تازہ ترین خبریں
آپ کو مجلس احرار کیسی لگی؟

اخوت اسلامی کی ایک عمدہ مثال

مفتی تنویرالحسن احرار
مجلس احرار اسلام پاکستان کے شعبہ تبلیغ اور کفالت نو مسلمین کی کارگزاری
مجلس احرار اسلام کے شعبہ تبلیغ تحفظ ختم نبوت کے تحت دعوتِ اسلام مہم روز افزوں کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور الحمدﷲ کئی غیر مسلم ہندو، عیسائی، قادیانی اور بہائی، مسلمان ہو چکے ہیں۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کایہ شعبہ مستقل طور پر مسلمان ہوجانے والے نومسلمین ومسلمات کی کفالت اور ضروریات زندگی سمیت قانونی چارہ جوئی کر کے تحفظ فراہم کرتا ہے۔ گزشتہ ایام میں ایسے کئی افراد جنہوں نے قادیانیت کو ترک کرکے دین اسلام کی آغوش عافیت میں پناہ لی جماعت کے اس شعبہ نے ان کی آبرو مندانہ کفالت کی ذمہ داری کو سنبھالا۔
ڈسکہ ضلع سیالکوٹ پنجاب کا ایسا شہرہے جہاں قادیانیت روز اول سے پنجہ گاڑے ہوئے ہے۔ ڈسکہ کے نواحی گاؤں کے رہائشی نوجوان عمیر رضا پیدائشی طور پر قادیانی جماعت سے وابستہ تھے۔ ان کے آباؤ اجداد قادیانی ہیں۔ گزشتہ سال ڈسکہ کے کچھ نوجوانوں کے ساتھ عمیرکی گپ شپ ہوئی جو اس کے دوست تھے۔ انہیں معلوم ہوا کہ یہ قادیانی ہے۔ انہوں نے ڈسکہ میں مجلس احراراسلام کے ذمہ داربھائی عبداﷲ سے رابطہ کیا۔بھائی عبد اﷲ نے اس ساری صورتحال سے مجلس احرار اسلام کے ناظم دعوت ارشاد ڈاکٹر محمد آصف (اسپیشلسٹ شعبہ امراض قادیانیہ) کو آگاہ کیا۔ ڈاکٹر صاحب نے عمیر رضا سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا اور ’’ہومیو پیتھک‘‘ طریقہ علاج کے مطابق ہلکی ہلکی ڈوز دینا شروع کی۔ اﷲ تعالیٰ کی مدد ونصرت اور اس کے فضل سے 7 جون 2020 ء کو ’’مریض شفا یاب ہوا‘‘ عمیر رضا کفر کے اندھیروں سے نکل کر اسلام کے نور سے منور ہوگیا۔
قارئین کرام! عمیر نے زندگی کا ایک نیا سفر شروع کیا اور یہ وہ دور تھا جو چودہ سو سال پہلے اصحاب رسول علیہم الرضوان پہ گزر چکا تھا۔ عمیر کو گھر سے بے گھر کر دیا گیا۔ وہ ماں جس نے عمیر کی پرورش کی اور نازوں سے اسے پالا پوسا آج اس نے یہ جملہ کہہ کر گھر سے دھکے دے دیے کہ ’’اب ہمارا تمہارا تعلق ختم‘‘۔عمیر رضا کفر کے اندھیروں سے کیا نکلا گھر سے نکال دیا گیا۔
جی ہاں میرے مسلمان بھائیو اور بہنو! اس مشکل گھڑی کے بارے آپ اور میں سوچ بھی نہیں سکتے کہ گھر سے نکال دیا جائے، لاوارث چھوڑ دیا جائے، تن پہ موجود کپڑوں کے علاوہ کچھ بھی نہ ہو تو آدمی پر کیا بیتتی ہے۔ مگر ایسا اصحاب محمد صلوات اﷲ علیہم اجمعین کے ساتھ ہوا اور ان کے بعد اسلام قبول کرنیوالے شیر دل مجاہدوں کے ساتھ۔
عمیر بھائی نے ڈاکٹرآصف صاحب سے رابطہ کیا اور حالات کی ستم ظریفی کے بارے بتایا۔ ڈاکٹر محمد آصف نے مرکزی نائب امیر سید محمد کفیل بخاری۔ ناظم اعلیٰ عبد اللطیف خالد چیمہ اور میاں محمد اویس صاحبان سے مشاورت کر کے دفتر احرار لاہور میں ٹھہرانے کا بندوبست کیا۔ احباب متفکرہوگئے اور اس دوران عمیر کے لیے رشتہ کی تلاش شروع کردی تاکہ اکیلے نومسلم بھائی تنہائی کی پریشانیوں اور وساوس وخیالات سے آزاد ہوجائے۔ڈسکہ کی ہی ایک فیملی سے نیک سیرت بہن کارشتہ میسر آگیا۔ اب مسائل تھے کہ کسی طرح اس نومسلم بھائی کی شادی کے بعد ان کی رہائش اور پھر ملازمت کا بندوبست ہوجائے۔
رفقاء وقائدین احرار اسلام بہت زیادہ متفکر رہے، ایک دوست نے مکان کا تین ماہ کا کرایہ بشمول ایڈوانس ادا کردیا۔ کچھ دوستوں نے مل کر دیگر گھریلو ضروریات کا اہتمام کیا۔ بالآخر 18؍ اکتوبر 2020 کو مجلس احرار اسلام کے مرکزی نائب امیر سید محمد کفیل بخاری، ڈاکٹر شاہد کاشمیری، میاں محمد اویس، ملک محمد یوسف، قاری محمد یوسف احرار، حافظ ندیم، ڈاکٹر محمد آصف، بھائی سعید، بھائی شاھد، قاری محمد قاسم، ڈاکٹر ضیاء الحق قمر اور راقم الحروف نے انتظامات مکمل کیے اور مسجد ہاجرہ یعقوب چونگی امرسدھو لاہور میں تقریب نکاح منعقد ہوئی۔ جہاں مولانا عتیق الرحمن خطیب جامع مسجد ہاجرہ یعقوب نے میزبانی کے فرائض سر انجام دیے اور مہمانوں کی خوب تواضع کی۔شاہ جی اور راقم نے تقریب نکاح کے شرکاء سے گفتگو کی بعد ازاں رخصتی کے عمل کے بعد دفتر احرار واپسی ہوئی۔
19؍ اکتوبر دن 2بجے میاں محمد اویس (ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس احرار اسلام پاکستان) کی طرف سے نومسلم بھائی عمیر کے ولیمے کا اہتمام کیا گیا جس میں لاہور شہر کے کارکنان وذمہ دارانِ احرار کو مدعو کیا گیا۔ ماشاء اﷲ مبارک تقریب تھی یوں نومسلم بھائی کا ولیمہ بھی ہوگیا اور اخوت اسلامی کی انمول مثال قائم کی گئی۔ اﷲ تعالیٰ ہمیں اخوت وایثار قائم کرنیکی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
قارئین کرام! اسلام دشمن قوتیں اپنے دامِ تزویر میں جن سادہ لوح مسلمانوں کو پھنساتے ہیں تو سب سے پہلے ان کی کفالت کا بندوبست کرتے ہیں اور ان کی رہائش، ملازمت، رشتہ ناتہ سب انتظامات کرتے ہیں اور اپنے پیشہ ورانہ اخلاق سے متاثر کرکے دین متین سے دور کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ ہم اہل حق کو بالخصوص تحفظ ختم نبوت کے مشن پر کام کرنے والی تنظیموں کو کہ جنہیں اﷲ نے ابدی سچائی کی نعمت سے نوازا ہے، اپنے نو مسلم بھائیوں کے لیے اس حوالے سے محنت کی ضرورت ہے تاکہ ان کو بنیادی ضروریات کی فکر سے آزاد کردیا جائے اور وہ معاشرے کے معزز شہری بن کر زندگی بسر کریں۔
الحمد ﷲ مجلس احرار اسلام سمیت دیگر جماعتیں اس عنوان پر اپنی اپنی بساط کے مطابق کام کررہی ہیں۔ مجلس احرار اسلا م کے اس وقت جاری اور مستقبل کے منصوبے درج ذیل ہیں:
مدارس دینیہ :
مجلس احرار اسلام کے شعبہ تعلیم کے تحت ملک بھر میں مساجد، مکاتب ومدارس کا ایک وسیع نیٹ ورک ہے جس میں طلباء و طالبات کو دینی وعصری تعلیم بالکل مفت دی جاتی ہے اور ان کے تمام تر اخراجات، قیام وطعام اور میڈیکل کا انتظام کیا جاتا ہے۔
دعوت و تبلیغ:
مجلس احرار اسلام کے مبلغین کی ٹیم ملک بھر میں قادیانیوں سمیت دیگر مسلموں کو دعوت اسلام دینے میں مصروف عمل ہیں۔ کئی قادیانی، بہائی، دہریے اور عیسائی اس وقت بھی زیر تبلیغ ہیں۔ مبلغین کی تنخواہیں، ان کے سفر کے اخراجات پر خطیر رقم خرچ ہوتی ہے۔
کفالت نومسلمین:
اﷲ تعالیٰ کے فضل وکرم اور مجلس احرار کے مبلغین کی دعوت سے اسلام قبول کرنے والے نو مسلمین کی کفالت کی جاتی ہے ان کی رہائش، ملازمت، شادی بیاہ ودیگر ضروریات کو پورا کیا جاتا ہے۔
نشرو اشاعت :
اس شعبہ کے تحت مستقل جماعت کا لٹریچر، ختم نبوت کے حوالے سے مفید رسائل اور کتب کو شائع کر کے عوام الناس میں تقسیم کیا جاتا ہے تاکہ ہمارے مسلمان بھائی قادیانیت کے فریب سے آگاہ ہوں۔
نقیب ختم نبوت:
مجلس احرار اسلام کا ترجمان ماہنامہ ’’نقیب ختم نبوت‘‘ ملتان سے گزشتہ 32 برس سے باقاعدگی کے ساتھ شائع ہو رہا ہے جس کے ذریعے گھر گھر ختم نبوت کا پیغام، مجلس احرار کی سرگرمیاں، قادیانیوں کی وطن عزیز اور اسلام دشمن سرگرمیوں اور سازشوں کے متعلق آگاہی دی جاتی ہے۔
ختم نبوت ویلفیئر ٹرسٹ:
اس کے تحت جماعت کا سب سے بڑا منصوبہ قادیانیوں کے مرکز چناب نگر میں ’’مسلم ہسپتال‘‘ کی تعمیر ہے۔ ابتدائی طور پر ڈسپنسری قائم کر دی گئی ہے جس سے مقامی مسلمان مستفید ہورہے ہیں جبکہ مختلف شہروں میں فری میڈیکل کیمپ وغیرہ بھی لگائے جاتے ہیں۔
شعبہ خدمت خلق:
مجلس احرار اسلام نے ہمیشہ مشکل حالات میں اپنی خدمات پیش کیں، غرباء مساکین کی خدمت کی 2005 کے سیلاب اور زلزلے سے لے کر اب تک جماعت نے اپنی خدمات پیش کیں۔ سال 2020 میں ہونے والے بد ترین لاک ڈاؤن میں ملک بھر میں متاثرین سے تعاون کیا کئی سو خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔ اسی طرح ہر سال عید الاضحی کے موقع پر قربانی کا گوشت غرباء مساکین اور بالخصوص نومسلمین میں تقسیم کیا جاتا ہے اور انہیں عید کی خوشیوں میں شامل کیا جاتا ہے۔
ختم نبوت کورسز:
عقیدہ ختم نبوت سے آگاہی اور قادیانیت کے فتنے سے ہوشیار رہنے کے لیے مختلف طبقہ ہائے زندگی کے لوگوں (تاجر، وکلاء، سکول، کالجز، مدارس، مساجد) میں ختم نبوت کورس کے عنوان سے نشستیں منعقد کی جاتی ہیں۔
مفت فہم ختم نبوت خط کتابت کورس:
مجلس احرار اسلام کے زیر اہتمام 2011 میں مرکز احرار جامع مسجد صدیق اکبر تلہ گنگ ضلع چکوال سے اس کورس کا آغاز کیا گیا جس سے اب تک کئی ہزار طلباء و طالبات مستفید ہوئے اورختم نبوت کے کام میں ہمارے معاون ثابت ہوئے۔ کورس میں داخلہ لینے کے لیے 03004716780, 03005780390 پر اپنا نام، ولدیت اور پتا لکھ کر میسج بھیجیں۔
سوشل میڈیا:
(۱) مجلس احرار اسلام پاکستان کی ایک مستقل ویب سائٹ www.ahrar.org.pk ہے جس پر جماعت کی سرگرمیاں، رسائل و جرائد، نقیب ختم نبوت، مضامین اور آڈیو ویڈیو مواد نشر کیا جاتا ہے۔
(۲) یوٹیوب پر جماعت کا مستقل چینل قائم ہے جس پر اکابر احرار اور مبلغین ختم نبوت کے بیانات موجود ہیں
(۳) فیس بک پر مجلس احرار اسلام کے نام سے جماعت کا آفیشل پیج موجود ہے جس پر جماعت کی تمام تر سرگرمیاں، حالات حاضرہ اور قادیانی ریشہ دوانیوں پر تازہ ترین مواد موجود ہوتا ہے۔
چناب نگر میں فوری ضروریات:
ابن امیر شریعت مولانا سید عطاء المحسن بخاری رحمۃ اﷲ علیہ نے اپنے عظیم والد سید الاحرار حضرت امیر شریعت سید عطاء اﷲ شاہ بخاری رحمۃ اﷲ علیہ کی سنت کو زندہ کرتے ہوئے قادیان کی طرح چناب نگر میں 1975 میں ایک قطعہ اراضی خریدا جس پر مسلمانوں کا سب سے پہلا مرکز تعمیر کیا گیا۔ جس کا افتتاح 27 فروری 1976 بروز جمعۃ المبارک کو ابنائے امیر شریعت نے قائد احرار جانشین امیر شریعت مولانا سید ابو معاویہ ابوذر بخاری رحمۃ اﷲ علیہ کی قیادت میں اپنے جانثار و فداکار رفقاء کے ساتھ کیا۔ الحمد ﷲ آج وہاں قائد احرار حضرت پیرجی سید عطاء المہیمن بخاری مدظلہٗ کی سرپرستی میں مدرسہ ختم نبوت (رجسٹرڈ)، بخاری ماڈل ہائی سکول (رجسٹرڈ)، فری مسلم ڈسپنسری قائم ہے۔ جبکہ مزید منصوبوں کی تکمیل کے لیے وسیع اراضی کی ضرورت ہے جس میں ریسرچ سنٹر، دار المبلغین، لائبریری، ہاسٹل، مہمان خانہ وغیرہ کی تعمیر جدید تقاضوں کے مطابق کرنے کا ارادہ ہے۔ احباب و قارئین سے درخواست ہے کہ تحفظ ختم نبوت کی اس عظیم جدوجہد میں اپنا حصہ شامل کرنے کے لیے ہمارے دست و بازو بنیں اور دامے درمے سخنے قدمے مجلس احرار اسلام کا تعاون کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Time limit is exhausted. Please reload the CAPTCHA.