مجلس احرار 5فروری کو ملک بھر میں کشمیری عوام سے یکجہتی کے لیے یوم کشمیر منائے گی: میاں محمد اویس
مجلس احراراسلام ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی ٹھیکیداروں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے کشمیر یوں نے اپنے خون سے وادی کشمیرکو سیراب کیاہے یہ جنت نظیر وادی ان شاءاللہ بہت جلد امن کا گہوارہ بنے گی کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کبھی بھی کمزور نہیں کیاجاسکتاہے انہوںنے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کی قربانیوں کی بدولت بھارت جلد مقبوضہ کشمیر سے نکلنے پر مجبور ہوگا، بھارت اب زیادہ دیرتک فوجی طاقت کے ذریعے کشمیر پر اپنا جابرانہ قبضہ برقرار نہیں رکھ سکتا۔انہوںنے کہاکہ دوسری جماعتوںکی طرح مجلس احراراسلام بھی 5فروری کو ملک بھر میں کشمیری عوام سے یکجہتی کے لیے یوم کشمیر منائے گی۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے کشمیریوں کا خون رائیگاں نہیںجائے گا بلکہ یہ خون رنگ لائے گا اور کشمیر جلد آزاد ہو گا۔ انہو ں نے کہا کہ اقوام متحدہ ا ور عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں مسئلہ کشمیر پر کوئی ایکشن نہیں لے رہی ہیں بھارت ظلم کی انتہاکرکے بھی کشمیریوں کی آواز دبانے میں کامیاب نہیں ہوسکا ۔ حق خود ارادیت جموں و کشمیر کے عوام کا بنیاد ی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پر ہندوستان کی من مانی نہیں چلنے دی جائے گی، ہندوستان کشمیر میں موجود ہندوستانی فوج کو فوراً واپس بلائے۔اور کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوںکے مطابق حل کیاجائے ۔