تازہ ترین خبریں
آپ کو مجلس احرار کیسی لگی؟

مسافران آخرت

مسافران آخرت
٭ حضرت مولانا محمد طلحہ کاندھلوی رحمۃ اﷲ علیہ: شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا کاندھلوی رحمۃ اﷲ علیہ کے اکلوتے فرزند و جانشین، حضرت مولانا محمد طلحہ کاندھلوی 10ذی الحجہ1440ھ ، مطابق 12؍ اگست 2019ء کو انڈیا میں انتقال کر گئے۔ انا ﷲ و انا الیہ راجعون۔ حضرت مولانا محمد طلحہ اپنے عظیم والد ماجد کی دینی و علمی روحانی نسبتوں کے امین تھے۔ دعوت و تبلیغ اور تربیت و اصلاح کے میدان اکابر اسلاف رحمہم اﷲ کے منہج پر استقامت کے ساتھ عمل پیرا رہے۔ ہزاروں انسانوں کی زندگیوں کو دین و شریعت کے قالب میں ڈھالا اور سیکڑوں غیر مسلموں کو اسلام کے نورانی دائے میں لا کر عذابِ جہنم سے بچایا۔ تمام عمر درس و تدریس سے وابستہ رہے اور خدمتِ حدیث کے عظیم الشان کام میں مشغول رہے۔ غالباً 2016ء میں پاکستان تشریف لائے تو دارِ بنی ہاشم ملتان میں بھی تشریف آوری ہوئی۔ ابناءِ امیر شریعت حضرت مولانا سید عطاء المومن بخاری رحمۃ اﷲ علیہ اور حضرت پیر جی سید عطاء المہیمن بخاری دامت برکاتہم سے ملاقات فرمائی۔ ان کے چہرے مہرے، وضع قطع اور گفتگو سے ایک ایسے انسان کا تصور ابھرتا کہ جن کا اوڑھنا بچھونا صرف اور صرف اسلام ہے۔ ہر موقع پر اور ہر عمل میں حضور صلی اﷲ علیہ وسلم کی سنت مبار کا لحاظ و اہتمام ظاہر ہوتا تھا۔ اﷲ تعالیٰ حضرت مولانا کی مغفرت فرمائے، حسنات قبول فرمائے اور صالحین کے ساتھ جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ (آمین)
٭ ڈاکٹر عبد الحی چغتائی رحمۃ اﷲ علیہ: کہروڑ پکا میں ہمارے قدیمی مہربان ڈاکٹر عبد الحی چغتائی 8 اگست 2019 ء کو انتقال کرگئے۔ مرحوم، کہروڑپکا کے قدیم احرار ’’چغتائی‘‘ خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ حضرت منشی محمد حسن چغتائی رحمہ اﷲ ( سابق امیر مجلس احرار اسلام پاکستان) کے خاندان سے تھے۔ اﷲ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور حسنات کو قبول فرما کر جنت الفردوس عطا فرمائے۔
٭ حضرت مولانا حافظ محمد سعید نقشبندی رحمۃ اﷲ علیہ: مجلس احرار اسلام لاہور کے سرپرست حضرت مولانا حافظ محمد سعید نقشبندی 27 جولائی 2019ء کو لاہور میں انتقال کرگئے۔ انا ﷲ وانا الیہ راجعون
حضرت حافظ صاحب رحمہ اﷲ سلسلہ نقشبندیہ کے معروف بزرگ حضرت مولاناسید علاؤالدین رحمۃ اﷲ علیہ کے خلیفۂ مجاز اور حضرت مولانا حافظ ناصر الدین خاکوانی مدظلہٗ کے پیر بھائی تھے۔ ایک طویل عرصے سے جامع مسجد اتحاد کالونی لاہور کے امام وخطیب تھے۔ حضرت امیر شریعت سید عطاء اﷲ شاہ بخاری اور دیگر اکابر احرار رحمہم اﷲ سے بہت محبت وعقیدت رکھتے تھے۔ چند برس قبل دفتر مجلس احرار اسلام لاہور کے ماہان درس قرآن میں تشریف لائے تو مجلس احرار اسلام کا فارم رکنیت پر کرکے باقاعدہ جماعت میں شامل ہوگئے۔ لاہور میں منعقد ہونے والے اجتماعات احرار میں باقاعدہ شرکت فرماتے اور اپنی دعاؤں سے نوازتے۔ اﷲ تعالیٰ حافظ صاحب رحمہ اﷲ کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ مجلس احرار اسلام کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے محترم قاری محمد قاسم (ناظم احرار لاہور) کی معیت میں حاضر ہوکر حافظ صاحب رحمہ اﷲ کے لواحقین ومتوسلین سے اظہار تعزیت کیا۔
٭ حضرت مولانا عبد الغفار رحمۃ اﷲ علیہ: مجلس احرار اسلام جھنگ کے امیر حضرت مولانا عبد الغفار رحمۃ اﷲ علیہ 18 اگست 2019 برو زاتوار انتقال فرماگئے۔ انا ﷲ وانا الیہ راجعون
٭ مدرسہ ختمِ نبوّت، مسجد احرار چناب نگر کے منتظم مولانا محمود الحسن کے چچا زاد بھائی کی اہلیہ مرحومہ، انتقال 9اگست 2019
٭ بھائی محمد اقبال رحمہ اﷲ: مجلس احرار اسلام چنیوٹ کے کارکن بھائی محمد اقبال، انتقال: 13جولائی 2019۔ احرار کے ایک مخلص اور ایثار پیشہ کارکن تھے۔ مدرسہ ختمِ نبوّت مسجد احرار چناب نگر کے مستقل معان تھے۔ 12ربیع الاوّل کی سالانہ ختمِ نبوّت کانفرنس کے موقع پر کنٹین لگاتے اور شرکاء کی خدمت کرتے۔ مجلس احرار اسلام کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے مولانا محمود الحسن کے ہمراہ ان کے گھر جا کر تعزیت و دعاءِ مغفرت کی، اﷲ تعالیٰ بھائی اقبال کی مغفرت فرمائے۔
٭ میاں محمد اویس کی خالہ محترمہ 7 اگست کو انتقال کرگئیں۔ سید محمد کفیل بخاری نے نماز جنازہ میں شرکت کی اور اظہار تعزیت کیا۔
ٔٔ٭ مجلس احرار اسلام کراچی کے نائب امیرمولانا عبدالغفور مظفر گڑھی کے ماموں جان عابد حسین سلاواں،(کوٹ ادو) 27 ؍ جون جمعرات کو انتقال کرگئے جبکہ مولانا عبدالغفور مظفر گڑھی کے ہمشیرہ صاحبہ کراچی میں 23؍ اگست جمعتہ المبارک کو انتقال کرگئیں۔
٭ چیچہ وطنی کے مرکز احرار مسجد عثمانیہ کے معاون خصوصی حاجی عبدالقیوم کی والدہ محترمہ 20 ؍اگست منگل کو انتقال کرگئیں۔
٭دارالعلوم ختم نبوت چیچہ وطنی کے مدرس اور جماعت کے امور عامہ کے انچارج حافظ حبیب اﷲ رشیدی کی بھابھی صاحبہ (ملکہ ہانس)18 ؍جون کو انتقال کرگئیں جبکہ حافظ حبیب اﷲ رشیدی کے بہنوئی محمد صادق چک نمبر
33SP (پاکپتن) 19؍اگست کو انتقال کرگئے۔

دعاءِ صحت
قائد احرار، ابن امیر شریعت حضرت پیرجی سید عطاء المہیمن بخاری دامت برکاتہم
حضرت مولانا خواجہ خان محمد رحمتہ اﷲ علیہ کے فرزند گرامی جناب خواجہ رشید احمد صاحب کئی برس سے قومہ کی حالت میں ہیں
لاہور کے بزرگ احرار کارکن چودھری محمد اکرام صاحب
مجلس احرار اسلام گڑھاموڑ کے بزرگ کارکن حافظ لیاقت شدید علیل ہیں
مجلس احرار اسلام ملتان کے قدیم کارکن محمد یعقوب خان خواجکزئی
چیچہ وطنی، پیرجی عبد اللطیف رحمہ اﷲ کے پوتے، پیرجی عبد الجلیل مدظلہٗ کے فرزند خلیل الرحمن علیل ہیں
حضرت مولانا محمد یسین رحمہ اﷲ (سابق مہتمم جامعہ قاسم العلوم ملتان) کے فرز ند حافظ محمد شعیب شدید علیل ہیں
مجلس احرار اسلام ڈیرہ غازی خان کے قدیم رکن بھائی رشید احمد
مجلس احرار اسلام ملتان کے ناظم مولانا عبدالقیوم
احباب وقارئین سے درخواست ہے کہ تمام مریضوں کی صحت یابی کے لیے دعا ء فرمائیں، اﷲ تعالیٰ سب کو شفاکاملہ عطا فرمائے۔ آمین

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Time limit is exhausted. Please reload the CAPTCHA.