تازہ ترین خبریں
آپ کو مجلس احرار کیسی لگی؟

قادیانی ریشہ دوانیاں اور دستور کی بالا دستی کو چیلنج

۔

عبداللطیف خالد چیمہ
پاکستان بننے کے فوراََ بعد امریکی مداخلت نے وطن عزیز میں سائے گہرے کرلیے تھے اور تمام اسلام ووطن دشمن عناصر کی پُشت پراستعماری قوتیں نظر آنے لگیں ،بھٹو مرحوم کے دور اقتدار میں 7؍ستمبر 1974 ء کو لاہوری وقادیانی مرزائیوں کو اسمبلی کے فلور پر آئینی ترمیم کے ذریعے متفقہ طور پر غیر مسلم اقلیت قرار دیا گیا اور بھٹو مرحوم نے ہی کہاتھا کہ ’’قادیانی پاکستان میں وہی مرتبہ چاہتے ہیں جویہودیوں کو امریکہ میں حاصل ہے ‘‘۔قادیانیوں نے پاکستان کے آئین اور آئینی ترمیم کو کبھی بھی تسلیم نہیں کیا اور مختلف مواقع پر عملاََ اس کا اظہار بھی ہوتا رہاہے ،چند سال قبل چناب نگر (ربوہ) کے قادیانی شکور (عینک والا)کو توہین رسالت پر مبنی لٹریچر فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ،شواہد کے ساتھ سزا ہوئی اور مجرم کو گزشتہ مارچ میں خالص امریکی دباؤ پر رہا کیا گیااور پوری فیملی سمیت امریکن امیگریشن دلوائی گئی ،اِسی شکور قادیانی نے مترجم شان تاثیر کے ذریعے صدر ٹرمپ کو براہ راست پاکستان کے خلاف قادیانیوں پر ہونے والے خودساختہ مظالم کی داستان سنائی ،جونہی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو وزیر اعظم عمران خان کے امریکی دورے میں چند روز باقی تھے ،ہر طرف سے احتجاجی شور اٹھا ،مرزا مسرور نے کہاکہ ’’ہمارا مرکز پاکستان نہیں قادیان (انڈیا)ہے پاکستانی آئین میں تبدیلی ہو کر رہے گی‘‘۔قادیانیوں کی اینٹی اسلام اور اینٹی پاکستان سرگرمیوں کا سدباب نہ ہونا ایک سوالیہ نشان ہے ۔جس کا جواب نہیں دیا جا رہا ،الٹا قادیانیوں کو مزید ڈھیل دی جا رہی ہے اور یہ سب حکومت اور سیاسی جماعتوں میں قادیانیوں کے اثرو رسوخ کی وجہ سے ہو رہاہے ۔اس کی بہت سی اور وجوہ بھی ہیں ،لیکن ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ قادیانیوں نے پرانے مورچے بدل کر نئے مورچے سنبھال لیے ہیں ،جس کا تعلق اثر ورسوخ ، لابنگ اور ذہن سازی سے ہے۔ 26؍جولائی 2019 ء کو اس سلسلہ میں ’’یوم احتجاج ‘‘کے موقع پر ملک بھر میں تمام مکاتب فکر نے متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کی اپیل پر خطبات جمعتہ المبارک کے موقع پر درجہ ذیل صورتحال پر روشنی ڈالی، صدائے احتجاج بلند کی اور متفقہ قرار دادیں منظور کی گئیں۔ 26؍جولائی 2019ء کے خطبات جمعتہ المبارک میں درج ذیل صورتحال پر روشنی ڈالی اور قرار دادیں منظور کی گئیں۔
٭ ملکی آئین وقانون کے خلاف قادیانی سرغنہ مرزا مسرور نے جو زبان استعمال کی ہے ،اس کا نوٹس نہ لینا حکومت کی بدترین قادیانیت نوازی ہے۔ ٭ توہین رسالت کے مجرم شکور (چشمے والا)چناب نگر کو امریکی دباؤ سے رہا کروا کر امریکہ بھیجا گیا اور امریکی صدر ٹرمپ کے سامنے اُس نے پاکستان کے خلاف گندی زبان استعمال کی۔ ٭ موجودہ حکمران قادیانیت کو پنپنے کے مواقع فراہم کررہے ہیں۔ ٭ ملتان کے پروفیسر جنید حفیظ جو توہین رسالت کا مجرم ہے، کی رہائی کے لیے امریکی نائب صدر دباؤ ڈال رہے ہیں جو مسلّمہ بین الاقوامی اصولوں کی نفی ہے۔ ٭ آئین پاکستان اور قوانین کی رو سے قادیانی اپنے آپ کو مسلمان ظاہر نہیں کر سکتے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے چناب نگر سمیت ملک بھر میں عمل درآمد نہیں کروا رہے اور بے بس نظر آتے ہیں۔ ٭ مختلف سطح کے نصاب تعلیم سے عقیدۂ ختم نبوت والے حصے حذف کیے گئے ہیں، ایسے میں اسلامیان پاکستان کا بیدار ہونا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔
ماتحت مجالس احرارا سلام متوجہ ہوں !
مجلس احرارا سلام پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس منعقدہ 6 ذیقعد 1440 ھ ،مطابق 10 جولائی 2019 ء دفتر احرار لاہور ،کی معمول کی کارروائی (سرکلر شامل اشاعت ہے) کے علاوہ 2 اہم فیصلے کیے گئے کہ خالص جماعتی اخراجات کے لیے جناب میاں محمد اویس کی سربراہی میں بیت المال کمیٹی قائم کی گئی جس کے لیے ڈاکٹر محمد آصف، مولانا تنویر الحسن احرار اور حافظ محمد ضیاء اﷲ ہاشمی ان کے معاونین ہوں گے۔ تمام شاخیں اس جانب خصوصی توجہ فرمائیں۔ دوسرا فیصلہ یہ ہوا کہ 29؍ دسمبر 2019ء کو دریائے راوی لاہور کے کنارے قائم ہونے والی حریت پسند جماعت ’’مجلس احرار اسلام‘‘ کو 90 سال پورے ہونے پر کارکنان احرار و ختم نبوت 29-28-27 دسمبر 2019ء کو جامع مسجد احرار چناب نگر میں سہ روزہ ’’اجتماع احرار‘‘ منعقد کریں گے۔ جو پہلے دن نماز جمعتہ المبارک سے شروع ہوکر اتوار قبل از نماز ظہر اختتام پذیر ہوگا۔ نومبر کے شروع میں 12-11 ربیع الاوّل کو سالانہ ختم نبوت کانفرنس جبکہ دسمبر کے آخر میں ’’یوم تاسیس‘‘ کا سہ روزہ اجتماع ہوگا، یہ اجتماع ان شاء اﷲ تعالیٰ صد سالہ جشن (یوم تاسیس) کا پیش خیمہ ثابت ہوگا اور احرار کی پرانی روایات کے مطابق ساتھیوں کے حوصلے کا سبب بنے گا، اجتماع کے آخری دن دینی و سیاسی قیادت تشریف لائے گی اور ملکی حالات سمیت تمام موضوعات پر بات ہوگی، احرار کی جملہ ماتحت شاخوں، کارکنان ختم نبوت اور معتقدین اکابر احرار اور حضرت امیر شریعت سے خصوصی درخواست ہے کہ وہ 12-11 ربیع الاوّل کے ساتھ ساتھ 29-28-27 دسمبر کے لیے بھی کمر بستہ ہو جائیں ،بقیہ تفصیلات ان شاء اﷲ تعالیٰ آئندہ شماروں میں شامل اشاعت ہوں گی۔

مجلس احرار اسلام پاکستان
مرکزی دفتر: دارِ بنی ہاشم مہربان کالونی ملتان
بنام ماتحت مجالس احرار اسلام پاکستان
تاریخ: 16-07-2019 سرکلرنمبر: 4/19
محترمی ومکرمی جناب السلام علیکم ورحمۃ اﷲ وبرکاتہٗ
امید ہے مزاج گرامی بخیر ہوں گے!
مجلس احرار اسلام پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس زیر صدرات سیدمحمدکفیل بخاری نائب مجلس احرار اسلام پاکستان منعقدہ 6؍ذیقعد 1440ھ مطابق 10؍ جولائی 2019ء دفتر احرار لاہور میں درج ذیل فیصلے کیے گئے۔ مرکزی مجلس احرار اسلام کے اخراجات کے لیے مرکزی ناظم اعلیٰ جناب عبدالطیف خالد چیمہ صاحب کی تجویز پر 20 لاکھ روپے سالانہ بجٹ کی منظور ی دی گئی اور اس کے لیے شعبہ مالیات قائم کیا گیا۔ جناب میاں محمد اویس کو مرکزی ناظم مالیات مقرر کیا گیا اور درج ذیل تین افراد کو اُن کا معاون نامزد کیا گیا۔
۱۔جناب ڈاکٹر محمدآصف ۲۔مولانا تنویر الحسن ۳۔حافظ ضیاء اﷲ ہاشمی
یہ کمیٹی ماتحت شاخوں سے سالانہ فنڈ کی وصولی کے لیے نظام تشکیل دے گی اور فنڈ وصولی کو ہر صورت یقینی بنائے گی جبکہ مرکزی جماعت کے اخراجات کی ادئیگی وحسابات رکھنے کی بھی ذمہ دار ہوگی۔
اجلاس میں درج ذیل فیصلے کیے گئے:
٭ مقامی جماعت کے تحت 14 ؍ اگست کو یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کا اہتمام کیا جائے۔
٭ 21؍ اگست حضرت امیر شریعت سید عطاء اﷲ شاہ بخاری رحمۃ اﷲ علیہ کا یومِ وصال ہے آپ کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ماہ اگست کی کسی بھی تاریخ کو تقریب کا اہتمام کیا جائے۔
٭ 7 ؍ ستمبر کو یوم تحفظ ختم نبوت (یوم قراردادِ اقلیت) ہے۔ اس مناسبت سے یکم تا 10؍ ستمبر عشرۂ ختمِ نبوّت پورے تزک واحتشام کے ساتھ منایا جائے اور اس سے پہلے کارکنان کا مشاورتی اجلاس بلا کر پوری منصوبہ بندی کی جائے۔ تمام مکاتب فکر کو 7 ؍ ستمبر، یوم تحفظ ختم نبوت کے مجوزہ پروگرام میں شرکت کی دعوت دی جائے۔ پروگرام کی نوعیت اپنے حالات کے مطابق طے کریں۔ اس کے علاوہ علاقہ بھر میں اخبارات اور سوشل میڈیا کے ذریعے 7؍ ستمبر کے پروگرام کی تشہیر کریں جبکہ اس موقع پر فہم ختم نبوت کورس اور سیمینار وغیرہ کا اہتمام بھی کیا جاسکتا ہے۔
٭ 12,11ربیع الاوّل تحفظ ختم نبوت کانفرنس و جلوس دعوت اسلام چناب نگر کے بارے میں مقامی طور پر مشاورت شروع کر دیں۔
٭ 29دسمبر 2019ء مجلس احرار اسلام کا نوے سالہ یومِ تاسیس ہے، اس موقع پر جامع مسجد احرار چناب نگر میں تین روزہ نوے سالہ اجتماع احرار منعقد ہو رہا ہے۔ 29-28-27دسمبر، جمعہ، ہفتہ، اتوار۔ اس عظیم الشان اجتماع کو کامیاب بنانے کے لیے ابھی سے محنت شروع کریں، مقامی سطح پر تیاری اور تشہیر کریں، اس کے لیے آپ کو الگ تفصیلی سرکلر ارسال کیا جائے گا۔ مزید تفصیلات کے لیے ذیل کے نمبر پر رابطہ کریں۔
نوٹ:
٭ سرکلر موصول ہوتے ہی تمام عہدے داران کی فوری میٹنگ بلا کر سب کو ایک کاپی دی جائے۔
٭ جماعت کی رکنیت ومعاونت سازی کا عمل ساتھ ساتھ جاری رکھیں، ضرورت پڑنے پر رکنیت ومعاونت فارم مرکز سے طلب کریں۔
٭ اپنا علاقائی احرار ورکرز تربیتی کنونشن منعقد کرنے کے لیے مرکز سے رابطہ کریں۔
والسلام
عبد اللطیف خالد چیمہ
سیکرٹری جنرل مجلس احرار اسلام پاکستان
برائے رابطہ
ڈاکٹر محمد آصف
0300-9522878

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Time limit is exhausted. Please reload the CAPTCHA.