تازہ ترین خبریں
آپ کو مجلس احرار کیسی لگی؟

اخبارالاحرار

آسیہ مسیح کی بریت انصاف کا قتل ہے: سیدعطاء المہیمن بخاری
ملتان(یکم نومبر)مجلس احرار اسلام کے امیر حضرت پیرجی سید عطاء المہیمن بخاری مدظلہ، نائب امیر سید محمد کفیل بخاری ، سیکرٹری جنرل عبدالطیف خالد چیمہ ، سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹرعمر فاروق اور مرکزی رہنما سید عطاء اﷲ ثالث بخاری نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ آسیہ مسیح کی بریت اسلامیان پاکستان کے عقائد وایمان کے برعکس اور آئین کے منافی ہے ۔انہوں نے کہاکہ فیصلہ بیرونی دباؤ کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شواہد اور اعترافی بیان کی بنیاد پر ممتاز قادری شہید کو سزا دی گئی لیکن آسیہ مسیح کو شواہد اور اعترافی بیان کے باوجود بری کر دیا گیا ۔ یہ دوہرا معیار انصاف کا قتل ہے ۔ احرار رہنماؤں نے کہا کہ قانونی ماہرین فیصلے کا جائزہ لے رہے ہیں۔تاکہ نظر ثانی کی درخواست کے ذریعے آئینی و قانونی راستہ اختیار کیا جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ پرامن احتجاج ریاست کے شہریوں کابنیادی حق ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان قوم کے ایمانی جذبات کا احساس کریں اور تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوے مسئلے کا حل نکالیں۔ احتجاج پوری قوم کی آواز ہے ، وزیراعظم نے قوم کو جھوٹا طبقہ کہہ کر تحقیر کی ہے انہوں نے کہا کہ مجلس احرار اسلام کے کارکن عدم تشدد پر عمل پیرا ہو کر پرامن احتجاج میں شریک ہوں ۔ حکومت پرامن احتجاج کو تشدد کا نشانہ بنا کر انتشار اور تشدد کو ہوا نہ دے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پر امن رہیں اور غیر قانونی اقدامات سے گریز کریں ۔
فسطائیت سے عشق رسالت کاجذبہ کم نہیں کیاجا سکتا:مجلس احرار
لاہور(یکم نومبر)مجلس احراراسلام پاکستان اورتحریک تحفظ ختم نبوت نے آسیہ مسیح کیس کے حوالے سے وزیراعظم کی تقریر کو دھمکیوں کا مجموعہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اورکہاہے کہ ریاستی تشدداور فسطائیت سے عشق رسالت ﷺ کاجذبہ کم نہیں کیاجا سکتا۔
عقیدۂ ختم نبوت کے اظہارپر پابندی قبول نہیں:ختم نبوت رابطہ کمیٹی
لاہور(یکم نومبر)متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان نے آسیہ مسیح کیس کے حوالے سے آج جمعۃ المبارک کو یوم احتجا ج کا اعلان کیا ہے۔ ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنوینرعبداللطیف خالد چیمہ نے تما م مکاتب فکر کے علماء کرام اور خطباء عظام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اپنے خطبات جمعۃ المبارک کو تحفظ ناموس رسالت کے نام سے منسوب کریں اور وزیر اعظم کی دھمکیوں کو مسترد کرنے کا اعلان کریں۔انہوں نے اپنے بیان میں کہاکہ وزیراعظم کے منصب پر بیٹھنے والے عمران خان اپنا نہیں تو اپنے منصب کاہی خیال کرلیں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات نے عشق رسالت ﷺ کے سچے جذبے کو آگے بڑھنے کا موقع دیا ہے انہوں نے کہاکہ عقیدہ ختم نبوت اور عقیدہ رسالت کے اظہار پرکسی قسم کی پابندی کو قبول نہیں کیاجا سکتا ۔ انہوں نے پنجا ب میں دفعہ 144کے نفاذ کی مذمت کرتے ہوئے اس کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
مولاناسمیع الحق کی شہادت ناقابل تلافی نقصان ہے: احراررہنما
لاہور(2؍نومبر)مجلس احراراسلام پاکستان کے مرکزی امیر سید عطاء المہیمن بخاری ،نائب امیر سید محمد کفیل بخاری ،سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ اور سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر عمر فاروق احرار نے مولانا سمیع الحق کی شہادت پرگہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ جمعیت علماء اسلام (س)کے سربراہ مولاناسمیع الحق کاقتل ملک کے خلاف بہت بڑی عالمی سازش ہے۔ انہوں نے کہاکہ مولانابڑے امن پسند انسان تھے، مولاناکی شہادت سے بہت بڑاخلاء پیداہوگیا ہے مولاناسمیع الحق کی دینی وملی خدمات کو صدیوں یاد رکھاجائے گا۔ احراررہنماؤں نے کہاکہ مولاناکی شہادت پاکستان اورامت مسلمہ کے لیے بہت بڑاسانحہ ہے اﷲ پاک ان کواپنی جواررحمت میں جگہ عطاء فرمائے ۔آمین
مجلس احرارکی احتجاجی ریلی‘مولانافضل الرحیم ‘کفیل بخاری کا خطاب
لاہور(2؍نومبر)مجلس احراراسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمداویس کی زیرقیادت ایوان احرار69سی نیومسلم ٹاؤن لاہور سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جو مسلم ٹاؤن موڑ پرجا کر ایک بہت بڑے اجتماع کی شکل اختیار کرگئی ۔ مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے اس احتجاجی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ ملعونہ آسیہ مسیح کوپھانسی نہ دی گئی تو ملکی حالات اتنے بگڑ جائیں گے کہ حکومت نہ سنبھال سکے گی۔ انہوں نے کہاکہ قوم پرامن احتجاج کے ذریعے ملک کو سیکولربنانے والے عناصرکوناکام بنائے ، ناموس رسالتﷺ کے لیے پوری قوم متحد ہوکر اپنا کردار اداکرے ۔آسیہ مسیح کے بارے میں عدل انصاف کے منافی فیصلے کے انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے ، بیرونی دباؤپرانصاف کے تقاضے پامال کیے گئے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو تشدد اوربدامنی کی طرف دھکیلنے کی خواہش مند قوتوں کے مقاصد کی تکمیل ہوگی ۔ملعونہ آسیہ کی رہائی اوربیرون ملک فرار سے وطن عزیز عد م استحکام سے دوچا ر ہوگا ۔اس اجتماع سے جامعہ اشرفیہ کے مہتمم مولانافضل الرحیم اشرفی،مولاناعبدالرحمن چترالی، مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب ناظم اعلیٰ قاری محمدیوسف احرار قاری محمد قاسم بلوچ اوردیگر نے بھی خطاب کیا ۔
تحریک تحفظ ناموسِ رسالت بہرصورت جاری رہے گی:عبدالطیف
لاہور(4نومبر)مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالدچیمہ نے کہاہے کہ 11-12ربیع الاول کو چناب نگر میں ہونے والی سالانہ احرار ختم نبوت کانفرنس تاریخی اہمیت کی حامل ہوگی اوراتحاد امت کی عکاسی کرے گی۔ وہ گزشتہ روز مجلس احراراسلا م لاہور کے کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ صدارت قاری محمد یوسف احرارنے کی جبکہ میاں محمداویس ،قاری محمد قاسم بلوچ ، ڈاکٹر شاہد محمود کاشمیری ، مولانا محمد سرفرازمعاویہ ، عامرشہزاد اعوان ، عاطف مرزااوردیگر نے شرکت و خطا ب کیا۔اجلاس میں تحریک تحفظ ناموس رسالت کو ہرحال میں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیاگیا اورشہید اسلام مولانا سمیع الحق کی شہادت کو بڑاسانحہ اورصدمہ قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیاگیا ،اجلاس کے تما م شرکا ء نے اس امر پرانفاق کیاکہ آسیہ مسیح کیس پربیرونی واندرونی طاقتیں اثرانداز ہوئی ہیں۔بعد ازاں سید محمد کفیل بخاری نے ’’درس قرآن کریم ‘‘کی ماہانہ نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہماری تما م مشکلات کا حل آسمانی تعلیمات پرعمل پیراہونے میں مضمر ہے ۔ سیدمحمدکفیل بخاری اورمیاں محمد اویس آج مولانا سمیع الحق شہید کی تعزیت کے لیے اکوڑہ خٹک جائیں گے ۔
ختم نبوت اتحاد ویک جہتی کی اکائی ہے:مجلس احرارپاکستان
لاہور(5؍نومبر)مجلس احراراسلام پاکستان اورتحریک تحفظ ختم نبوت کے زیراہتما م 11-12ربیع الاول کو چناب نگر میں منعقد ہونے والی سالانہ ’’احرارختم نبوت کانفرنس ‘‘کی مجلس منتظمہ کے عہدیداران کاایک اجلاس احرار کے مرکزی نائب امیر سید محمدکفیل بخاری کی صدارت میں مرکزی دفتر احرار نیومسلم ٹاؤن لاہور میں منعقد ہوا۔جس میں عبداللطیف خالد چیمہ ، میاں محمداویس ، مولاناتنویرالحسن ،ڈاکٹر محمد آصف ،قاری محمد قاسم اور حافظ محمد سلیم شاہ نے شرکت کی ،ڈاکٹر محمد آصف اورمولانا تنویر الحسن نے کانفرنس کے انتظامات کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت سے اجلاس کو آگاہ کیا۔مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کانفرنس کے مہمانان خصوصی سے رابطوں کی رپورٹ پیش کی اورکہاکہ امت جب کبھی اکٹھی ہوئی ہے ،عقیدہ ختم نبوت اورعقیدہ رسالت پراکٹھی ہوئی ہے اسی لیے اس عقیدے پردشمن وار کر تا ہے انہوں نے کہاکہ آسیہ مسیح کو بری کرنا امت مسلمہ کے عقیدے پروار کے مترادف ہے جسے قوم نے بیک زبان مسترد کردیاہے ،علاوہ ازیں مجلس احرار اسلام پاکستان کے نائب امیرسید محمد کفیل بخاری اورمیاں محمد اویس نے گزشتہ روز اکوڑہ خٹک میں جمعیت علماء اسلام کے رہنماؤں اوردارالعلوم حقانیہ کے ذمہ داران سے مل کر مولاناسمیع الحق کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی دینی وملی اورقومی وسیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور دعائے مغفرت کی ۔
مولاناسمیع الحق کا خونِ بے گناہی ضائع نہیں جائے گا:احراررہنما
لاہور(6نومبر)حضرت مولاناسمیع الحق کی مظلوما نہ شہادت سے حق کا بول بالاہوگا اور مظلوم شہید کاخون رائیگاں نہیں جائے گا ۔ان خیالات کا اظہارمجلس احرار اسلام پاکستان کے نائب امیر سید محمدکفیل بخاری ،سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے لاہور سے روانگی سے قبل اپنے بیان میں کیا، انہوں نے کہاکہ مولانا سمیع الحق نے ساری زندگی استعمار دشمنی اوردین کی سربلندی میں گزاری ،سید محمد کفیل بخاری نے کہاکہ مولانا سمیع الحق کی یادیں ہمیں ہمیشہ ستاتی رہیں گی ،عبداللطیف خالدچیمہ نے کہاکہ مولانا سمیع الحق اپنے پیچھے لاکھوں عقیدت مند اورہزاروں شاگرد چھوڑ کر گئے ہیں جو اُن کے لیے صدقہ جاریہ ہیں ،علاوہ ازیں مجلس احراراسلام شعبہ تبلیغ کے ناظم ڈاکٹرمحمد آصف نے بتایا ہے کہ 11-12ربیع الاول کو چناب نگر میں ہونے والی سالانہ ختم نبوت کانفرنس اورقادیانیوں کو دعوت اسلام کے لیے جلوس سے دعوتی پیغام کو عام کرنے کے لیے مبلغین احرار وختم نبوت نے دورے شروع کردیے ہیں ۔بتایا گیا ہے کہ اس کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے سرکردہ رہنما شرکت وخطاب کریں گے اورملک بھر سے ہزاروں فرزندان اسلام کانفرنس میں شریک ہوں گے یہ کانفرنس قائداحرارابن امیر شریعت سید عطاء المہیمن بخاری کی سرپرستی اورعالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے نائب امیر مولاناخواجہ عزیز احمد کی صدارت میں منعقد ہوگی۔
آسیہ مسیح کی رہائی میں بیرونی قوتیں کارفرماہیں:میاں محمداویس
لاہور(6؍نومبر)مجلس احراراسلام پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنر ل میاں محمد اویس نے کہا ہے کہ اسلام امن ،محبت اور رواداری کا دین ہے۔ آج امت مسلمہ کے زوال کی وجہ دین اسلام کی تعلیمات کو ترک کرنا اور رسول اﷲ ﷺ کی سیرت طیبہ پر عمل نہ کر نا ہے ،انہوں نے کہا کہ دنیا میں امن انسانوں کو انصا ف اور حقوق دینے سے آئے گا اور اسلام لو گو ں کو ان کے حقوق ادا کر نے اور بلا تفریق انصاف مہیا کر نے کا حکم دیتا ہے ، انسانیت کی کامیابی رسول اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کر نے سے ہی ممکن ہے اور قر آن و سنت کا راستہ چھوڑ کر ہم کامیاب نہیں ہو سکتے ،انہوں نے کہا کہ ناموس رسالتﷺ کا تحفظ ہر کلمہ گو مسلمان پر لازم ہے اور اس کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ ناموس رسالتﷺ کا تحفظ دراصل تمام انبیاء علیہم السلام کی عزت وناموس کا تحفظ ہے ۔ ان مقدس شخصیات کی گستاخی جرم ہے ۔ اسی لیے ہمیشہ مسلمان آواز بھی بلند کرتے ہیں اور جدوجہد بھی کرتے ہیں ،مگر گستاخانِ رسول آزادی اظہار کا نعرہ لگا کرنبی کریم ﷺ کی شان اقدس میں گستاخی کے نہ صرف مرتکب ٹھہرتے ہیں بلکہ مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح کرکے تکلیف پہنچاتے ہیں۔ مسلمان سب کچھ برداشت کرسکتا ہے مگر اپنے آقاﷺ کی گستاخی اور توہین برداشت نہیں کرسکتا،انہوں نے کہاکہ آسیہ ملعونہ کی رہائی کے پیچھے عالمی استعماری قوتیں کارفرماہیں جوچاہتی ہیں کہ پاکستان میں اس قانون کو ختم کردیاجائے لیکن ہم ان قوتوں کو بتادینا چاہتے ہیں کہ یہ سب کچھ کبھی کسی صورت قابل قبول نہیں ہے مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنا اب بندہونا چاہئے ۔انہوں نے بتایاکہ 11-12 ربیع الاول کو چناب نگر میں ہونے والی سالانہ ’’احرارختم نبوت کانفرنس ‘‘کے لیے انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی جاچکی ہیں ۔
علامہ محمداقبال نے قادیانیت کو یہودیت کا چربہ قراردیاتھا
لاہور(9؍نومبر)مجلس احراراسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس ،قاری محمد یوسف احرار اوردیگر نے علامہ محمد اقبالؒکے یوم پیدائش پران کی عظیم دینی وملی اور قومی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ علامہ اقبالؒ سچے عاشق رسول تھے علامہ اقبالؒ نے قادیانیت کو یہودیت کا چربہ قرار دیا اور عمربھر محبت رسولؐ کا درس دیا۔ انہوں نے کہاکہ عاشق رسول ممتازقادری کو پھانسی اورشاتمہ رسول آسیہ مسیح کو معافی کیایہ انصاف ہے؟ ملعونہ آسیہ مسیح کی بریت کے فیصلے پر پورا عالم کفر خوش اورپورا عالم اسلام مضطرب ہے شاتمہ آسیہ مسیح کی رہائی عالمی استعماری قوتوں کی خوشنودی کیلئے ہوئی انہوں نے کہاکہ توہین رسالت ایکٹ پر آج تک عملدرآمد نہیں کرایاگیا۔ توہین رسالت کا 40افراد پر جرم ثابت ہوالیکن ان کی قانونی سزائے موت پر عملدرآمد نہ کرایاگیا بلکہ توہین رسالت کے مجرموں کو ہمیشہ ریلیف ملا ۔میاں محمد اویس نے بتایا کہ اس حوالے سے مجلس احراراسلام نے ایک ہنگامی اجلاس 11نومبر اتوارکوبعدنمازمغرب ایوان احرار نیومسلم ٹاؤن لاہور میں طلب کرلیاہے جس میں متحدہ مجلس عمل کی 15نومبر جمعرات کو لاہورمیں ہونے والی ملین مارچ میں شمولیت اور 11-12ربیع الاول کو چناب نگر میں ہونے والی سالانہ’’ احرار ختم نبوت کانفرنس‘‘ کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔
مجلس احراراسلام لاہورکا ملین مارچ میں شرکت کا اعلان
لاہور(13؍نومبر)مجلس احرار اسلام لاہورکے عہدیداروں اوراراکین کا اجلاس ایوان احرار نیومسلم ٹاؤن لاہور میں امیرمجلس احرارلاہورحاجی محمد لطیف کی زیرصدارت منعقد ہوا۔جبکہ مہمان خصوصی مرکزی رہنمامیاں محمد اویس، مولانا یوسف احراراورڈاکٹر شاہدمحمود کاشمیری تھے۔مجلس احرار لاہور کے رہنماؤں قاری محمد قاسم بلوچ ،قاری عبدالعزیز ،مولانا فداء الرحمن ،قاری احسان اﷲ ،کلیم اﷲ خان ، محمد عارف ، کامران مصطفی ، غلام مصطفی ، عامر اعوان ، محسن نثار ، رانا محمد اکمل ،رانا حبیب اﷲ ، انعام الحق، عبدالحمید بٹ ، ڈاکٹرضیاء الحق قمر،قاری محمد اکرم ،عبدالرؤف ، محمد معاویہ ،محمد عامر اوردیگراراکین نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمد اویس نے کہاکہ شاتمہ رسول ملعونہ آسیہ مسیح کی رہائی کیخلاف متحدہ مجلس عمل ودیگر دینی جماعتوں کی طرف سے 15نومبرجمعرات کو12بجے دن لاہورمال روڈ پر ہونے والا تحفظ ناموس رسالت ملین مارچ ملکی تاریخ کا ایک فقیدالمثال مارچ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ مجلس احراراسلام اس ناموس رسالت ملین مارچ کی نہ صرف مکمل تائید وحمایت کرتی ہے بلکہ اس ملین مارچ میں بھرپورشرکت کا اعلان کرتی ہے۔ مجلس احراراسلام کے رضاکار اس ملین مارچ میں بھرپورشرکت کریں گے، جبکہ احرار کے سینکڑوں سرخ پوش نوجوانوں کی موٹرسائیکل ریلی وحدت روڈ سے احرار کے پرچم لہراتے ہوئے ملین مارچ میں شریک ہوگی ۔
قادیانی بعض سیاست دانوں کو بطورِ مہرہ استعمال کررہے ہیں
لاہور(14؍نومبر)مجلس احراراسلام پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس نے کہاہے کہ دفاع ختم نبوت کا مشن عقل کا نہیں عشق رسالت و عقیدت سے تعلق رکھتا ہے ۔امریکہ سمیت دنیا کی کوئی طاقت قادیانیت سے متعلق آئینی ترامیم کو ختم نہیں کرا سکتی۔ قوانین ختم نبوت کو چھیڑنا آگ و خون سے کھیلنے کے مترادف ہے۔حکومت آسیہ مسیح کے بیرون ملک فرار پر اپنی پالیسی واضح کرے اور قوم میں پایا جانے والا اضطراب ختم کرے ،انہوں نے کہاکہ نامو س رسالت قانون سے چھیڑ چھاڑ ،یا اس میں ترمیم کی کوشش کوناکام بنادیں گے ،شمع رسالت کے پروانے اپنے نبی کی محبت سے سرشار ہیں، حکومتی راہ داریوں میں گھسے ہوئے قادیانی ،ضمیر فروش اور بے دین سیاستدانوں کو مہرے کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قادیانی دوستی پر فخر کرنے والے سیاستدانوں کو اِدراک ہونا چاہئے کہ قادیانی دوستی ان کی دشمنی سے زیادہ خطر ناک ہے۔ مسلمانوں کے اجماعی اور طے شدہ امور کو متنازعہ بنانے کی سازشیں عروج پر پہنچی ہوئی ہیں،انہوں نے کہا کہ حکومتی ایوانوں میں موجود قادیانی پاکستان میں وہ حیثیت حاصل کرنے میں مصروف ہیں جو حیثیت یہودیوں کو امریکہ میں حاصل ہے۔ عقیدہ ختم نبوت کے خلاف سازشوں کو بے نقاب کرنا دینی و سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ آج کی ریلی میں سرخ پوشان احرار بھرپور شرکت کریں گے۔ ریلی ایوان احرار نیومسلم ٹاؤن لاہور سے ٹھیک 12بجے چوک اسمبلی ہال کے لیے روانہ ہوگی ۔
سیدعطاء اﷲ شاہ ثالث بخاری کا ملین مارچ لاہورسے خطاب
لاہور(15؍نومبر)مجلس احراراسلام کے کارکنا ن نے متحدہ مجلس عمل کی ملین مارچ ریلی میں مجلس احرار اسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس کی قیادت میں شرکت کی۔ جبکہ مجلس احراراسلام پاکستان کے مرکزی رہنما سید عطاء اﷲ شاہ ثالث بخاری نے چوک اسمبلی ہال میں ملین مارچ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان کو بیرونی استعماری قوتوں کے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے بڑی سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت لایاگیاہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی خاتون رکن اسمبلی کی طرف سے اسرائیل کی حمایت پر شدید ردعمل کااظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملہ کی قومی اسمبلی کے فلور پر وضاحت پیش کرے۔عاصمہ حدید نے اسلامی تاریخ مسخ کر نے کی کو شش کی ،اسلام کے نام پر کسی کو سیاست نہیں کرنے دیں گے ،انہوں نے کہا ہے کہ ہم سب مسلمانوں کے لیے یہ بات لمحہ فکریہ ہے کہ تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی نے تجویز دیتے ہوئے یہ کہا ہے کہ پاکستان کو چاہیے کہ اسرائیل کو تسلیم کر لے۔یہ قادیانیوں اور اسرائیل کا مشترکہ ایجنڈا ہے،جسے کوئی بھی تسلیم نہیں کرتا،قادیانی ملک پاکستان میں رہتے ہوئے اسرائیل کی نمائندگی کرنے میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی حمایت فلسطینی شہداء کے خون سے غداری ہے۔پی ٹی آئی کے اس اقدام سے بائیس کروڑ مسلمانوں کے دل زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عاصمہ حدید کی طرف سے قبلہ اول کو منسوب کرنے اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کی تجویز کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔موجودہ حکومت کی طرف سے دانستہ کسی غیر ملکی ایجنڈے کو پروان چڑھا یا جارہا ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طورپر عاصمہ حدید کے اس بیان کے بارے میں اپنے سرکاری موقف کا اظہار کرے۔ انہوں نے کہاکہ تحفظ ناموس رسالتؐ کے لیے پروان شمع رسالتؐ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے رہیں گے یہی مال روڈ 1953ء میں بھی ختم نبوت کے شہیدوں کے خون سے لالہ زار ہواتھا اور اب بھی اگر کوئی ایسی حرکت کی گئی تو اس تاریخ کو دوبارہ دوہرایا جائے گا ۔
تحفظ ختم نبوت کی جدوجہدکو سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے
لاہور(16؍نومبر)مجلس احراراسلام پاکستا ن اورتحریک تحفظ ختم نبوت نے فیصلہ کیاہے کہ نامساعد حالات کے باوجود تحریک تحفظ ختم نبوت ہرحال میں جاری رہے گی ۔قائداحرارسید عطاء المہیمن بخاری،پروفیسر خالدشبیر احمد ، سیدمحمد کفیل بخاری ،عبداللطیف خالدچیمہ اوردیگررہنماؤں نے اپنے اپنے بیانات میں اس عزم کا اظہار کیاہے کہ عقیدہ ختم نبوت اور عقیدہ رسالت کی تحریکی اورآئینی جدوجہد کسی طرح بھی سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے ۔علاوہ ازیں مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے بتایاہے کہ 12-11ربیع الاول کو چناب نگر میں ہونے والی احرارختم نبوت کانفرنس کے انتظامات تیزی سے مکمل کیے جارہے ہیں ۔ناظم اجتماع حافظ محمد ضیاء اﷲ ہاشمی ،مولانامحمد مغیرہ ،ڈاکٹرمحمد آصف اور مولانامحمد سرفراز معاویہ اجتماع کے سلسلے میں دعوتی وانتظامی کاموں کو تیز ی سے آگے بڑھارہے ہیں اورکانفرنس کے ہزاروں شرکاء کے قیام وطعام کاانتظام کیاجارہاہے ۔بتایا گیا کہ دوروزہ ختم نبوت کانفرنس کے اختتام پر قادیانیوں کو دعوت کے لیے دعوتی جلوس نکالاجائے گا اور ایوان محمود کے سامنے تحریک تحفظ ختم نبوت کے قائدین قادیانیوں کو دعوت اسلام کافریضہ دہرائیں گے۔کانفرنس کے انتظامات کے لیے 300رضاکا ر اپنی اپنی ڈیوٹیاں انجام دیں گے ۔
چناب نگر میں ختم نبوت کانفرنس اوردعوتِ اسلام کا تاریخی جلوس
ؔلاہور(22؍نومبر)عالمی مجلس احراراسلام اور تحریک تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام آل پاکستان دوروزہ سالانہ ختم نبوت کانفرنس اسلام کی سربلندی اوروطن عزیز کی سلامتی کی دعاؤں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔چناب نگر (ربوہ)کی قدیمی جامع مسجد احرارمیں قائد احرارحضرت پیرجی سیدعطاء المہیمن بخاری مدظلہ‘ کی زیر سرپرستی اور عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے نائب امیر حضرت مولاناخواجہ عزیز احمدمدظلہ‘ کی زیر صدارت منعقد ہونے والی سالانہ کانفرنس کی آخری نشستوں سے تحریک ختم نبوت اور مجلس احرارکے بزرگ رہنما مولانا مجاہد الحسینی ،عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے نائب امیر پیر طریقت حافظ محمد ناصرالدین خان خاکوانی ،مولانا قاضی محمد ارشدالحسینی (اٹک)،پروفیسر خالد شبیر احمد،صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر،سید محمد کفیل بخاری،عبداللطیف خالد چیمہ،ڈاکٹرعمرفاروق احرار،سید عطاء اﷲ شاہ ثالث بخاری،مولانا عمرحفیظ مکی(مکہ مکرمہ)،مولانا محمد مغیرہ،قاری عبیدالرحمن زاہد،مولانا تنویرالحسن،حافظ محمد طیب ،قاری محمد فیصل ،محمد شفیع الرحمن احرار، جماعت اسلامی کے رہنما چودھری محمد اسلم ،جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی نائب امیر مولانا عبدالخالق ہزاروی ،مولانا عزیزالرحمن خورشید،شیر افضل خان بابر ایڈووکیٹ اور دیگر رہنماؤں نے شرکت وخطاب کیا ۔کانفرنس کے اختتام پر ہزاروں فرزندان اسلام ،مجاہدین ختم نبوت اور سرخ پوشانِ احرارنے فقیدالمثال جلوس نکالااور قادیانیوں کو دعوتِ اسلام کا فریضہ دہرایا گیا۔پرچم کشائی کی الگ سے تقریب منعقد ہوئی جواِنتہائی روح پرور تھی۔ کانفرنس کی مختلف نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے نائب امیر حافظ ناصرالدین خان خاکوانی نے کہاکہ نبوت کے بدلنے سے امت بدل جاتی ہے،قادیانیوں نے مرزاقادیانی کو نبی مان کر اپنے آپ کو امت محمدیہ سے خود الگ کرلیا۔اس طرح اب وہ اسلام اور مسلمانوں کا ٹائٹل استعمال کرکے دنیا کو دھوکہ دے رہے ہیں ،مولانا قاضی محمد ارشدالحسینی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایمان کے بعد سب سے بڑی دولت اخلاص ہے، ہمارے بزرگوں کی جماعت مجلس احراراسلام اخلاص کے ساتھ عقیدۂ ختم نبوت کی حفاظت کرتی چلی آرہی ہے ۔ہماری ساری جدوجہد کا مرکزی نکتہ یہ ہے کہ قادیانی دوزخ کا ایندھن بننے سے بچ جائیں اور جنابِ محمد کریم ﷺ کے قدموں پر سرنگوں ہوجائیں ،مولانا عبدالخالق ہزاروی نے کہا کہ دینی جماعتوں کے کارکنوں کو چاہئے کہ آپس میں ربط پیداکریں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس احراراسلام مذہبی جماعتوں کے لیے ماں کی حیثیت رکھتی ہے ،رفیقِ امیر شریعت مولانا مجاہدالحسینی نے کہا کہ کسی بھی مشن کی کامیابی کے لیے استقامت کا ہونا ضروری ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تحریک ختم نبوت کی تاریخ کو صحیح طوپر غیر جانبداری کے ساتھ مرتب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قادیانی مسئلہ صرف دینی نہیں سیاسی بھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کے محاذ کو سرگرم کرنے کے لیے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا تک مؤثر رسائی ضروری ہے کیونکہ میڈیا غیروں کے ہاتھ میں ہے ۔شیر افضل بابر ایڈووکیٹ نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے لیے مسلمان ہونے کی شرط لازمی قراردی جانی چاہیے، کیونکہ صدر کی ملک سے عدم موجودگی میں چیئرمین سینیٹ قائم مقام صدر ہوتاہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں میں نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک رٹ بھی دائر کررکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں کئی فنی غلطیاں ہیں ،جن کا دُور کیا جانا ضروری ہے ۔کانفرنس کے اختتام پر ہزاروں شرکاء نے جامع مسجد احرارسے فقیدالمثال دعوتی جلوس نکالا۔ جلوس مختلف بازاروں سے ہوتا ہوااقصیٰ چوک ربوہ پہنچا ۔جہاں سید عطاء المنان بخاری نے مختصر خطاب میں کہا کہ مرزائی ملک وملت کے غدار ہیں۔ قانون ناموس رسالت کو کسی قیمت پر بھی ختم نہیں ہونے دیں گے ۔فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے جلوس کے ہزاروں شرکا جب قادیانی مرکز ایوانِ محمود کے سامنے پہنچے تو جلوس بہت بڑے جلسہ عام کی شکل اختیار کرگیا ۔جہاں ہزاروں شرکاء نے قائد احرارسید عطاء المہیمن بخاری کے دستِ مبارک پر بیعتِ ختم نبوت کی اوراِس بات کا عہد کیا کہ وہ زندگی بھر عقیدۂ ختم نبوت کی پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے اور اس مقدس مشن کو اپنی نسلوں تک منتقل کریں گے۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد کاشمیری نے کہا کہ قادیانی ہماری لٹی ہوئی متاعِ گراں مایہ ہیں ۔یہ کلمہ پڑھ کرمسلمان ہوجائیں تو ہم ان کو سینوں سے لگا لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ربوہ کے رہائشیوں کومالکانہ حقوق دیئے جائیں۔ تاکہ وہ آزادی سے اپنی زندگی گزار سکیں اور قادیانی جماعت کے چنگل سے آزاد ہوں ۔نبیرۂ امیرشریعت سید عطاء اﷲ شاہ ثالث بخاری نے کہا کہ قادیانیوں سے ہماری جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک یہ دھوکہ دہی چھوڑ نہیں دیتے ،انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کے مرکزی نائب امیر مولانا عمرحفیظ مکی نے کہا کہ رائل فیملی نے قادیانیوں کو دھوکے میں رکھا ہواہے، ہم ربوہ میں قادیانیوں کو حق سچ کی دعوت دینے آئے ہیں۔ مسلم لیگ (ق)کے مرکزی رہنمااور صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے کہا کہ دائمی کامیابی کے لیے قادیانی اسلام کے پرچم تلے آجائیں۔ انہوں نے کہاکہ حضور ﷺ کی عزت وناموس اور ختم نبوت پر کوئی قدغن نہیں لگا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک ختم نبوت کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے پر میں مجلس احراراسلام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا قادیانی دھوکہ دہی سے بچنا مسلمانوں کا فطری حق ہے ۔متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنوینر اورمجلس احراراسلام پاکستان کے جنرل سیکرٹری عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ ہم ربوہ میں قادیانیوں کے دل دُکھانے کے لیے نہیں بلکہ دل سلجھانے کے لیے آتے ہیں ۔انہوں نے کہا قادیانی اور مرزا مسرور احمد یاتو سرنڈر کریں یا پھر اپنی آئینی وقانونی حیثیت کو تسلیم کریں ۔انہوں نے کہا کہ قادیانی پاکستان کے باغی ہیں اور ان کے ساتھ باغیوں جیساسلوک ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران جتنے بھی یوٹرن لے لیں ،ناموسِ رسالت اورتحفظ ختم نبوت کے قوانین کو دُنیا کی کوئی طاقت نہیں بدل سکتی، عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ مقامی ،ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ امتناع قادیانیت ایکٹ پر عمل درآمد کرائے اور قادیانیوں کی طرف داری چھوڑ دے ،ہزاروں شرکاء نے ہاتھ اٹھا کر اِس قرارداد کی حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے قیام کے لیے سیاست مدینہ کا راستہ اپنانا ہوگا۔مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب امیرنواسۂ امیر شریعت سید محمدکفیل بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم قادیانیوں کے انسانی دشمن نہیں بلکہ ان کو جہنم سے بچانے کے لیے اسلام کی دعوت حق کا پیغام لے کر ربوہ آئے ہیں کہ آپ ہمارے بھائی بن جائیں اور جہنم کا ایندھن بننے سے بچ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی دعوت دینا انسانیت کی سب سے بڑی خدمت ہے ا۔نہوں نے کہا ہم زندگی کے آخری سانس تک عقیدۂ ختم نبوت کی جدوجہد کو جاری رکھیں گے اور شہداءِ جنگ یمامہ اور شہداءِ ختم نبوت کے نقش قدم پر چلتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد اسلام کا راستہ دکھاتی ہے اور ہم صحابہ کرام ؓ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے قادیانیوں کو یہ راستہ دکھانے کے لیے یہاں آئے ہیں۔سید محمدکفیل بخاری نے کہا ہم نہ تو شدت پسند ہیں، نہ دہشت گرد۔ ہم تو بنیاد پرست ہیں اور ہماری بنیاد توحید و ختم نبوت اور اُسوۂ صحابہ ہے ،مولانا تنویر الحسن نے کہا کہ سرکاری مشینری قادیانیوں سے بھتہ لینا بند کردے اور ربوہ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جائے ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں ہونے کے باوجود جلوس کے تمام شرکاء نہایت پرامن رہے۔ جلوس سے قبل ربوہ کے بازارا بند ہوگئے تھے ۔پولیس اور سرکاری انتظامیہ نے سخت حفاظتی انتظامات کررکھے تھے۔ جبکہ جلوس کی انتظامیہ نے سرخ پوش رضاکاروں کے دستے متعین کیے ہوئے تھے جو جلوس کو کنٹرول کرتے رہے ۔جلوس کے بہت سے شرکاء نے سرخ قمیض زیب تن کررکھی تھی۔ احرارکے سرخ ہلالی پرچم اور بے شمار بینرز کی تحریروں نے سماں باندھ رکھا تھا اور پرجوش ہونے کے باوجودکسی قسم کی منفی نعرے بازی نہیں کی گئی۔ جلوس کی قیادت پروفیسر خالد شبیر احمد، ڈاکٹر عمر فاروق احرار، میاں محمد اویس ،مولانا فیصل متین،حکیم محمد قاسم،مولانا تنویر الحسن، سید عطاء المنان بخاری،مولانا سرفراز معاویہ،مولانا محمد اکمل،حافظ ضیاء اﷲ ہاشمی، محمد قاسم چیمہ،غلام مصطفی ،محمد طلحہ شبیر ،حافظ محمد طیب ،میاں سفیان اویس، مہر اظہر حسین وینس،حافظ محمد سلیم شاہ،مولانا عتیق الرحمن علوی اورکئی دیگر رہنما کررہے تھے ۔جلوس کے شرکاء نعرہ تکبیر اﷲ اکبر،محمدﷺ ہمارے، بڑی شان والے، فرماگئے یہ ہادی، لانبی بعدی،ختم نبوت زندہ باد ،پاکستان زندہ باد جیسے فلک شگاف نعرے لگاتے رہے ،بعض قادیانیوں نے بھی دُور سے کوریج کی، جلسہ عام کے بعد جلوس پر امن طور پر چناب نگر اڈا پہنچا اور عبد اللطیف خالد چیمہ کی اختتامی دعا کے ساتھ پر امن طور اختتام پذیر ہوگیا۔ قبل ازیں مجلس احراراسلام اور پاکستان کے جھنڈوں کی تقریب پرچم کشائی قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ جس میں پروفیسر خالد شبیر احمد ،سید محمد کفیل بخاری،عبداللطیف خا؛لد چیمہ،سید عطاء اﷲ شاہ ثالث بخاری، مولانا تنویرالحسن،مولانا محمد سرفراز معاویہ، حافظ محمد اکرم احرار، ظہیر احمد کاشمیری نے خطاب کیا اور کہا کہ مجلس احرارکی برپاکردہ1953ء کی تحریک مقدس تحفظ ختم نبوت کے دس ہزار شہداء کے مقدس خون کا صدقہ ہے کہ آج ہم ربوہ میں بیٹھ کر قادیانیوں کو دعوت اسلام دے رہے ہیں اور اس دعوت کے نتیجے میں دنیا بھرمیں قادیانی قادیانیت ترک کرکے مسلمان ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر شہداءِ ترپن اپنے مقدس خون سے قادیانی سازشوں کو نہ روکتے تو آج یہ ملک قادیانی سٹیٹ بن چکا ہوتا۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نامساعد حالات کے باوجود تحریک ختم نبوت کو جدید بنیادوں پر دنیا بھر میں منظم کیا جائے گا۔رہنماؤں نے کہا کہ ہماری منزل حکومت الٰہیہ کا قیام ہے اور اس مقصد کے لیے اکابر احرار کی طرز پر اپنا کام جاری رکھیں گے، اسلام کی جدوجہد کرنے والی تمام جماعتیں ہماری حلیف ہیں اور ہم انہیں اپنے سر کا تاج سمجھتے ہیں ۔کانفرنس میں تبلیغی جماعت کے مرکزی امیرحضرت حاجی عبدالوہابؒ کی وفات اورجمعیت علماء اسلام (س) کے امیر حضرت مولانا سمیع الحقؒکی شہادت کو عالم اسلام کے لیے بڑے سانحات قراردیا گیا اور مولانا سمیع الحق شہیدکے قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا گیا۔کانفرنس کی قراردادوں میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ قانون تحفظ ناموس رسالت اور امتناع قادیانیت ایکٹ کا تحفظ ہماراایمانی وآئینی اور انسانی حق ہے ۔جس سے ہم کسی طور پر دستبردار نہیں ہوسکتے، عقیدۂ ختم نبوت کا تحفظ ہماری میراث ہے۔ اس کوسیاست کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیا جائے گا۔ مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر عمر فاروق احرار کی جانب سے جاری کی جانے والی کانفرنس کی قراردادوں میں کہا گیا ہے کہ:
٭آسیہ مسیح کا نام فوراً ای سی ایل میں ڈالا جائے۔
٭نظرثانی پٹیشن کے لیے جلد تاریخ کا اعلان کیا جائے۔
٭آسیہ مسیح کو پاکستان سے لے جانے کے لیے یورپین یونین، کینیڈا،اٹلی اور امریکہ کے بڑھتے ہوئے دباؤکی مذمت کی گئی اور اسے پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت قراردیاگیا ہے۔
٭آسیہ مسیح کی بریت کو کالعدم قراردے کر پھانسی دی جائے۔
٭مولانا سمیع الحق شہید کے قاتلوں کو بے نقاب کرکے قرار واقعی سزادی جائے۔
٭سرکاری وپرائیویٹ تعلیمی نصاب میں ختم نبوت پر مبنی مضامین شامل کیے جائیں۔
٭ملک کے دیگر شہروں کی طرح چناب نگر میں بھی بلاتاخیر تجاوزات کے خلاف آپریشن کریہاں ریاست کی رٹ قائم کی جائے۔
٭کانفرنس میں اسرائیل کو تسلیم کرنے اوریوٹرن کو کامیابی علامت قرار دینے کو غلامانہ ذہنیت سے تعبیر کیا گیا اور کہا گیا کہ اسلام اور وطن کی محبت سے دُور حکمران ایسی باتیں کرکے قوم سے غیرت اور حمیت ختم کرنا چاہتے ہیں، جس کی ہم مذمت کرتے ہیں ۔
٭کانفرنس میں اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کی روشنی میں مرتد کی شرعی سزا کے نفاذکامطالبہ کیا گیا ۔
٭کانفرنس میں مطالبہ کیا گیا کہ سودی معیشت ختم کر کے اسلامی نظام معیشت کا اجراء کیا جائے۔٭کانفرنس میں مطالبہ کیا گیا کہ امتنا ع قادیانیت ایکٹ پر مؤثر عمل درآمد کرایا جائے اور چناب نگر (ربوہ)کے رہائشیوں کو مالکانہ حقوق دیئے جائیں ۔

 

 

ء)

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Time limit is exhausted. Please reload the CAPTCHA.