لاہور (پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان اور تحریک تحفظ ختم نبوت نے قومی اسمبلی میں جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اسم مبارک کے ساتھ ”خاتم النبیین“ لکھنا پڑھنا لازمی قرار دینے کے متعلق متفقہ قرار داد منظور ہونے پر حکومت اور اپوزیشن کے تمام ارکان کو مبارک باد پیش کی ہے۔مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکر ٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی اور سندھ اسمبلی میں آقائے نامدار صلی اللہ علیہ وسلم کی ختم نبوت کے ترانے گوجنے کے بعد ایوان زیریں میں اس قرار داد کا متفقہ طور پر منظور ہونا بہت مبارک اور خوش آئند ہے۔ جس کو ہم تحریک ختم نبوت کی کامیابی سے تعبیر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جوں جوں عالمی کفریہ ایجنڈے کے مطابق منکرین ختم نبوت قادیانیوں کو پرموٹ کیا جا رہا ہے توں توں آقا ئے نامدار صلی اللہ علیہ وسلم کی ختم نبوت کے جھنڈے بھی بلند ہورہے ہیں۔ عبداللطیف خالد چیمہ نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن علی گوہر خان کی بجٹ بحث میں حصہ لیتے ہوئے اس بات سے مکمل اتفاق کیا ہے کہ”قادیانیوں کو قومی اقلیتی کمیشن میں رکن بنانے کے حامی وفاقی کابینہ کے پانچ وزراء کے نام ایوان میں بتائے جائیں“ خالد چیمہ نے کہا کہ قومی اقلیتی کمیشن میں قادیانیوں کو نمائندگی نہ دینے سے متعلق پوری قوم ایک پیج پر ہے۔ مزید یہ کہ عدالتی فیصلہ بھی اس پر آچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں تحریک ختم نبوت کو مزید کامیابیاں ملیں گی اور قو م مزید ایسی خوشخبریاں سنتی رہے گی۔