تازہ ترین خبریں
آپ کو مجلس احرار کیسی لگی؟

اخبارالاحرار

پنجاب اسمبلی میں حافظ عمار یاسر کی قرار داد منظور :
پنجاب اسمبلی کی حضرت محمد صلی اﷲ علیہ وسلم ، اہل بیت، صحابہ کرام اور ازواج مطہرات کی شان میں گستاخی کی مذمت، او لیول کی نصابی کتاب اور سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ اور نازیبا مواد پھیلانے والوں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ، چنیوٹ میں ختم نبوت کے پروگراموں کی تشہیر پر پابندی ختم کی جائے۔ چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت اسمبلی اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ کے صوبائی وزیر حافظ عمار یاسر کی جانب سے اسلام دشمن اور ختم نبوت پر ڈاکہ ڈالنے والی کارروائیوں کے خلاف پیش کردہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔
لاہور(29اپریل2019) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں حضرت محمد مصطفی صلی اﷲ علیہ وسلم ، اہل بیت، صحابہ کرام اور ازواج مطہرات رضی اﷲ عنہم کی شان میں گستاخی کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ او لیول کی کتاب اور سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ اور نازیبا مواد پھیلانے والوں کو سخت سزا دی جائے۔ ایوان نے رولز کو ملتوی کرتے ہوئے اسلام دشمن اور ختم نبوت پر ڈاکہ ڈالنے والی کارروائیوں کے خلاف صوبائی وزیر حافظ عمار یاسر کی جانب سے پیش کردہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ چنیوٹ میں ختم نبوت ﷺ کے حوالے سے کسی بھی پروگرام کو منعقد کرانے والے منتظمین کو پولیس ایف آئی آر درج کر کے پریشان کرتی ہے، منتظمین اپنے پروگرام کے حوالے سے نہ کوئی اشتہار پرنٹ کرا سکتے ہیں اور نہ اس حوالے سے تشہیر کر سکتے ہیں، یہ ایوان اس کی شدید مذمت کرتا ہے۔ قرارداد میں اسلام دشمن اور ختم نبوت پر ڈاکہ ڈالنے والی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان میں اولیول میں پڑھائی جانے والی ایک کتاب ’’اسلام بلیف اینڈ پریکٹسز‘‘ جس کی مصنفہ یاسمین ملک ہے، اس کتاب میں سیدنا حضرت عثمان غنی رضی اﷲ عنہ اور مولائے کائنات شیر خدا سیدنا حضرت علی المرتضیٰ رضی اﷲ عنہ کی شان کے بارے میں گستاخیاں کی ہیں کہ معاذ اﷲ ان میں قائدانہ صلاحیتوں کا فقدان تھا، حضرت عمرو بن العاص رضی اﷲ عنہ کے بارے میں بھی نازیبا الفاظ استعمال کئے ہیں، سیدنا حضرت امیر معاویہ رضی اﷲ عنہ کے بارے میں سنگین تہمت لگائی ہے کہ معاذ اﷲ حضرت سیدنا امام حسن بن علی رضی اﷲ عنہما کی شہادت میں ان کا ہاتھ تھا اور انہوں نے سیدنا امام حسن رضی اﷲ عنہ کی اہلیہ کو اس کام کیلئے رشوت دی تھی، یہ ایوان اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ قرارداد میں مزید کہا گیا کہ ملک بھر میں فرقہ واریت کے خاتمہ اور باہمی ہم آہنگی پیدا کرنے کی بجائے کچھ غیرملکی عناصر بیرون ملک کی شہ پر اپنی سازشوں سے باز نہیں آئے اور معاشرے میں گمراہ کن معلومات پھیلاتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے معاشرے میں فرقہ واریت کے رجحان میں اضافہ ہو جاتا ہے، سوشل میڈیا نے بھی شر انگیزیاں پھیلانے کی انتہا کر دی ہے، سوشل میڈیا پر اسلام دشمن عناصر کی جانب سے حضرت محمد صلی اﷲ علیہ وسلم ، اہل بیت، ازواج مطہرات رضی اﷲ عنہما کے بارے میں نازیبا الفاظ استعمال کیے گئے ہیں جو کسی بھی صورت میں کسی مسلمان کیلئے قابل قبول نہیں ہیں۔ یہ ایوان ان سب کارروائیوں کی پرزور مذمت کرتا ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ ان میں ملوث افراد کو سخت سے سخت سزا دی جائے اور اس کی روک تھام کی جائے ۔
ساہیوال کے مشہور مشن چوک کا نام شہداء ختم نبوت چوک رکھ دیا گیا
ساہیوال(29اپریل)میونسپل کارپوریشن ساہیوال کی جانب سے ساہیوال کے مشہور مشن چوک کو شہداء ختم نبوت چوک کے نام سے منسوب کرنے کے حوالے سے ایک تقریب سے میئر ساہیوال ڈپٹی میئر ساہیوال اور قرار داد کے محرک کے اعزاز میں متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی ساہیوال ڈویژن کی جانب سے قاری بشیر احمد رحیمی کی میزبانی میں مقامی ہوٹل میں جامعہ رشیدیہ کے مہتمم مولانا کلیم اﷲ رشیدی کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ 26 ؍اکتوبر 1984 ء کو قادیانیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے قاری بشیر احمد حبیب اور اظہر رفیق نے اپنے خون کا نذرانہ دے کر ہمارے راستے کی مشکلات کو آسان کردیا۔ مجلس احرارا سلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہاکہ 26 ؍اکتوبر 1984 ء کو قادیانیوں نے دو مسلمانوں کے مقدس خون سے اپنے ہاتھ رنگے اور ظلم کی انتہا کردی ۔انہوں نے کہاکہ شہداء ختم نبوت کاخون کبھی رائیگاں نہیں جاسکتا ،ان کی قربانی نے ایک نئی تاریخ رقم کی جس کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ،متحدہ جمعیت اہل حدیث کے سربراہ سید ضیاء اﷲ شاہ بخاری نے کہاکہ عقیدۂ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے ساہیوال کے شہداء کا خون تحریک ختم نبوت کا تسلسل ہے ۔ میونسپل کارپوریشن ساہیوال کے میئر سردار اسعد خان بلوچ نے کہاکہ میں اور میرا ہاؤس خوش قسمت ہیں کہ ہم نے آقائے نامداد صلی اﷲ علیہ وسلم کی عزت و ناموس پر مرمٹنے والوں کے نام کو زندہ کیااور یہ ہمارے لیے توشۂ آخرت ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے مشن چوک کانام تبدیل کرکے ساہیوال کی عوام کی ترجمانی کی ہے۔انہوں نے کہاکہ ختم نبوت جیسے قوانین پر جب بھی شب خون مارنے کی کوشش کی گئی قوم نے متحد ہوکر مقابلہ کیا۔احسان الحق فریدی نے کہاکہ جناب نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم سے محبت ایمان کی بنیادہے۔ قاری سعید ابن شہید نے کہاکہ ہمارے بزرگوں نے تو 1985 ء میں ہی مشن چوک کانام ختم نبوت چوک رکھ دیا تھا،لیکن میونسپل کارپوریشن نے شہداء ختم نبوت چوک کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کرکے ہمارے دل جیت لیے ہیں ،مقررین اور تقریب کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ امتنا ع قادیانیت قانون پر مکمل اور مؤثر عمل درآمد کرایا جائے اور قادیانی ریشہ دوانیوں کا سدباب کیا جائے ۔تقریب میں ڈپٹی میئر میونسپل کارپوریشن ساہیوال چودھری ساجد نعیم ، سید اسامہ بخاری ،قاری منظور احمد طاہر،قاری عبدالجبار ،مولانا عبدالباسط ، قاری عتیق الرحمن ،محمد قاسم چیمہ ،سعید احمد عارفی ،حافظ محمد سلیم شاہ کے علاوہ متعدد صحافیوں نے بھی شرکت کی۔
لاہور ( 5مئی)متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان نے وزیراعظم پاکستان کے نام یورپی پارلیمنٹ کے 51 ارکان کے حالیہ خط پر شدید تنقید کی ہے اور اسے پاکستان کے داخلی معاملات میں مداخلت قرار دیتے ہوئے یورپی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملت اسلامیہ بالخصوص پاکستانی قوم پر اپنے نظریات اور فلسفہ و تہذیب کو مسلط کرنے کا رویہ ترک کر دے ۔پاکستان شریعت کونسل کے سیکرٹری جنرل مولانا زاہدالراشدی ،مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ اور دیگر رہنماؤں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ پاکستان کے معاملات دستور پاکستان کے مطابق چل رہے ہیں، جو منتخب دستور ساز اسمبلی کا طے کردہ ہے، دستور پاکستان کے خلاف ملکی معاملات میں مداخلت کا کسی کو حق نہیں اور نہ ہی پاکستانی قوم اس کو کسی صورت برداشت کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یورپی یونین خود تو مذہب کا کوئی معاشرتی کردار تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہے ،مذہب اور مذہبی شخصیات کے احترام کو قانونی حق تسلیم کرنے سے انکاری ہے اور مذہب اور مذہبی شخصیات کی توہین کو جرم قرار دینے پر آمادہ نہیں ہے اور ہم سے مذہب کے نام پر خود ساختہ حقوق کی پابندی کا تقاضہ کررہی ہے ،جو دوغلے پن کا شاہکار ہے اور اس کی جس قدر مذمت کی جائے کم ہے۔ ختم نبوت رابطہ کمیٹی کے ہنماؤں نے کہاہے کہ جن بین الاقوامی معاہدات کے تحت اس بات کا تقاضہ کیا جا رہاہے ان میں سے بیشتر معاہدات اقوام و ممالک کے مسلمہ حقوق و مفادات کے منافی ہیں جنہیں ری اوپن کرنے اور ان پر تمام اقوام وممالک کے باہمی اعتماد کے ساتھ نظر ثانی کا وقت آ گیا ہے ،اس لیے مسلم حکومتوں اور او آئی سی کو ان معاہدات کے سامنے سرنڈر ہوتے چلے جانے کی بجائے انہیں ری اوپن کرنے اور ان پر نظر ثانی کا مطالبہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ اُمت مسلمہ انسانی سوسائٹی کا ایک مؤثر اور فیصلہ کن حصہ ہے۔ اس پر اُس کے عقائد اور تہذیب و ثقافت کے خلاف کسی معاہدہ یا قانون کو مسلط کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور یورپی یونین سمیت مغربی دنیا کو اپنے اس طرز عمل پر بہرحال نظرثانی کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں اقلیتوں پر کسی قسم کا ظلم روا نہیں رکھا جارہا، جبکہ قادیانی اپنے آپ کو دستور پاکستان کے مطابق غیر مسلم اقلیت تسلیم کرنے کے لیے ہی تیار نہیں ہیں،جس سے اُلٹا مسلمانوں کے حقوق متاثر ہو رہے ہیں۔
لاہور( 5مئی)مجلس احراراسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس نے پیٹرولیم مصنوعات و دیگر اشیاء خورو نوش کی قیمتوں میں اضافے کو مستردکرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی روزمرہ کی اشیاء کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی ہیں ،پٹرول کی قیمت بڑھنے سے مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آگیاہے حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لئے ہنگامی اور انقلابی اقدامات کرے اور اس اضافے کو واپس لے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مدینہ جیسی اسلامی اور فلاحی ریاست بنانے کے لئے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے سودی نظام کا خاتمہ اور ملک کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کے لئے اسلام کا معاشی نظام رائج کرناہوگا ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کا پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ڈرون حملہ کرنے کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیاگیاتھا کلمہ والے اسلامی نظام کے نفاذسے ہی اس کوتمام بحرانوں سے نکالاجاسکتاہے، وطن عزیز میں انتشار پھیلانے کے لیے سرتوڑکوششیں کی جارہی ہیں ، اسلام اور وطن دشمن عناصرکیخلاف قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیگی۔
لاہور(8مئی)مجلس احراراسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری اور سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالدچیمہ نے لاہور داتادربار پرہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی اپنی مذموم کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے ،انتہاپسندی اور دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا،انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ نہتے اور معصوم شہریوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے دہشت گردوں کو جلدازجلد گرفتار کرکے کڑی سے کڑی سے سزادی جائے ۔انہوں نے کہاکہ دشمن وطن عزیز کو امن وسلامتی کی طرف بڑھتا دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ ہم اپنے ملک کے بہادر جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیا ۔انہوں نے شہد اء کے لیے دعائے مغفرت ، زخمیو ں کی جلد صحت یابی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعاکی ۔
لاہور(14مئی)مجلس احراراسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری ،نائب امیر سید محمد کفیل بخاری اور سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کوئٹہ اور گوادرمیں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دشمن کی بزدلانہ کاروائیاں قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتیں مغربی واستعاری قوتیں ملک میں بدامنی کی فضاپیداکرکے اسے ناکام ریاست ڈکلیئرکراناچاہتی ہیں انہوں نے کہاکہ قوم بارگاہِ خداوندی میں خشوع وخضوع کیساتھ توبہ و استغفار اوردعائیں کریں،مظلوموں کی دعاؤں سے آسمان وزمین بھی لرز جاتے ہیں،انہوں نے کہاکہ اپنے ازلی دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے اورملکی مفاد کی خاطر طبقہ واریت اورفرقہ واریت کی جنگ کو ختم کرکے متحد ہوجائیں جبکہ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر اسکی روح کے مطابق عمل درآمد کرائے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونیوالی موجودہ دہشتگردی کی لہر میں بیرونی خفیہ ہاتھ ملوث ہیں ۔آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کے ذریعے ایسے ہاتھوں کوتوڑناہوگا ،انہوں نے کہاکہ اسلامی نظام کے نفاذسے ہی ملک امن وسلامتی کا گہوارہ بن سکتاہے ملک کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے ہمارے قومی ہیرو ہیں، دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے حکومت، اپوزیشن اور پوری قوم کو خلوص نیت کیساتھ اپنے ملک کے عسکری اداروں کے شانہ بشانہ کھڑاہونا ہوگا۔
لاہور(20مئی) مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب امیر نواسہ امیر شریعت سید محمد کفیل بخاری نے ایوان احرارنیومسلم ٹاؤن لاہور میں ماہانہ درس قرآن کریم دیتے ہوئے کہاہے کہ اﷲ پاک کا مسلمانوں پر بے پناہ احسان ہے کہ اس نے ہماری کمی کوتاہیوں اور نافرمانیوں کو معاف کرنے کے لیے اپنا مہمان مہینہ رمضان عطافرمایا، اﷲ کی رحمت اس ماہ مبارک میں اپنے عروج پر ہوتی ہے، اﷲ پاک چاہتاہے کہ اس کی مخلوق خالص اﷲ کے ساتھ اپنا تعلق قائم کرلے۔ انہوں نے کہاکہ روزہ رضائے الہٰی کا بہترین ذریعہ ہے ،روزہ صبر ،تحمل اور برداشت کا درس دیتاہے۔ انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک اﷲ پاک کی رحمتوں اوربرکتوں کو سمیٹنے کا سیزن ہے اور مسلمانوں کے لیے ریفریشر کورس ہے ،ماہ رمضان کا احترام کرنے والے اﷲ کے محبوب بندے بن جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ رمضان اﷲ کی خوشنودی کے حصول کابہترین ذریعہ ہے ماہ صیام روحانیت کا موسم بہار نیکیوں کا سیزن اور امت مسلمہ پرخاص انعام خدا وندی ہے، روزہ اﷲ سے قریبی رشتہ جوڑنے کا ذریعہ ہے، روزہ ارکان اسلام کا اہم ترین رکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ رمضان میں قرآن پاک کی تلاوت اور ذکر واذکار کا زیادہ سے زیادہ اہتمام کیاجائے اس ماہ مقدس میں نیکیاں ستر گناسے سات سوگنابلکہ اس سے بھی بڑھادی جاتی ہیں اﷲ پاک کا فرمان ہے کہ روزہ میرے لیے ہے اور میں ہی اس کا اجر دوں گا ۔یہ اﷲ اور بندے کا معاملہ ہے کیونکہ روزہ ایسی عبادت ہے جس کا صر ف اﷲ اور اس کے بندے کو پتہ ہوتاہے ،انہوں نے کہاکہ قرآن پاک میں مسلمانوں کو سیدھی راہ دکھانے کے لیے روشن دلیلیں ہیں قرآن مجید کو زیادہ سے زیادہ سیکھو اور سیکھاؤ ،قرآن کے سیکھنے سیکھانے سے عالم کفر پرلرزہ طاری ہوجاتا ہے، قرآن ایک ایسی کتاب ہے جس کی حفاظت خود اﷲ پاک نے اپنے ذمہ لی ہے یہ قیامت تک اپنی اصلی حالت میں محفوظ رہے گی اوریہ قرآن پاک کامعجزہ ہے ،استعماری قوتیں مسلمانوں کو قرآن سے دور کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگارہی ہیں ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Time limit is exhausted. Please reload the CAPTCHA.