تازہ ترین خبریں
آپ کو مجلس احرار کیسی لگی؟

اخبارالاحرار


لاہور(5اگست)
مجلس احراراسلام کے بانی ،بطل حریت ،مجاہد ختم نبوت امیرشریعت سید عطاء اﷲ شاہ بخاری کی دینی وملی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے گزشتہ روز ایوان احرار نیومسلم ٹاؤن لاہور میں ایک سیمینار ہوا جس سے مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام نے خطاب کیا ۔پاکستان شریعت کونسل کے سیکرٹری جنرل مولانا زاہدالراشدی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قادیانیت دنیاکابدترین فتنہ ہے اس فتنہ کوبے نقاب کرنااور انگریز سامراج کے خلاف علم بغاوت بلند کرنا سید عطاء اﷲ شاہ بخاری کا عظیم کارنامہ تھایہ ہماری سعادت ہے کہ ہم ختم نبوت کے مشن کے ساتھ منسلک ہیں ،ختم نبوت کی دعوت کو دنیاکے کونے کونے تک پہنچایاجائے گااور فتنہ قادیانیت کا تعاقب پوری قوت کے ساتھ کرتے رہیں گے ہم اپنے اسلاف کے نقشہ قدم پر چلتے ہوئے عدم تشددکی پالیسی کو اپناتے ہوئے ہرچیلنج کا مقابلہ کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ آنے والا دور انتہائی خطرناک دورہے جس سے نمٹنے کے لیے مشترکہ جدوجہد کرنی ہوگی ،ختم نبوت کا مسئلہ قومی مسئلہ ہے یہ تمام فرقوں اورپارٹیوں کا مسئلہ ہے اس پرکسی قسم کا کمپرومائز نہیں کیاجاسکتا۔انہوں نے کہاکہ قادیانی صدرٹرمپ سے شکایت کرتے ہیں کہ پاکستان میں ہم کو مسلمان نہیں سمجھاجاتاہے میں قادیانیوں کو بتادیناچاہتاہوں کہ ٹرمپ کون ہوتاہے جو ہمارے ملکی معاملات میں دخل اندازی کرے ٹرمپ تم کو مسلمان قرارنہیں دلواسکتاہمارے ملک کی پارلیمنٹ نے متفقہ طور پرقادیانیوں کو غیرمسلم اقلیت قراردیاتھا پورے عالم اسلام کی کوئی اتھارٹی بھی قادیانیوں کو مسلمان تسلیم نہیں کرتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ یورپین ممالک میں کوئی بھی ریفرنڈم ہوتو اسے پوری دنیا تسلیم کرتی ہے لیکن پاکستان کی پارلیمنٹ کے متفقہ طور پر منظورکردہ اس فیصلے کو دنیا میں کیوں چیلنج کرنے کی باتیں ہورہی ہیں ،انہوں نے کہاکہ 1974ء کی طرح آج بھی تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کومتحرک ہوناہوگا کیونکہ یہ ختم نبوت کا مسئلہ کسی ایک فرد یامولوی کا نہیں بلکہ یہ ایک قومی مسئلہ ہے ،سید عطاء اﷲ شاہ بخاری کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین ذریعہ ان کے مشن کے ساتھ منسلک ہوکر اس کا دفاع کرناہے ۔مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب صدر سید محمدکفیل بخاری نے کہاکہ عقیدہ ختم نبوت مسلمانوں کا بنیادی عقیدہ ہے اس عقیدے کے بغیر عقیدہ توحید بھی نامکمل ہے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مسلمان عقیدہ ختم نبوت پر یقین رکھتے ہیں اور اس پر کبھی بھی قوم نے کمپرومائز نہیں کیا،عقیدہ ختم نبوت پر کوئی دوسری رائے نہیں ہے یہ ہماراایمان ہے ،عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ اور تحفظ ناموس رسالت ہم سب کا مذہبی فریضہ ہے اوریہ قومی مسئلہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ دنیامیں اس عقیدے کیخلاف جوکچھ ہورہاہے یہ ایک عالمی استعماری سازش ہے قادیانی طبقے کو کس نے پرموٹ کیایہ کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں ہے انگریز کایہ خود کاشتہ ہے اور وہ اس کی پشت پناہی اور پرورش کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ 1953ء کے دس ہزار شہداء کے خون کے صدقے 1974ء کی پارلیمنٹ نے ملک کے آئین میں ان کو غیر مسلم اقلیت میں شامل کرادیااب یہ پوری دنیامیں واویلا کررہے ہیں کہ ہمارے ساتھ ظلم ہورہاہے ایسا کرنا ان کا وطیرہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ مرزا مسرورنے آئین کو تبدیل کروانے کی بات کی ہے عالمی سطح پر جو پراپیگنڈہ کیاجارہے ہماری مذہبی وقومی قیادت کو اس سے باخبر رہنے کی ضرورت ہے قادیانی اپنے آقاؤں سے بہت سی امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم کو تصادم کی کیفیت سے اپنے آپ کوبچاتے ہوئے مثبت انداز میں آگے بڑھتے ہوئے تبلیغ کے کام کوجاری رکھناہوگا ۔انہوں نے کہاکہ اپنے عقیدے کی حفاظت مسلمانوں کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے ہمیں باخبر رہتے ہوئے مرزائیت کے فتنے سے اپنے ایمان کو بچاتے ہوئے اپنی تبلیغ کوجاری رکھناہوگا کسی کوگالی نہیں دینی اورنہ ہی کسی پر ہاتھ اٹھاناہے بلکہ حکمت وبصیرت کے ساتھ ان کو دعوت دینی ہے۔انہوں نے کہاکہ نبوت اپنے کمال پر پہنچ کر اب ختم ہوگئی ہے اب کوئی نبی پیدانہیں ہو گا اور اب پوری دنیاتک اس دعوت کو پہنچاناہم اور آپ کا کام ہے ۔اﷲ کے فضل وکرم سے علماء کی محنت کا نتیجہ ہے کہ قادیانیت اب پھیل نہیں رہی اس کو بریک لگ گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ امیرشریعت کے مشن کو ہم اپنے خون کے آخری قطرے تک جاری رکھیں گے عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ میں ہماری جانیں لگ جائیں تو یہ ہماری خوش نصیبی ہوگی، امیرشریعت نے پوری زندگی فرنگی سامراج اور فتنہ قادیانیت کی سرکوبی کے لیے وقف کررکھی تھی انہوں نے ساری زندگی جیل اور ریل میں گزاری دی لیکن اپنے مشن سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے ان کی قومی وملی ،دینی وسماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا ۔پروفیسر حافظ سعید عاطف نے کہاکہ امیرشریعت سید عطاء اﷲ شاہ بخاری نے بڑی جرأت وبہادری کے ساتھ طاغوت کو للکارا اورحق وصداقت اورہدایت وحریت کا علم بلند رکھا،سید عطاء اﷲ شاہ بخاری انقلابی طبیعت کے مالک ،دینی خطابت اورمقررشعلہ بیان تھے وہ پورے ایشیاء میں سرکارفرنگی اور ذریت فرنگی کی بقاء کے لیے سب سے بڑاچیلنج تھے ۔انہوں نے دنیاپر واضح کردیاکہ قادیانیت انگریز کا خود کاشتہ اور استعمار کا ایجنٹ ہے ۔کانفرنس کی قراردادوں میں کشمیر میں بھارتی ظلم وسفاکیت اوردنیاکی مجرمانہ خاموشی کی شدیدالفاظ میں مذمت کی گئی اور کہاگیا کہ ضرورت پڑنے پر اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ دشمن سے لڑیں گے ایک دوسری قرارداد میں اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کی جانب سے قادیانیوں کی ممبر شپ کے لیے عقیدہ ختم نبوت والے حلف نامے کو لازمی قراردینے کا خیرمقدم کیاگیا۔ایک قراردادمیں کہاگیا کہ چناب نگر سمیت ملک بھر میں امتناع قادیانیت ایکٹ پرمؤثر عمل درآمد کرایا جائے اور چناب نگر (ربوہ) کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دیئے جائیں تاکہ وہ قادیانی جماعت کے چنگل سے نکل سکیں ،ایک قرارداد میں یہ مطالبہ بھی کیاگیا کہ فوج اور سول کے اہم عہدوں سے قادیانیوں کو ہٹایاجائے ،ایک قرارداد میں مطالبہ کیاگیاکہ ہرسطح کے نصاب تعلیم میں عقیدہ ختم کو شامل کیاجائے۔
ملتان(6اگست ) مجلس احرار اسلام ملتان کے امیر مولانا محمد اکمل، مولانا سید عطائالمنان بخاری، مولانا عبدالقیوم، قاری عبدالناصر صدیقی، سعید احمد انصاری، عدنان ملک، عثمان یوسف، عدنان معاویہ اور فرحان حقانی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام ناقابل برداشت عمل ہے۔ بھارت ”عالمی دہشت گرد” ہے، بھارتی فوج کے مظالم پر انسانیت شرما گئی لیکن انسانی حقوق کے دعویدار ممالک اور تنظیمیں مکمل خاموش ہیں، انسانی حقوق کی دعویدار تنظیمیں صرف عالم کفر کی ترجمان بن چکی ہیں۔ احرار رہنماؤں نے بھارت کے طرف سے مظلوم کشمیری مسلمانوں پر ظلم و ستم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف ٹرمپ ثالثی کے کردار کیلئے پیشکش کررہا ہے جبکہ دوسری جانب ”دہشت گرد” بھارت کی طرف سے مظلوم کشمیریوں کا قتل عام انسانیت کا قتل عام کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ ثالثی کے نام پر کشمیری مسلمانوں کا قتل عام کروانا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ وطن عزیز کے چپے چپے کے دفاع کیلئے کسی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرے گا، انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور مضبوطی اور بہادری کے ساتھ پاک فوج کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ پاک فوج ”عالمی دہشت گرد” بھارت کو منہ توڑ جواب دے ، انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک۔ ایک پلیٹ فارم پر متحد اور اکٹھے ہو کر مظلوم کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں، انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کی بقاء و سلامتی اور دفاع کیلئے پاکستانی قوم ایک پیج پر ہے، انہوں نے مزید کہا کہ مجلس احرار اسلام اسلام بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں پر بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور سخت تشویش کا اظہار کرتے ھوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے جانب سے ظلم و بربریت کا فوری اور سختی سے نوٹس لے، مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہنگامی طور پر اقدامات کرے۔
لاہور(6اگست) مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہاہے کہ تقسیم ہندوستان کے وقت گورداس پور کو پاکستان میں شامل نہ ہونے دینے میں قادیانی سازش نے کام کیا اور باؤنڈری کمیشن نے عمل درآمد کروایا جس کی وجہ سے بھی مسئلہ کشمیر نے سنگین صورتحال پید اکی۔اب بھی استعماری قوتیں اپنا جبرواستبداد مسلط کررہی ہیں لیکن شہداء کشمیر کا مقدس خون آزادی کی جنگ جیت کررہے گا ۔اسلام آباد میں جمعیت علماء اسلام (س)کی تحفظ ختم نبوت اے پی سی میں شرکت کے بعد اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ صدر ٹرمپ کے مشیر ساجدتارڑ کا بیان کہ’’امریکہ میں قادیانیوں کا عمل دخل نہیں ہے ‘‘ناصرف خلاف حقیقت ہے بلکہ قادیانی فتنے کو پر موٹ کرنے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان عقیدہ ختم نبوت اور کشمیر کاز کے حوالے سے دنیا بھر میں سفارت کاری کرنے میں ناکام رہاہے جس کی وجہ سے ہماری نظریاتی وجغرافیائی سرحدیں غیر محفوظ ہوتی چلی جارہی ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ آئین وقانون کی بالادستی قائم کی جائے اور قادیانیوں کو ان کی متعینہ حیثیت اور دائرے کا پابند بنایا جائے ۔انہوں نے بتایا کہ ستمبر کا پورامہینہ ملک بھر میں ختم نبوت کانفرنسز ہوں گی جبکہ 7ستمبر کو دنیابھرمیں ’’یوم ختم نبوت‘‘منایاجائیگا۔
گجرات (7اگست) مجلس احرار اسلام پاکستان کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت پوری امت مسلمہ کا متفقہ اور اجماعی عقیدہ ہے جس پر کوئی مسلمان مفاہمت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ چودہ سو چالیس سال سے دنیاء کفر مسلمانوں سے یہ عقیدہ چھیننے کی کوشش کر رہی ہے لیکن ہمیشہ ذلت و رسوائی اور شکست سے دوچار ہوئی۔مرکز احرار گجرات میں امیر شریعت سید عطاء اﷲ شاہ بخاری کی یاد میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان قادیانی لابی کے دھوکے سے بچیں۔ حضور خاتم النبیین صلی اﷲ علیہ وسلم سے بے وفائی کرنے والے قادیانی ملک اور حکومت کے وفادار نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اپنے حلف ختم نبوت کی پاسداری کا مظاہرہ کریں، تحفظ ختم نبوت بارے آئینی فیصلوں کے تحفظ کا اعلان کریں۔ سید کفیل بخاری نے کہا کہ امریکی صدر کے سامنے اپنی امن پسندی کا وا ویلا کرنے والے قادیانی روز اول سے ہی تشدد پسند ہیں۔انہوں نے کہا کہ قادیانیوں نے اپنی جنم بھومی قادیان میں مسلمانوں کو قتل کیا اور بے شمار کو تشدد کے ذریعے زخمی کیا۔ جو لوگ قادیانیت چھوڑ کر مسلمان ہوئے ان پر تشدد کیا اور ان کی املاک کو جلایا۔ حاجی محمد حسین شہید اور مولانا عبدالکریم مباھلہ اس کی واضح مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سر ظفراﷲ خان قادیانی نے بانی پاکستان محمد علی جناحؒ کی نماز جنازہ پڑھنے سے انکار کر کے پاکستان سے غداری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 1974 میں ربوہ ریلوے اسٹیشن پر مسلمان طلباء پر تشدد کر کے پورے ملک میں اشتعال اور بد امنی پیدا کی گئی، جس کے نتیجے میں تحریک چلی اور پاکستان کی پارلیمنٹ نے متفقہ طور پر قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مجلس احرار اسلام نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ارکان سے رابطہ و ملاقات کر کے انہیں ختم نبوت اور قادیانیوں سے متعلق آگاہی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ قادیانی بین الاقوامی دباو کے ذریعے ختم نبوت سے متعلق قوانین کو ختم کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں۔ قوم ایسی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ختم نبوت اور دیگر اسلامی قوانین کو چھیڑ نے سے باز رہے۔ سید کفیل بخاری نے کہا کہ چاہیے تو یہ کہ دیگر تمام پاکستانی شہریوں کی طرح قادیانی بھی ملک کے آئین کو تسلیم کریں لیکن وہ اس کے برعکس نا صرف آئین کو تسلیم ہی نہیں کرتے بلکہ آئین کو تبدیل کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین قومی وحدت اور وفاق کی علامت ہے، کسی کو آئین تبدیل کرنے کا حق نہیں۔ قوم ہر قربانی دے کر آئین کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنادے گی۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ حکمران آئین اور قانون کی پاسداری کریں گے ۔سیمینار سے مجلس احرار اسلام پنجاب کے سیکرٹری مولانا تنویر الحسن احرار، شعبہ دعوت و ارشاد کے ناظم ڈاکٹر محمد آصف، ضلع گجرات کے امیر حافظ ضیاء اﷲ ہاشمی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ امیر شریعت سید عطاء اﷲ شاہ بخاری نے تحریک آزادی اور تحریک ختم نبوت میں عظیم الشان خدمات سر انجام دیں، ان کے کارناموں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مجلس احرار اسلام پیغام ختم نبوت کو گھر گھر پہنچائے گی اور اپنی پر امن و آئینی جد و جہد جاری رکھے گی ۔اس موقع پر احرار میڈیا گجرات کے حافظ وسیم اﷲ اور حافظ محمد سفیان نے پروگرام کی مکمل کوریج کی اور سوشل میڈیا پر لائیو دکھایا گیا۔
لاہور( 8اگست) مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے مسلمانوں پر ظلم وستم ڈھانے والے آخرکار ناکام ونامرادہوں گے اورآزادی کی شمع پوری روشنی کے ساتھ جگمگائے گی۔ لاہور سے ملتان جاتے ہوئے چیچہ وطنی کے احرار زونل آفس میں احرار کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ سے ملاقات اور ضروری مشاورت کے بعد انہوں نے کہاکہ تقریباًنوے سال سے قادیانی فتنہ مسئلہ کشمیر کیخلاف سازشیں کررہاہے اب بھی امریکہ ،انڈیااوراسرائیل قادیانیوں کو مہرے کے طورپر استعمال کررہے ہیں۔ اس موقع پر عبداللطیف خالد چیمہ نے کہاہے کہ کشمیر کو اب مکمل مقبوضہ کشمیر بنانے کے لیے انڈیا نے جو کچھ کیاہے یہ سب سابقہ اورموجودہ حکمرانوں کا کیا دھراہے ۔انہوں نے کہاکہ استعماری قوتیں اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں ظلم وسیاہی کی طویل رات کو لمبی کرنے کے لیے لگے ہوئے ہیں جبکہ ہمارے حکمران اور اپوزیشن اس اہم موڑپر ایک دوسرے کو نیچادکھانے کے لیے لگے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کا خون ضرور رنگ لاکر رہے گا اور امریکہ ،اسرائیل اور انڈیا گٹھ جوڑ بری طرح ناکا م ہوگا۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اعلان کیاکہ 9اگست جمعۃ المبارک کو پورے ملک میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جائیگا،اور یوم آزادی کو بھی اس مرتبہ یوم یکجہتی کشمیر سے منسوب کیا جائیگا۔
لاہور ( 14اگست )مجلس احرار اسلام نے بھارتی جشن آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا، مرکزی دفتر میں پرچم کشائی کی پر وقار تقریب ہوئی جس میں احرار کارکنوں اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مجلس احرار اسلام لاہور کے صدر حاجی محمد لطیف نے پرچم لہرایا ، اس موقع پر قومی ترانہ پڑھا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد لطیف نے کہ پاکستان ہمارے لیے مسجد کی مانند ہے۔ قیام پاکستان کے بعد بھارتی جارحیت کے خلاف سب سے پہلی رضا کارتحریک مجلس احرار نے شروع کی،قیام پاکستان کے بعد دفاع پاکستان کے ہر موقع پر احرار پیش پیش دکھائی دیتی ہے، کشمیر کے حوالہ سے احرار واحد جماعت ہے جس نے 1931میں جہاد کشمیر کا آغاز کیا اور قربانیاں دیں ، آج بھی مجلس احرار اسلام دفاع پاکستان اور کشمیر کے لئے ہر قربانی کے لئے تیار ہے۔ ڈپٹی سکریٹری جنرل قاری محمدیوسف احرار نے اپنے خطاب میں کہا کہ دفاع پاکستان اور کشمیر احرار کا طرہ امتیاز ہے ، احرار نے ایک طرف کشمیر پر غاصب قوتوں کیخلاف جہاد کا علم بلند کیا تو اس کے ساتھ ساتھ قادیانی سازشوں کا بھی توڑ کیا ۔ احرار آج بھی ان دونوں محاذوں پر ڈٹ کر کھڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج بھارتی مسلمانوں اور خصوصا کشمیریوں کی حالت زار ہمیں یہ بتانے کو کافی ہے کہ آزادی کی اہمیت کیا ہے ۔ انہوں نے کشمیر پر بھارت کے ظالمانہ اقدامات کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے ،اور ہم سمجھتے ہیں کہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ تقریب سے علامہ محمد ممتاز اعوان ، قاری محمد قاسم بلوچ،رانا حبیب اﷲ،رانا محمد اکمل شہزاد ، قاری عبدالعزیز ،ڈاکٹر ضیا الحق قمر،مفتی عمران طارق،حافظ عثمان طاہر،محمدمعاویہ،محمدمنیب قاسم اور مہراظہرحسین وینس نے بھی شرکت و خطاب کیا ۔ تقریب کے آخر میں پاکستان کی ترقی و استحکام اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی ۔
لاہور( 15اگست) مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالدچیمہ نے کہاہے کہ انڈیا کو اپنا نام نہاد یوم آزادی مناتے ہوئے شرم آنی چاہیے کیونکہ اس نے کشمیر ی مسلمانوں کے بنیادی حقوق غصب کررکھے ہیں اور بین الاقوامی اصولوں اور ضوابط کی نفی کررہاہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ یوم آزادی دراصل یوم سیاہ ہے اور پوری دنیا نے یوم سیاہ کی حمایت کرکے ثابت کردیاہے کہ کشمیرمیں تاریک سناٹے والی طویل سیاہ رات آخر کار ختم ہوکررہے گی ۔انہوں نے کہاکہ قادیانی گروہ 1930ء سے کشمیریوں کیخلاف سازشیں کررہاہے اور پاکستان بنتے وقت بھی ضلع گرداسپور کو پاکستان میں نہ آنے دینے کا سبب قادیانی بنے اور باؤنڈری کمیشن نے اس پر عمل درآمد کروایا ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں اور سیاستدانوں کو قادیانیوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے اور ہم خبردار کرتے ہیں کہ حکمران قادیانیوں کو پننے کے مواقع بند کردیں قادیانی آستین کاایساسانپ ہیں جس نے اس کو پانی دیا اسی کو ڈسے گا۔انہوں نے یہ بھی کہاکہ تحفظ ختم نبوت کے قوانین پر عمل درآمد نہیں ہورہااور قانون توہین رسالت کے مجرموں کو مسلسل نوازا جارہاہے ۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ امتناع قادیانیت ایکٹ پرعمل درآمد کروایا جائے۔
لاہور( 15اگست) مجلس احراراسلام کے رہنماؤں میاں محمد اویس ،قاری محمد یوسف احرار ،حاجی محمد لطیف ،قاری محمدقاسم بلوچ نے بھارت کے جشن آزادی پر کشمیریوں کی طرف سے دنیابھرمیں منائے جانے والے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے بیان میں کہاہے کہ دوسروں کا حق آزادی دبانے والابھارت کس منہ سے جشن آزادی منارہاہے 72سال سے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کررکھاہے اور کشمیر کی خصوصی حیثیت اس کے آئین اور پرچم کو ختم کرکے انسانیت کے حقوق پر بہت بڑاڈاکہ ڈالاہے دنیابھر کے کشمیری بھارت سے آزادی کے لیے احتجاج کررہے ہیں اوربھارت دوسروں کی آزادی کودباکر جشن آزادی منارہاہے جو انسانی حقوق اورمسلمہ بین الاقوامی اصولوں کے منہ پرایک زوردار طمانچہ ہے مجلس احراراسلام کے رہنماؤں نے کہاکہ جدوجہدآزادی کے لیے ہم مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اورکشمیریوں کی آزادی کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مجلس احراراسلام نے1931ء کو سب سے پہلے تحریک آزادی کشمیر چلائی اورامیرشریعت سید عطاء اﷲ شاہ بخاری نے آزادی کشمیر کے حق میں بڑے بڑے عوامی جلسے کیے اورکشمیرمیں حق خود ارادیت کے لیے رائے عامہ کوبیداروہموار کرنے کے لیے بھرپورعوامی جدوجہدکی ۔انہوں نے کہاکہ کشمیر ی آج بھی ہرگز اکیلے نہیں بلکہ پاکستان سمیت پوراعالم اسلام ان کے حق خودارادیت کی حمایت کررہاہے عالمی اداروں نے بھی کشمیر پربھارتی غاصبانے قبضے کو ہرگز قبول نہیں کیابلکہ بھارت کو اخلاقی طورپر پوری دنیاسے منہ کی کھانی پڑرہی ہے بھارتی فوج کانہتے کشمیریوں کا قتل عام ،انسانی حقوق کے علمبرداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے ۔
کراچی(16اگست)مجلس احراراسلام سندھ کے امیر مفتی عطاء الرحمن قریشی ،شفیع الرحمن احرار اوردیگر رہنماؤں نے کوئٹہ کی مسجد میں ہونے والے خودکش بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشت گر د پاکستان کی کشمیرمیں ہونے والی ظلم وبربریت سے توجہ ہٹانے کے لیے ایسی بزدلانہ کاروائیاں کررہے ہیں پاکستان کشمیر میں ہونے والے ظلم کے خلاف ہرفورم پرآواز اٹھائے گا اور اپنے کشمیری بھائیوں کو کسی صورت بھی تنہانہیں چھوڑے گا،دشمن اس قسم کی حرکتوں سے کشمیر میں بہنے والے نہتے معصوم لوگوں کے خون سے ہولی کھیلنا چاہتاہے جوکسی حال میں دنیابرداشت نہیں کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کاز پر حکومت اوراپوزیشن کو ایک پیج پر آناچاہیے ۔انہوں نے یہ بھی کہاکہ امریکہ ،انڈیااور اسرائیل کے مہرے’’قادیانی گروہ‘‘اسلام اور وطن کیخلاف دن رات سازشوں میں مصروف ہے اور اندرون خانہ کشمیر کاز کونقصان پہنچایاجارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ تحفظ ختم نبوت جیسے قوانین پر عمل درآمد نہیں ہورہاجس سے بعض مقامات پر کشیدگی بڑھ رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ امتناع قادیانیت ایکٹ پر عمل درآمد کروایاجائے اور قادیانی جماعت کو خلاف قانون قراردیاجائے۔انہوں نے کوئٹہ بم دھماکے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی اورلواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعاکی۔
لاہور( 16اگست )مجلس احراراسلام پاکستان نے کہاہے کہ کنٹرول لائن پر فائرنگ سے ہونے والی شہادتوں سے پوری دنیا میں مظلوم کشمیریوں کے حق میں رائے عامہ بیدارہورہی ہے اور یہ بیداری اور شہداء کا مقدس خون کشمیر کی آزادی کا سبب نبے گا ۔مجلس احراراسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید عطاء المہیمن بخاری ،نائب امیر پروفیسر خالد شبیراحمد ،سید محمدکفیل بخاری اور سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہاہے کہ 1931ء میں کشمیر پر ہونے والے جبروتشددسے لے کر اب تک ہونے والی شہادتیں دراصل استعماری قوتوں کی ظالمانہ کاروائیاں ہیں اور قیام ملک کے وقت قادیانیوں نے ضلع گرداسپور کو پاکستان کی بجائے انڈیا میں شامل کراکر مسلم دشمنی کا حق اداکردیاتھا ۔ سید عطاء المہیمن بخاری نے کہاکہ 72سالوں میں پاکستانی حکمرانوں اور سیاستدانوں نے سفارت کاری کے محاذ پر وہ توجہ نہ دی جودی جانی چاہیے تھی ۔انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی دیکھ کر چپ سادھے ہوئے ہیں اور کشمیریوں کو گاجر مولی کی طرح کا ٹاجاکررہاہے ۔علاوہ ازیں متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے دفتر میں آمدہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں خطبات جمعۃ المبارک کے دوران مختلف مکاتب فکر کے دینی رہنماؤں علماء کرام اورخطباء عظام نے کشمیر میں ہونے والے ظلم پر صدائے احتجاج بلند کی اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔ ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنونیر عبداللطیف خالدچیمہ نے کہاہے کہ صدر ٹرمپ سے کشمیر کے مسئلہ پر سودے بازی رفتہ رفتہ عیاں ہوتی جارہی ہے اور قوم کسی صورت یہ صورتحال قبول نہیں کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کاز پر حکومت اوراپوزیشن کو ایک پیج پر آناچاہیے ۔انہوں نے یہ بھی کہاکہ امریکہ ،انڈیااور اسرائیل کے مہرے’’قادیانی گروہ‘‘اسلام اور وطن کیخلاف دن رات سازشوں میں مصروف ہے اور اندرون خانہ کشمیر کاز کونقصان پہنچایاجارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ تحفظ ختم نبوت جیسے قوانین پر عمل درآمد نہیں ہورہاجس سے بعض مقامات پر کشیدگی بڑھ رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ امتناع قادیانیت ایکٹ پر عمل درآمد کروایاجائے اور قادیانی جماعت کو خلاف قانون قراردیاجائے۔مزیدبرآں مجلس احباب چیچہ وطنی کا ہفتہ وار اجلاس دفتراحرارجامع مسجدمیں انجمن حقوق شہریاں کے سرپر ست اعلیٰ شیخ عبدالغنی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں نہتے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اجلاس میں شہداء کشمیرکے علاوہ تمام مسلمانوں اورخصوصا حضرت محمد طلحہ کاندھلوی کی مغفرت کے لیے قاضی بشیر احمد نے دعاکرائی ۔
لاہور(19اگست)شہید مظلوم ،شہید مدینہ ،امیرالمومنین سیدناعثمان غنی ؓ کے یوم وفات کے موقع پر آج ملک بھر میں یوم شہادت عثمان منایاجائیگااور مختلف مکاتب فکر کے مذہبی رہنما ، علماء کرام اور دانشور حضرت عثمان غنی ؓ کی حیات وخدمات پرروشنی ڈالیں گے ۔مجلس احراراسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید عطاء المہیمن بخاری،نائب امیر سیدمحمد کفیل بخاری،سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے اپنی جماعت کی ماتحت شاخوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیدنا عثمان غنی ؓ کی وفات پر ان کوخراج عقیدت پیش کرنے کا اہتمام کریں ۔علاوہ ازیں تحریک تحفظ ختم نبوت ،مجلس خدام صحابہؓ اورتحریک مدح صحابہؓ کے رہنماؤں نے کہاہے کہ سیدنا عثمان غنیؓ نے مسجد نبوی ﷺ میں خون خرابے سے بچنے کے لیے آخری دم تک کوشش کی لیکن بلوائیوں نے انہیں شہید کرکے یہودی سازش کو تکمیل تک پہنچایا ۔انہوں نے کہاکہ سیدنا عثمان غنی ؓ کی شہادت سے امت دوحصوں میں تقسیم ہوئی اوراس تقسیم نے انتشار وافتراق کوجنم دیاجو آج تک جاری ہے ۔انہوں نے کہاکہ حضرات صحابہ کرامؓ کی تعلیمات امت میں اتحاد واتفاق کا باعث ہیں انہیں تعلیمات پرہم عمل پیراہوکر دنیاوآخرت میں کامیاب وکامران ہوسکتے ہیں ۔
لاہور( 20اگست) مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالدچیمہ نے کہاہے کہ لندن میں ہونے والے فراڈ ایوارڈ شومیں پاکستانی فنکاروں کی شرکت بے حد افسوس ناک ہے ایک ایسے وقت میں جب کہ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پرمظالم ڈھارہی ہے اورپاک بھارت سرحد پرصورتحال انتہائی کشیدہ ہے جس پر ایک عام پاکستانی بھی سخت رنجیدہ ہے۔انہوں نے کہاکہ قادیانیوں کے اس ایوارڈشو کے انعقاد سے ظاہرہوتاہے کہ وہ اپنے دل میں مسلمانوں کا کتنا درد رکھتے ہیں قادیانی فراڈیاعطاء الحق پہلے بھی پاکستان اچیومنٹ پروگرام کے نام سے لوگوں سے پیسے بٹور چکاہے ۔انہوں نے کہاکہ قادیانیوں کی ایسی حرکتیں پاکستان کی دنیا بھرمیں بدنامی کا باعث بنتی ہیں پاکستانی فنکاروں اور اینکر پرسنز کوپاکستان دشمن قوتوں کے ایسے فراڈ شوز میں شرکت نہ کرکے اپنی حب الوطنی کا ثبوت دینا چاہیے قادیانی اول روز سے پاکستان کے وجود کو تسلیم کرنے سے انکاری ہیں اور وہ آج بھی اکھنڈ بھارت منصوبے کے حق میں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ لندن کا پاکستانی سفارتخانہ قادیانیوں کی اسلام اور پاکستان دشمن سرگرمیوں کا سدباب کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکا ہے بلکہ قادیانیت کے زہر کوپھیلانے میں ان کا ممدومعاون بناہوا ہے انہوں نے کہاکہ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ بیرون ممالک قادیانی ریشہ دوانیوں اور قادیانیوں کے پاکستان دشمن پراپیگنڈے کے سدباب کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے ۔
لاہور(20اگست) خلیفہ سوئم برحق سیدنا حضرت عثمان غنیؓ کی شہادت کے حوالے سے ملک کے طول وعرض میں اجتماعات اور نشستوں کا اہتمام کیاگیا ۔مجلس احراراسلام ،تحریک تحفظ ختم نبوت، مجلس خدام صحابہ اور دیگرتنظیموں کے رہنماؤں نے سید نا عثمان غنیؓکے دور حکومت کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہاکہ انہوں نے خلافت کا حق اداکردیا۔ سیدنا عثمان غنیؓ کو یہودی ومجوسی سازش کے تحت بلوائیوں نے شہید کیا چالیس روز تک ان کا پانی بند رکھالیکن انہوں نے نہ توخلافت کی قمیض اتاری اور نہ ہی جوابی کاروائی کرکے خون خرابہ کیا ۔دینی رہنماؤں نے کہاکہ تمام کے تمام حضرات صحابہ کرامؓ جناب نبی کریم ﷺ کے ارشاد مبارک کے مطابق جنتی ہیں اور تنقید سے بالاتر ہیں ہمیں حضرات صحابہ کرام ؓکے نقش قدم پر چلنا چاہیے ۔
لاہور(21اگست)تحریک آزادی کے نامور سپوت ،تحریک ختم نبوت کے قائد اور مجلس احراراسلام کے بانی حضرت امیرشریعت سید عطاء اﷲ شاہ بخاری کے 58ویں یوم وصال پر ملک بھرمیں یوم امیرشریعت منایاگیا اور یہ سلسلہ اگست کے آخرتک جاری رہے گا ۔مختلف دینی جماعتوں اورتنظیموں کے قائدین اور رہنماؤں نے سید عطاء اﷲ شاہ بخاری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ ہندوستان سے انگریز سامراج کے تاریک سناٹے والی سیاہ رات کوختم کرنے کے لیے سید عطاء اﷲ شاہ بخاری ان کے رفقاء احرارنے تن من دھن کی بازی لگادی اور انگریز سامراج کو برصغیر چھوڑنے پر مجبور کردیا،آج کے حالات میں پھر ایک سید عطاء اﷲ شاہ بخاری کی ضرورت ہے جو امریکن سامراج سے پنجہ آزمائی کرے اور استعماری قوتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرے تاکہ یہ ملک اسلام کا مرکز اور امن کا گہوارہ بن جائے ۔مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب امیرسید محمد کفیل بخاری ،سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ ،ڈاکٹرمحمد آصف ،عاشق علی احراراور دیگر مقررین نے جامعہ عثمانیہ مکی مسجد ابوایونصاری ٹاؤن قصور میں یوم امیرشریعت کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سید عطاء اﷲ شاہ بخاری نے جو قافلہ سخت جاں تیار کیاتھا ،1953ء میں تحریک ختم نبوت کی پاداش میں پابندی لگنے کے باوجود ،آج پوری طرح میدان عمل میں ہے اور فتنہ قادیانیت کے استیصال تک تحریک ختم نبوت جاری وساری رکھنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔سید محمد کفیل بخاری نے کہاکہ ہمارامقصد حیات قیام حکومت الہٰیہ کے سواکچھ بھی نہیں،ہم اﷲ کی مخلوق کوبندوں کی غلامی سے نکال کرایک اﷲ کی بندگی میں لانا چاہتے ہیں اوریہ سب کچھ قرآن وسنت کے نظام کے نفاذ کے بغیر ممکن نہیں ۔عبداللطیف خالد چیمہ نے کہاکہ سید عطاء اﷲ شاہ بخاری اور شہداء ختم نبوت کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم آسمانی تعلیمات کے نفاذ کے علمبردار بن جائیں اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ ودفاع کے لیے اپنی جدوجہدکو آگے بڑھانے والے بن جائیں ۔انہوں نے کہاکہ کچھ قوتیں آئین سے فراراوربغاوت اختیار کرنے والے قادیانی گروہ کو پرموٹ کررہی ہیں ۔ہم خبردار کرنا چاہتے ہیں کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور قادیانی ریشہ دوانیوں کے حوالے سے آئین وقانون پر عمل درآمد کرایاجائے اور قادیانی جماعت کو خلاف قانون قرار دیاجائے ۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کو قادیانیوں نے 1930ء سے خراب کیاہے اور پاکستان بنتے وقت بھی ضلع گرداسپور کو 52فیصد آبادی کے باوجود پاکستان میں رکھنے کی بجائے انڈیامیں باؤنڈری کمیشن کے ذریعے شامل کروایا جس کی وجہ سے پاکستان آج تک مشکل میں پھنسا ہواہے ۔اس موقع پر اعلان کیاگیاکہ لاہوری وقادیانی مرزائیوں کو غیرمسلم اقلیت قراردیئے جانے کے تاریخی دن کے حوالے سے 7ستمبر کوملک بھر میں ’’یوم ختم نبوت‘‘جوش وخروش کے ساتھ منایاجائیگا،جبکہ امریکہ ویورپ میں بھی یوم ختم نبوت کی تقاریب منعقدہوں گی۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ (23 اگست) مجلس احرار اسلام ٹوبہ ٹیک سنگھ کے زیر اہتمام مرکز احرار جامع مسجد معاویہ میں اجتماع جمعہ میں امیر شریعت سید عطاء اﷲ شاہ بخاری رحمہ اﷲ کے 58 ویں یوم وصال کے موقع پر ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے قاری محمد اصغر عثمانی، حافظ محمد اسماعیل (امیر مجلس احرار ٹوبہ) نے کہا کہ حضرت امیر شریعت رحمہ اﷲ نے احرار کے پلیٹ فارم سے قادیانیت کا بھرپور تعاقب کیا اور الحمد ﷲ آج بھی مجلس احرار دینی وسیاسی محاذ پر قادیانی سرگرمیوں پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت پر جان قربان کرنے کا عہد کرکے نکلے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں مظلوم مسلمانوں کے خون بے گناہی کی ذمہ داری حکومتی اداروں کے سر ہے جنہوں نے ستر سال سے کشمیروں کو اپنے حق خود ارادیت کے حصول کا لالی پاپ دے رکھا تھا اور اچانک چند ٹکوں کے عوض قطعہ بہشت کا سودا کردیا۔ ہم کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
ملتان (24 اگست) مجلس احرار اسلام ملتان کے ذمہ داران کا خصوصی اجلاس بسلسلہ امیر شریعت سیمینار، دار بنی ھاشم میں امیر مجلس احرار اسلام ملتان مولانا محمد اکمل کی زیر صدارت منعقد ھوا۔ اجلاس میں 29اگست بروز جمعرات بعد نماز مغرب، دار بنی ھاشم میں منعقدہ آل پارٹیز امیر شریعت سیمینار کے حوالے سے جائزہ لیا گیا اور سیمینار کو کامیاب بنانے کیلئے قائم کی گئی مختلف انتظامی کمیٹیوں سے رپورٹ لی گئی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد اکمل نے کہا کہ نتائج اﷲ رب العزت کے سپرد کر کے داعی کا کام حق دعوت کو حق طریقے سے پہنچانا ہے، مصائب سے گھبرا کر راہ حق سے فرار اختیار نہیں کیا جانا چاہیئے، انہوں نے کہا کہ نبی آخرالزماں صلی اﷲ علیہ وسلم کے فرمان کا مفہوم ہے کہ جتنا مجھے ستایا اور پریشان کیا گیا اتنا کسی کو بھی نہیں، انکا کہنا تھا کہ راستے کی مشکلات دیکھ کر مشن نہیں چھوڑا جا سکتا۔ الحمد ﷲ مجلس احرار اسلام نے ہر دور میں دین اسلام اور وطن عزیز کیلئے اپنی پر امن آئینی و قانونی دائرہ کار میں رہتے ھوئے جاری رکھا ہے اور آج بھی پر امن جدوجہد کے ساتھ میدان عمل میں ھے۔ مولانا سید عطائالمنان بخاری، مولانا اﷲ بخش احرار، سعید احمد انصاری، مولانا مفتی محمد قاسم نے کہا کہ مجلس احرار اسلام دیگر دینی و سیاسی جماعتوں کے ہمراہ دینی و سیاسی جدوجہد میں اپنے حصے کا کام احسن انداز میں سرانجام دے رہی ہے، احرار وطن عزیز پاکستان کے اسلامی تشخص اور مقدس قوانین پر آنچ نہیں آنے دیں گے، قاری عبدالناصر صدیقی، ڈاکٹر عبدالغفور، عدنان ملک، عثمان یوسف، عدنان معاویہ نے کہا کہ حکومت اعلی عہدوں پر فائز قادیانیوں کی غیر آئینی و غیر قانونی سرگرمیوں کا نوٹس نہیں لے رہی جس کے باعث قادیانی اپنی سرگرمیوں کو جاری رجھے ھوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ عطاء الحق قادیانی نے لندن میں ’’پاکستان اچیومنٹ ایوارڈ‘‘ کے نام سے جو تقریب منعقد کی اس میں پاکستانی فنکاروں اینکرز اور نام نہاد مجاہد ختم نبوت شیخ رشید کی شرکت انتہائی شرمناک اور افسوس ناک ہے، مجلس احرار اسلام ملتان کے سیکرٹری اطلاعات فرحان حقانی نے اجلاس کو سیمینار کے حوالے سے اب تک جو انتظامات کئے گئے ہیں ان کے حوالے بریف کیا اور بتایا کہ سیمینار میں احرار قائدین سمیت دیگر دینی و سیاسی جماعتوں کی نمائندہ شخصیات نے امیر شریعت سیمینار میں شرکت کی یقین دہانی کرواتے ھوئے کہا ہے کہ ہم تحریک آزادی اور تحریک تحفظ ختم نبوت میں قائدانہ اور مجاہدانہ کردار ادا کرنیوالے نامور سیاسی رہنماء اور عظیم مجاہد ختم نبوت مولانا سید عطائاﷲ شاہ بخاری رحمتہ اﷲ علیہ اور انکی جماعت مجلس احرار اسلام کی دینی و ملی، سیاسی سماجی خدمات کا تذکرہ خیر کرنا اپنی سعادت سمجھتے ہیں اور ہم ہمیشہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور دفاع کیلئے مجلس احرار اسلام کا ہر لحاظ سے ساتھ دیتے رہیں گے۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت کی پر زور مذمت کی گئی اور قرار داد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ وزیراعظم، وزیر خارجہ، چیئرمین کشمید کمیٹی مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لئے عالمی سطح پر سنجیدگی کے ساتھ جاندار اواز اٹھائیں اور مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
لاہور(24اگست)مجلس احراراسلام پاکستان نے امریکہ کے سفیر برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی سیموئل براؤن بیک کے پاکستان میں قادیانیوں سے امتیازی سلوک کے دعوے کو مستردکردیاہے۔ براؤن بیک نے جمعرات کو سلامتی کو نسل میں کہاتھاکہ پاکستان میں اقلیتیں بالخصوص احمدی تکلیف دہ صورتحال سے دوچارہیں۔علاوہ ازیں اس موقع پر برطانیہ کے وزیر مملکت برائے دفتر خارجہ لارڈ طارق احمد(قادیانی)نے بھی اقلیتوں کے حوالے سے پاکستان پر تنقیدکی تھی۔مجلس احراراسلام پاکستان کے امیرسیدعطاء المہیمن بخاری،جنرل سیکرٹری عبداللطیف خالدچیمہ اورسیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر عمرفاروق احرار نے اپنے ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کومکمل آئینی تحفظ حاصل ہے اور تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کا ایک منظم عدالتی اور انتظامی طریقۂ کار موجود ہے ۔اس لیے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ سے متعلق پاکستان کو کسی دوسرے ملک کے مشورے کی ضرورت نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ قادیانیوں کے ساتھ چونکہ بیرونی قوتوں کے مفادات وابستہ ہیں ۔اس لیے قادیانیوں کی مبینہ مظلومیت اورفرضی ایذارسانی کا ڈھول پیٹ کر دنیاکی آنکھوں میں دھول جھونکی جارہی ہے جو دراصل پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کی منظم سازش کی ایک کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ وبرطانیہ کو دوسرے ممالک کے معاملات میں مداخلت کرنے کے بجائے اپنے ہاں اسلام فوبیا اور یہود مخالف جذبات میں اضافے کی وجوہات جاننے کے لیے اپنا محاسبہ کرنے کی ضرورت ہے۔احراررہنماؤں نے ایک پاکستانی این جی اوہیومن رائٹس فوکس پاکستان کے چیئرمین نویدوالٹرکے اقوام متحدہ میں دیے گئے اس بیان کی بھی شدیدمذمت کی کہ پاکستان میں قادیانیوں سے جانبدارانہ رویہ برتاجارہا ہے اوراقلیتوں کے انسانی حقوق پامال کیے جارہے ہیں۔احراررہنماؤں نے کہا کہ ایسے بے بنیادالزامات اوراشتعال انگیزبیانات پاکستان کی بدنامی کا باعث ہیں۔جس کا حکومت پاکستان کو فوری نوٹس لیتے ہوئے پاکستان کی پوزیشن واضح کرنی چاہیے اورہیومن رائٹس فوکس پاکستان جیسی این جی اوزکے منہ میں لگام دینی چاہیے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Time limit is exhausted. Please reload the CAPTCHA.