کہا ہے کہ ختم نبوت کے قانون میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی ،ختم نبوت قانون کے تحفظ کے لئے ہزاروں وزارتیں قربان کرنے کوتیارہیں۔اسلام آباد کے دربارگولڑہ شریف میں تحفظ ناموس رسالتﷺ وختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہاکہ ختم نبوت پر کامل یقین ہی مومنوں کا سرمایہ حیات ہے ۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ناموس رسالتﷺ کے تحفظ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ۔انہوں نے یقین دلایاکہ ختم نبوت قانون پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔اسحاق ڈارکاکہناتھاکہ حضرت پیرمہرعلی شاہ نے آج ہی کے دن ایک مرتد کو چیلنج کیا،انہوں نے کانفرنس میں اپنی شرکت کوخوش قسمتی قراردیتے ہوئے کہاکہ بطور مسلمان ہر ایک کا ختم نبوت کے عقیدے پر ایمان ہے ۔
http://dailypakistan.com.pk/back-page/29-Jan-2017/517029
وفاقی وزیر خزانہ ا سحق ڈار کے بیان کا خیر مقدم
(لاہور،29؍جنوری)متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان نے وفاقی وزیر خزانہ ا سحق ڈار کے اس بیان کا خیر مقدم کیا ہے کہ ’’ناموس رسالت اور تحفظ ختم نبوت کے قانون میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ ‘‘ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنوینر عبد اللطیف خالد چیمہ نے وزیر خزانہ کے بیان کاخیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بعض حکومتی وزراء کے آئین کی اسلامی دفعات کے حوالے سے بیانات تو خوش آئند ہیں لیکن پنجاب حکومت کی پالیسیاں مختلف نظر آ رہی ہیں ۔ جو وزرا کے بیانات سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تحفظ ختم نبوت کی پرامن جد وجہد کرنے والوں کو جانے کون سے قوانین کے تحت تنگ کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماورائے آئین و قانون کاروائیوں سے عوام میں اشتعال پیدا ہونے کا اندیشہ بھی ہو سکتا ہے ۔
قادیانی دنیا
افریقہ:قادیانی عبادت گاہ تحویل میں لے کرمینارگرادئیے گئے
(کوموس، 09؍ جنوری) افریقی ملک کوموس میں حکومت نے مسلمانوں کی شکایت پر قادیانی عبادت گاہ کو اپنی تحویل میں لے لیا اور عبادت گاہ کے میناروں کو پولیس نے گرا دیا۔
https://www.facebook.com/RabwahTimes/?fref=ts
امریکہ کے شہر ’’مشی گن‘‘ میں ایک پیدائشی قادیانی خاتون کا قبول اسلام
احرار نیوز(24جنوری 2017ء) امریکہ کے شہر ’’مشی گن‘‘ کی رہائشی فریحہ رشید (موجودہ فریحہ محمود) پیدائشی قادیانی، تجنید کوڈ نمبر 32401 اور وصیت نمبر 53512 نے قادیانی مذہب ترک کر کے دین اسلام قبول کر لیا۔ انھوں نے قادیانی سربراہ کو لکھے گئے اپنے خط میں اعلان کیا کہ اس نے بقائمی ہوش وحواس پوری تحقیق کے بعد بغیر جبرو اکراہ دین اسلام کی حقانیت کو تسلیم کر کے قادیانی مذہب کو ترک کر دیا ہے۔ اﷲ اُن کو دین اسلام پر استقامت عطا فرمائیں۔ آمین

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Time limit is exhausted. Please reload the CAPTCHA.