تازہ ترین خبریں
آپ کو مجلس احرار کیسی لگی؟

اخبارالاحرار

اخبارالاحرار

حضرت عائشہ ؓکی زندگی خواتین کے لیے رول ماڈل ہے:احراررہنما
لاہور(2جون)مجلس احراراسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس اورقاری محمدیوسف احرار نے کہاہے کہ حضرت عائشہ صدیقہ ؓکی سیرت طیبہ خواتین کے لئے مشعل راہ ہے ،ام المومنین عائشہ صدیقہؓ جودوسخاکا پیکر تھیں۔آپؓ مینارۂ علم وفضل اور عقل ودانش تھیں۔انہوں نے کہا کہ حضرت عائشہ صدیقہ حضورپاکؐ کی لاڈلی بیوی تھیں،آپ ؐ امی عائشہؓ کو حمیراکے لقب سے پکاراکرتے تھے۔ انہوں نے کہاکہ تاریخ کے اوراق ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ ؓ کے فضائل ومناقب سے بھرے پڑے ہیں،حضرت امی عائشہ ؓ علم ،فقہ واِجتہاد ،حکمت وطب میں اپناثانی نہیں رکھتی تھیں۔بڑے بڑے صحابہ کرام ؓ آپؓ سے دین کے بارے میں سوالات پوچھتے اور آپؓ ان کی رہنمائی فرمایاکرتی تھیں۔انہوں نے کہاکہ آپؓ صوم صلوٰۃ کی اتنی پابند تھیں کہ آپؓ کی تہجد اورچاشت کی نماز بھی کبھی نہیں چھوٹی اورکثرت سے روزے رکھا کرتی تھیں آپ ؓ 58ھ کو 67برس کی عمر میں17رمضان المبارک کو وصال فرما گئیں۔
ختم نبوت کیخلاف مصروف گروہوں کا آئینی محاسبہ کیا جائے:کفیل بخاری
لاہور(3جون)مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے کہاہے کہ قرآن پاک ،رمضان المبارک اورپاکستان کا آپس میں گہرا تعلق ہے ۔پاکستان طویل قربانیوں کے بعد 27رمضان المبارک کو معرض وجود میں آیاتھا اورپاکستان کے اسلامی ونظریاتی تشخص کواُجاگر کرنے کے لئے 27رمضان المبارک کو یوم پاکستان منایاجاناضروری ہے ۔وہ گزشتہ روز مرکزی دفتر احرار ، احرار ایونیو،نیومسلم ٹاؤن لاہورمیں درس قرآن پاک کی ماہانہ نشست اور افطار پارٹی کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے کہاکہ 70سالوں میں وہ وعدہ پورانہ ہواجوپاکستان حاصل کرتے وقت کیا گیاتھا۔علاوہ ازیں مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے اپنے بیان میں کہاہے کہ الیکشن سے لے کرانتقال اقتدار تک اﷲ کرے، سارے معاملات خوش اسلوبی سے طے ہوجائیں اور کرپشن کی دلدل میں پھنسا ہواملک ترقی کی راہ پرگامزن ہوجائے توپرانے غم بھول جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ نگران سیٹ اپ کو قراردادمقاصداور آئین کی اسلامی دفعات کے حوالے سے ازخود اورازسرنوجائزہ لینا چاہئے اوروہ قادیانی گروہ جو اسلام ،وطن اورآئین کی مسلسل توہین کا مرتکب ہورہاہے ،اس بارے میں قانونی اقدامات اٹھانے چاہئیں۔دریں اثناء مبلغینِ احراروختم نبوت نے پیغام ختم نبوت کا سلسلہ ملک بھرمیں شروع کررکھاہے ،جورمضان المبارک کے آخرتک جاری رہے گا۔گزشتہ روزقاری محمد قاسم جلوی ،مبلغ ختم نبوت مولانامحمد سرفرازمعاویہ اور تحریک طلبا اسلام کے رہنمامحمد یوسف شریف نے پیغام ختم نبوت کے سلسلہ میں میاں چنوں کا دورہ کیاجہاں مولانامحمد سرفرازمعاویہ نے مختلف مساجد میں پیغام ختم نبوت کے سلسلہ میں بیانات کیے اورکہاکہ جناب نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم کی محبت ہمارے ایمان کی اساس ہے ،عقیدہ ٔ ختم نبوت کیخلاف سرگرم عمل گروہوں کوقانون کی گرفت میں لانے کی فوری ضرورت ہے ۔
حکومت ملکی سلامتی واِسلامی شناخت پر ترجیحاً توجہ کرے:قائد اَحرار
لاہور(4جون)مجلس احراراسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ حضرت پیرجی سید عطاء المہیمن بخاری مدظلہ‘ نے کہاہے کہ ٹی وی چینلز پراذان ،درود شریف اوردیگر دینی پروگرام نشرکرنے کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے حکم کوسپریم کورٹ کے ذریعے معطل کرنا انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے ۔اپنے بیان میں انہوں نے نگران حکومت خصوصاًنگران وزیر اعظم سے مطالبہ کیاہے کہ رمضان المبارک کے دوران ٹی وی چینلز کواِسلامی نشریات کاپابند بنایاجائے اورفحش اوربے ہودہ پروگرام مکمل طور پر ممنوع قراردیئے جائیں۔سید عطاء المہیمن بخاری نے نگران وزیر اعظم سے یہ مطالبہ بھی کیاہے کہ قومی سلامتی اور وطن عزیز کی اسلامی شناخت جیسے معاملات کووہ اپنی ترجیحات میں شامل کریں اور ربوہ برانڈقادیانی گروہ کوجواسلام ،وطن عزیز اورآئین کی مسلسل توہین کررہاہے ،قانون کے دائرے میں لایاجائے اورربوہ میں ریاستی رٹ قائم کی جائے ۔
انتخابی امیدواروں کیلئے اعلیٰ معیارقائم کرنا ضروری ہے:عبداللطیف چیمہ
لاہور(5جون)مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب امیرسیدمحمدکفیل بخاری نے ڈسکہ،سیالکوٹ،ناگڑیاں(گجرات)کے دورے کے موقع پر دروسِ قرآن اورافطار پا رٹیوں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ اﷲ کی حاکمیت قائم کئے بغیر دنیامیں امن کی خواہش حماقت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اﷲ کا نظام ہی کامیابیوں کوکنارے تک لگاتاہے ،ہم نے انسانوں کے بنائے ہوئے قوانین کوآزمالیا۔اب آخرکار قرآنی وآسمانی تعلیمات کی طرف لوٹ کرواپس آجاناچاہئے کہ اسی میں دنیاوآخرت کی کامیابی کا رازمضمر ہے ۔ علاوہ ازیں مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہاہے کہ یہ اچھاہے کہ آئندہ الیکشن میں امیدواروں کوآرٹیکل 62-63پرپورااترنے کا بیان حلفی دیناہوگا۔انہوں نے کہاکہ کوئی معیار توآخرہوناچاہئے کہ جن لوگوں نے ملک وقوم کی قیادت کرنی ہے ۔وہ خودبھی کسی معیار پرپورااترتے ہوں۔انہوں نے کہاکہ قومی وسرکاری وسائل پرجھپٹنے والے ہمارے حکمران نہ بن سکیں۔انہوں نے اس امر پرشدید احتجاج کیاکہ ربوہ میں ریاستی رٹ نظرنہیں آرہی اورقادیانیوں نے راستے بلاک کررکھے ہیں اوربلاک رکھ کرتھانہ چناب نگر(ربوہ)درج کررکھاہے۔ جس سے معلوم ہوتاہے کہ ربوہ کی پولیس اورقادیانیوں کی ملی بھگت سے وہاں کے مسلمانوں اورمکینوں کو تنگ کیاجارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی سلامتی کوداؤ پرلگانے والوں کے خلاف کارروائی بھی ضروری ہے اور اسلام ، پاکستان اورآئین پاکستان کی توہین کرنے والے قادیانیوں کے خلاف قانونی کارروائی ناگزیر ہوچکی ہے ۔
بدعنوان سیاستدان کرپشن چھپانے کیلئے فکری انتشارپیداکررہے ہیں
لاہور (7جون) مجلس احرار اسلام پاکستان کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے کہا ہے کہ،قرآن کریم کے ہم پر جو حقوق ہیں ،قرآن کوسمجھ کر پڑھنے سے ہمیں ان حقوق کا حقیقی ادراک ہوگا،وہ احرار کے زونل آفس میں افطار ڈنر کے موقع پراظہار خیال کررہے تھے ،سید محمد کفیل بخاری نے کہا کہ مجلس احرار اسلام نے رمضان المبارک کے دوران’’پیغام ختم نبوت‘‘ کی جو مہم شروع کی تھی ،وہ جاری ہے ،لاہور میں اس کے خاطر خواہ نتائج بھی سامنے آئے ہیں ، اس وقت ملک بھر میں مبلغینِ احرار وختم نبوت اس مہم کو آگے بڑھارہے ہیں ، انہوں نے احرار کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ سے تنظیمی وجماعتی امور پر مشاور ت بھی کی ،اور طے پایا کہ 30 جون ہفتہ کو مجلس احرار اسلام پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس دارِ بنی ہاشم ملتان میں طلب کیا جائے گا ،جس میں تحریک ختم نبوت کی تازہ صورتحال کے علاوہ ملکی وسیاسی حالات کا تجزیہ کرکے اپنی پالیسی وضع کی جائے گی ،دریں اثناء عبداللطیف خالد چیمہ نے ہیومن رائٹس فاؤنڈیشن پاکستان کے رکن شاہد حمید کی طرف سے اپنے اعزاز میں افطار پارٹی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتیں اور سیاسی رہنماء اپنی نااہلیوں اور کرپشن کو چھپانے کے لئے سیاسی انارکی اور فکری انتشار پیدا کررہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ 27رمضان المبارک کو معرض موجود میں آنے والی مملکت خدادادِ پاکستان صرف اور صرف اﷲ کی حاکمیت قائم ہونے سے ہی خوشحال اور پر امن ہوسکتی ہے ۔
مجلس احرارکی ’’پیغامِ ختم نبوت‘‘مہم ملک بھر میں زوروشورسے جاری
لاہور(8جون)مجلس احراراسلام اورتحریک تحفظ ختم نبوت کے رہنمااور مبلغین’’پیغام ختم نبوت‘‘کے سلسلہ میں ملک بھر میں دورے کررہے ہیں۔ مجلس احراراسلام کے شعبہ دعوت وارشاد کے مسؤل ڈاکٹرمحمد آصف اور مرکزی مبلغ مولانامحمدسرفرازمعاویہ نے گزشتہ روز لاہورکی مختلف مساجد میں پیغام ختم نبوت کے سلسلہ میں بیانات کیے ۔انہوں نے کہاکہ عقیدہ ٔ ختم نبوت کاغدار پاکستان کاکبھی وفادارنہیں ہوسکتا ۔انہوں نے کہاکہ جب بھی قوم اکٹھی ہوئی ،عقیدہ ختم نبوت جیسی مضبوط قدرِمشترک پراکٹھی ہوئی ،یہ عقیدہ امت میں وجۂ اتحاد ہے،اسی لئے دشمن اس عقیدے پربارباروَار کرتاہے ۔ مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے تمام مبلغینِ احراروختم نبوت کوہدایت کی ہے کہ وہ اپنی مثبت سرگرمیاں تیزتر کردیں۔انہوں نے نگران حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ وہ آئین کی قراردادِ اقلیت اورعقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کو اَپنی ترجیحات میں سرفہرست شامل کرے ۔انہوں نے الزام عائد کیاکہ چناب نگر(ربوہ)اورچنیوٹ کی سرکاری انتظامیہ چناب نگرمیں ہونے والی امتناع قادیانیت ایکٹ کی خلاف ورزیوں کانوٹس نہیں لے رہی، جس سے چناب نگر میں کشیدگی بڑھنے کے امکانات پہلے سے بڑھ گئے ہیں۔انہوں نے نگران حکومت سے یہ مطالبہ بھی کیاکہ امتناع قادیانیت ایکٹ پرمؤثرعمل درآمدکی صورت کویقینی بنایاجائے ۔
نفاذِ اسلام کے بغیرکوئی تبدیلی نہیں لائی جاسکتی:سیدعطاء لمہیمن بخاری
ملتان(10جون)مجلس احراراسلام پاکستان کے امیرمرکزیہ سید عطاء المہیمن بخاری نے کہاہے کہ 27رمضان المبارک کوپاکستان معرض وجود میں آیالیکن ہم نے آج تک اﷲ کے عطاکردہ اس تحفے کی قدر نہیں کی ۔مرکزی دفترنیومسلم ٹاؤن لاہور سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کے قیام کیلئے لاکھوں افراد کی قربانی دی گئی جوانسانی تاریخ میں ایک ریکارڈہے ۔ انہوں نے کہاکہ 70برس گزرنے کے باوجودملک میں قرآنی قوانین کا نافذنہ ہوناایک المیہ ہے۔ اب اگرتبدیلی کی باتیں کی جارہی ہیں توہمارے لیے یہی تبدیلی کافی ہوگی کہ ملک میں وہ نظام نافذ کردیاجائے۔ جس کااس ملک کوحاصل کرتے وقت وعدہ کیاگیاتھا۔انہوں نے کہاکہ اسلامی نظام کے نفاذ پرتمام مکاتب فکر کوئی ابہام نہیں رکھتے،بلکہ پوری قوم اس پرمتفق ہے ۔ انہوں نے نگران حکومت سے مطالبہ کیاکہ ایسے اقدامات کئے جائیں جو1973ء کے متفقہ آئین کی عکاسی کرتے ہوں۔انہوں نے کہاکہ 27رمضان المبارک کوحاصل ہونے والے خطے کی مناسبت سے 27رمضان المبارک کوبھی یوم پاکستان قراردیاجائے۔ تاکہ ملک کی اسلامی و نظریاتی شناخت نسل نوکے ذہن میں پختہ ہو۔مجلس احراراسلام پاکستان کے جنرل سیکرٹری عبداللطیف خالد چیمہ نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ 27رمضان المبارک کو’’یوم پاکستان‘‘ کے طورپرمنائیں اورآئین کی اسلامی دفعات کے دفاع وتحفظ کے لیے آواز بلند کریں۔انہوں نے کہاکہ امتناع قادیانیت ایکٹ پرعمل درآمدپوری قوم کامطالبہ ہے ،قادیانی اپنے کفر کواسلام کانام دے کرریاستی رٹ کوچیلنج کررہے ہیں،نگران حکومت سے ہمارامطالبہ ہے کہ وہ قادیانیوں کونکیل ڈالے اور ربوہ میں راستے بلاک کرکے جومشکلات پیداکی گئیں ہیں،ان کاازالہ کیاجائے ،انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیاکہ اسلامی نظریاتی کونسل کے کردار کومؤثر بنایاجائے ۔علاوہ ازیں مبلغین احراروختم نبوت نے ملک بھرمیں’’پیغام ختم نبوت‘‘کاسلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رکھاہواہے۔ جس کے ذریعے عوام الناس کوعقیدہ ختم نبوت کے دینی وقانونی پہلوؤں سے آگاہی دی جارہی ہے یہ سلسلہ رمضان المبارک کے آخر تک جاری رہے گا۔
تادمِ آخرتحفظ ختم نبوت کی جدوجہدجاری رہے گی:میاں اویس
لاہور(11جون)مجلس احراراسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمداویس نے کہاہے کہ عقیدہ ختم نبوت دین اسلام کی بنیاد ہے۔ اس کے دفاع کے لئے کسی قسم کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے اکابر نے اپنی زندگیاں اس مقدس مشن کے لئے وقف کررکھی تھیں اورہم بھی اپنے اُن کے نقش قدم پرچلتے ہوئے زندگی کی آخری سانس تک ناموس رسالت ﷺکے تحفظ کیلئے اپنی جدوجہداورفتنہ قادیانیت کاتعاقب جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ قادیانی اسلام اوروطن کے غدارہیں۔اس لئے اُن کوملک کے کلیدی عہدوں سے ہٹایاجائے ۔ انہوں نے نگران حکومت سے مطالبہ کیاکہ ربوہ کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دیئے جائیں۔
اسلام کاعادلانہ نظام نافذکئے بغیرامن قائم نہیں کیاجاسکتا
لاہور(12جون)مجلس احراراسلام پاکستان اور تحریک تحفظ ختم نبوت کے رہنماؤں سید محمدکفیل بخاری اور عبداللطیف خالد چیمہ نے کہاہے کہ 27رمضان المبارک 14اگست1947ء کوپاکستان معرض وجود میں آیاتھا۔27رمضان المبارک کویوم پاکستان کے موقع پر قومی وسرکاری سطح پراس کا اہتمام ہوناضروری ہے ،تاکہ نسل نواورپوری دنیامیں پاکستان کا نظریاتی اور اسلامی تشخص اجاگر ہو۔سیدمحمدکفیل بخاری نے ملتان اورعبداللطیف خالد چیمہ نے چیچہ وطنی میں27رمضان المبارک کو ختم قرآن کریم کے موقع پر ’’قرآن ،رمضان اورپاکستان‘‘کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس ملک کوسرمایہ پرستوں، جاگیرداروں، وڈیروں اور اسٹیبلشمنٹ سمیت رولنگ کلاس نے جی بھر کرلوٹا اوربیرون ممالک سے آنے والی امداد اورملک کے اندر سے جنریٹ ہونے والے فنڈزکوشیرمادر سمجھ کرپی گئے ۔سیدمحمدکفیل بخاری نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قرآن اور تعلیمات نبوی اپنانے سے ہی ہماری نجات ہوسکتی ہے اوردنیاوآخرت میں کامیابیاں مل سکتی ہیں۔عبداللطیف خالد چیمہ نے مرکزی مسجد عثمانیہ چیچہ وطنی میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قرآن ،رمضان المبارک میں نازل ہوا،اورپاکستان عطیہ خداوندی کے طورپر رمضان میں ملا،لیکن ہم نے قرآن کا نظام نافذ نہ کرکے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیااور اس میں سب سے زیادہ قصور حکمرانوں کاہے۔انہوں نے کہاکہ رولنگ کلاس نے ملک میں دوہرے معیار قائم کیے ،امیراورغریب کے لئے الگ الگ قانون بنائے اورقانون کے نفاذمیں لوئرکلاسزکونفرتوں کانشانہ بنایاگیا۔انہوں نے کہاکہ اسلام کاعادلانہ نظام نافذکئے بغیر نہ پاکستان میں امن قائم ہوسکتاہے اورنہ دنیاچین لے سکتی ہے۔اجتماعات کی قراردادوں میں مطالبہ کیاکہ قرارداد مقاصد اور 73ء کے آئین کی روشنی میں ملک میں اسلامی نظام نافذکیاجائے اور سودی نظام کا مکمل خاتمہ کیا جائے ،مرتدکی شرعی سزانافذکی جائے ،لاہوری وقادیانی مرزائیوں کوقانون کے دائرے میں لایاجائے اورقادیانیوں کی مکمل تعدادسے قوم کوآگاہ کیاجائے ۔اجتماعات میں یہ مطالبہ بھی کیاگیاکہ اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کوبروئے کار لایاجائے۔دریں اثناء مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے آئین کے تحت سود کے خاتمے کے ضمن میں آئین پرعمل درآمدنہ ہونے کی صورت حال کے حوالے سے وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس کے سخت ریمارکس کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ سودی قوانین اسلام اور آئین پاکستان سے متصادم ہیں، ان کو ختم کرنے کے لئے لیت ولعل سے کام لیناانتہائی قابل مذمت بلکہ شرمناک ہے ۔
رمضان میں قرآن وتقویٰ سے قربت وتعلق ضروری ہے
لاہور(13جون)مجلس احراراسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس نے کہا ہے کہ رمضان المبارک ایک مہمان مہینہ ہے جو ہم سے جدا ہورہا ہے ۔اس مبارک ماہ کی آخری ساعتوں میں امت مسلمہ یہ عہد کرلے کہ آپس میں اتفاق واتحاد اور اسلامی تعلیمات پر عمل کرکے وحدت کو فروغ دیں گے اور اس آخری عشرے میں اﷲ رب العزت جہنم سے آزادی کی خوشخبری سناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں خدمت خلق کے ذریعے قرب الہٰی حاصل کریں اور مخیر حضرات زیادہ سے زیادہ صدقہ وخیرات کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس ماہ مبارک میں تقویٰ اور قرآن سے تعلق نہایت ضروری ہے تاکہ رمضان کے بعد بھی احکامات الہٰی کے مطابق زندگی گزارسکیں۔ قرآن پاک میں ہمارے تمام مسائل کا حل ہے ،قرآن پاک اور اسوہ حسنہ پرعمل پیرا ہوکر دونوں جہانوں کی کامیابیاں حاصل کرسکتے ہیں ۔
مجلس احراراسلام کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس طلب کرلیاگیا
لاہور(21جون)مجلس احراراسلام پاکستان کے امیرمرکزیہ سید عطاء المہیمن بخاری نے احرارکی مرکزی مجلس عاملہ کاایک اہم اجلاس 30جون بروزہفتہ 8بجے صبح داربنی ہاشم ملتان میں طلب کرلیاہے ۔مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ کی جانب سے مرکزی مجلس عاملہ کے ارکان اورمندوبین کواَیجنڈااَرسال کردیاگیاہے ،جس کے مطابق اجلاس میں تحریک ختم نبوت کی تازہ ترین صورت حال، آئندہ ملکی الیکشن میں جماعتی پالیسی اورتنظیمی وجماعتی دائرہ کارکووسیع کرنے جیسے موضوعات زیرغور آئیں گے،جبکہ اگست میں مختلف مقامات پرامیرشریعت کانفرنسزاورستمبرمیں ختم نبوت کانفرنسزکاشیڈول جاری کرنے کے علاوہ شعبہ تبلیغ تحفظ ختم نبوت کے زیراہتمام دارالمبلغین کووسیع کرنے کی بابت بھی مشورہ ہوگا ۔
ہالینڈ:گستاخانہ خاکوں کی نمائش امن عالم کو تباہ کرنے کی کوشش ہے
لاہور(22جون)مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے ہالینڈکی پارلیمنٹ میں گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے اعلان کومسلمانوں کے دین وایمان کی توہین اوردنیاکے امن کوخراب کرنے کی کوشش قراردیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیاہے کہ وہ اس قسم کے مذموم اقدام کوروکے اوردنیا میں بدامنی پیداکرنے والے اقدامات کوخلاف قانون قراردیاجائے ۔لاہور سے چیچہ وطنی روانگی سے قبل اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پیغمبر امن ،محسن انسانیت ﷺ پر تنقید کرنا ،یاان کے توہین آمیز خاکے بنانا کون سی انسانیت کی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے پہل یہ کام قادیانیوں نے کیا تھا۔ اب بھی قادیانی کائنات میں جناب نبی اکرم ﷺ کے بدترین گستاخ ہیں اور وطن عزیز کے خلاف گھناؤنی سازشوں میں شریک ہیں۔علاوہ ازیں عبداللطیف خالد چیمہ نے گزشتہ روز دفترمرکزیہ احرارنیومسلم ٹاؤن لاہور میں اپنی جماعت کے مرکزی رہنمامیاں محمداویس اور قاری محمد قاسم بلوچ سے تنظیمی وجماعتی امور پرصلاح مشورے کئے اور 30جون کوجماعت کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس منعقدہ ملتان کے حوالے سے غوروخوض بھی کیا۔
قوم اپنی صفوں میں اتحادپیداکرکے دشمن کے عزائم ناکام بنادے
لاہور ( 18جون) مجلس احرار اسلام کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمداویس نے کہاکہ پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرنا پوری قوم کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہاکہ شر پسند قوتیں ملک میں غیر یقینی کی صورتحال پیداکرنے کیلئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہیں۔پاکستانی قوم دشمن کی چالوں کو سمجھے اور اپنی صفوں میں اتحادواتفاق پیدا کرکے ان کے عزائم کوناکام بنادے ۔دشمن ہمیں اکائیوں میں تقسیم کرکے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتاہے ۔پاکستان کی باشعور عوام طاغوت کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن جائیں۔انہوں نے کہاکہ آنے والے عام انتخابات میں ایسے افراد کو اپنانمائندہ منتخب کیاجائے جو نیک اور صالح ہواور عوام کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی رکھتا ہو اور وہ یہ عہدبھی کرے کہ جس طرح اﷲ کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے ہم نے روزے رکھے اورعبادات کیں۔ اسی طرح اﷲ کی رضاکی خاطر اختلافات بھی ختم کردیں گے ۔اور ایک امت ہونے کا عملی مظاہرہ کریں گے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے مرکزی دفتر مسلم ٹاؤن میں مختلف وفودسے ملاقات میں کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Time limit is exhausted. Please reload the CAPTCHA.